وزارت تعلیم میں وزیر مملکت ڈاکٹر سبھاش سرکار نے راجیہ سبھا میں بتایا کہ قومی تعلیمی پالیسی (این ای پی) 2020 کے تحت آل انڈیا کونسل فار ٹیکنیکل ایجوکیشن (اے آئی سی ٹی ای) نے مختلف ہندوستانی زبانوں میں انجینئرنگ کی کتابیں (بی ٹیک/ڈپلومہ) دستیاب کرانے کے مقصد سے ‘تکنیکی کتاب لکھنے اور اس کے ترجمہ کے لیے اسکیم’ شروع کی ہے۔
نئی دہلی: سال 2021-22 اور 2022-23 میں علاقائی زبانوں کے ذریعے بیچلر آف انجینئرنگ (بی ای ) اور بیچلر آف ٹکنالوجی (بی ٹیک) کورسز میں داخلہ لینے والے طلباء کی کل تعداد بالترتیب 245 اور 683 تھی۔ یہ جانکاری وزارت تعلیم میں وزیر مملکت ڈاکٹر سبھاش سرکار نے راجیہ سبھا میں دی۔
انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق، ایم پی ڈاکٹر امی یاگنک نے سوال اٹھایا تھا کہ علاقائی زبانوں کے ذریعے بی ای اور بی ٹیک کورسز میں داخلہ لینے والے طلبہ کی کل تعداد، ریاست اور زبان کے لحاظ سے کتنی ہے۔
وزیر نے جواب دیا کہ قومی تعلیمی پالیسی (این ای پی ) 2020کے تحت، آل انڈیا کونسل فار ٹیکنیکل ایجوکیشن (اے آئی سی ٹی ای) نے مختلف ہندوستانی زبانوں میں انجینئرنگ کی کتابیں (بی ٹیک/ڈپلومہ) دستیاب کرانے کے مقصد سے ‘تکنیکی کتاب لکھنے اور اس کے ترجمہ کی اسکیم’ شروع کی ہے۔ان میں ہندی اور تمل کے علاوہ تیلگو، اُردو، ملیالم، بنگالی، آسامی، مراٹھی، کنڑ، اڑیہ، گجراتی اور پنجابی جیسی 11 علاقائی زبانیں شامل ہیں۔
ترجمہ شدہ کتابیں ای کمبھ پورٹل پر دستیاب ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ مشترکہ داخلہ امتحان (جے ای ای) مینز بھی 13 علاقائی زبانوں میں منعقد کیا جا رہا ہے، جس سے طلباء کو علاقائی زبانوں میں تعلیم حاصل کرنے میں بھی سہولت ہوتی ہے۔