چوتھی بار کرناٹک کے وزیراعلیٰ بنے یدورپا

06:34 PM Jul 27, 2019 | دی وائر اسٹاف

کرناٹک کے بی جے پی صدر یدورپا نے کہا کہ وہ پارٹی کے قومی صدر امت شاہ سے صلاح مشورہ کرنے کے بعد کابینہ کے ممبروں پر فیصلہ کریں گے۔

فوٹو: پی ٹی آئی

نئی دہلی:  بی جے پی رہنما بی ایس یدورپا نے جمعہ کی شام کرناٹک کے وزیراعلیٰ کے طور پر حلف لیا۔وزیراعلیٰ کے طور پر یہ ان کی چوتھی مدت کار ہوگی۔ راج بھون میں گورنر وجوبھائی والا نے 76 سالہ یدورپا کو حلف دلایا۔ یدورپا نے ابھی اکیلے ہی حلف لیا ہے۔ یدورپانے جمعہ کی صبح 10 بجے گورنر وجوبھائی والا سے ملاقات کی تھی اور حکومت بنانے کا دعویٰ پیش کیا تھا۔اس کے بعد  گورنر نے ان کو حکومت بنانے کی دعوت دی ۔حلف لینے سے پہلے کرناٹک کے بی جے پی صدر یدورپا نے کہا کہ وہ پارٹی کے قومی صدر امت شاہ سے صلاح مشورہ کرنے کے بعد کابینہ کے ممبروں پر فیصلہ کریں گے۔

گورنر سے ملاقات کرکے یدورپا نے 105 ایم ایل اے کی حمایت والا خط سونپا اور بتایا کہ ان کو ایم ایل اے جماعت کا رہنما چنا گیا ہے۔اس سے پہلے اسمبلی کےاسپیکر کے آر رمیش نے تین ایم ایل اے کو نااہل قرار دیا، جن تین باغی ایم ایل اے کو نااہل قراردیا گیا ہے، ان میں سے ایک آزاد ایم ایل اے آر شنکر ہیں۔ اس کے ساتھ ہی کانگریس کے دو باغی ایم ایل اے رمیش جرکی ہولی اور مہیش کوماتلی کو بھی نااہل قرار دیا گیا ہے۔

اسمبلی کے اسپیکر نے کہا ہے کہ وہ استعفیٰ دینے والے باقی کے 14 ایم ایل اے کے خلاف ان کو نااہل قرار دینے کے لئے درج شکایتوں پر بھی غور کر رہے ہیں اور اس بارے میں جلد ہی فیصلہ کریں‌گے۔کمار نے کہا کہ دل بدل مخالف قانون کے تحت نااہل قرار دئے گئے ممبر نا تو انتخاب لڑ سکتے ہیں، نا ہی ایوان کی مدت کار  ختم ہونے تک اسمبلی کے لئے چنے جا سکتے ہیں۔

غور طلب ہے کہ کرناٹک میں کانگریس-جے ڈی ایس کی حکومت اسمبلی میں ٹرسٹ ووٹ حاصل کرنے میں ناکام رہی تھی  اور صرف چھے ووٹ سے حکومت گر گئی تھی۔ 23 جولائی کو اسمبلی میں ٹرسٹ ووٹ میں کمارسوامی کی حکومت اقلیت میں آ گئی تھی ۔کمارسوامی کے ذریعے پیش کیے گئے ٹرسٹ ووٹ کےحق میں 99 اور مخالفت میں 105 ووٹ پڑے تھے۔اس طرح کمار سوامی حکومت ٹرسٹ ووٹ ہار گئی تھی۔

(خبر رساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)