رام نگر میں ایک پروگرام کے دوران اتراکھنڈ کےوزیر اعلیٰ تیرتھ سنگھ راوت نے کہا کہ اگر لوگوں کو کووڈ 19کے دوران زیادہ راشن پانا تھا تو دو سے زیادہ بچہ پیدا کرتے۔ اسی پروگرام میں راوت نے کہا کہ ہندوستان 200 سال امریکہ کا غلام تھا اور اب کووڈ 19 نے اس کی طاقت کو بھی کم کر دیا۔
نئی دہلی: گزشتہ ہفتے کے ‘رپڈ جینس’ بیان کو لےکرتنازعہ ابھی تھما ہی تھا کہ اتراکھنڈ کے وزیر اعلیٰ تیرتھ سنگھ راوت نے اتوار کو ایک اور متنازعہ بیان دیتے ہوئے کہا کہ لوگوں کو کووڈ 19 کے دوران اگر زیادہ راشن پانا تھا تو انہیں دو کی جگہ زیادہ بچہ پیدا کرنے چاہیے تھا۔
نینی تال ضلع کے رام نگر میں ایک پروگرام کے دوران وزیر اعلیٰ راوت نے کہا کہ کووڈ 19 متاثرین کو فی یونٹ پانچ کیلوگرام راشن دیا گیا اور جس کے 20 بچہ تھے، اس کے پاس ایک کوئنٹل راشن آیا جبکہ جس کے دو بچہ تھے اس کے پاس 10 کیلوگرام آیا۔
انہوں نے کہا، ‘بھیا اس میں قصورکس کا ہے؟ اس نے 20 پیدا کیے تو اسے ایک کوئنٹل ملا، اب اس میں جلن کاہے کا۔ جب وقت تھا تب آپ نے دو ہی پیدا کیے 20 کیوں نہیں کیے؟’
ایسا پہلی بار نہیں ہے کہ راوت نے اس طرح کامتنازعہ بیان دیا ہو۔ پچھلے ہی منگل کو ایک پروگرام کے دوران وزیر اعلیٰ راوت نے کہا تھا کہ تہذیب کی کمی کی وجہ سےنوجوان عجیب و غریب فیشن کرنے لگے ہیں اور گھٹنوں پر پھٹی جینس پہن کر خود کو بڑے باپ کا بیٹا سمجھتے ہیں۔
انہوں نے کہا تھا کہ ایسے فیشن میں لڑکیاں بھی پیچھے نہیں ہیں۔ اس سلسلے میں انہوں نے ایک واقعہ کا ذکر کرتے ہوئے کہا تھا کہ ایک بار جب وہ ہوائی جہاز میں بیٹھے تو ان کے ساتھ ایک خاتون بیٹھی تھیں جو بوٹ پہنے ہوئی تھیں ایسے میں وہ بچوں کو کیاتربیت دےگی۔
ان کے اس بیان کو لےکر بھی کافی تنازعہ پیدا ہوا تھا اور سوشل میڈیا پر جم کر ان کو تنقید کا نشانہ بنایا گیاتھا۔
رام نگر کے پروگرام میں اتوار کو انہوں نے کہا، ‘جن لوگوں کے 10 بچہ تھے تو 50 کیلوگرام راشن آ گیا، جس کے 20 تھے تو ایک کوئنٹل آ گیا۔ دو تھے تو 10 کیلوگرام آ گیا۔ لوگوں نے اسٹور بنا لیے اورخریدار سامنے ڈھونڈ لیے۔’
انہوں نے کہا کہ اتنا بڑھیا چاول پہلے کبھی نہیں کھایا تھا اور لوگوں کو جلن ہونے لگی کہ دو ہیں تو 10 کیلوگرام ملا اور 20 والے کو ایک کوئنٹل ملا۔انہوں نے کہا، ‘بھیا اس میں قصورکس کا ہے؟ اس نے 20 پیدا کیے تو اسے ایک کوئنٹل ملا، اب اس میں جلن کاہے کا۔ جب وقت تھا تب آپ نے دو ہی پیدا کیے، 20 کیوں نہیں کیے؟’
اسی پروگرام میں وزیر اعلیٰ راوت نے ہندوستان کو برٹن کی جگہ امریکہ کا غلام بتا دیا اور کہا کہ کووڈ 19 نے اس کی طاقت کو بھی کم کر دیا۔انہوں نے کہا، ‘جہاں ہم 200 سال تک امریکہ کے غلام تھے، پورے ملک کے اندر اس کا راج تھا۔ یہ کہتے تھے کہ اس کے راج میں کبھی سورج چھپتا نہیں تھا، لیکن آج کے وقت میں وہ بھی ڈول گیا بول گیا۔’
وہیں دوسری طرف انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت کی وجہ سے130- 135 کروڑ کی آبادی والا ملک ہندوستان آج بھی دیگر ممالک کے مقابلے راحت محسوس کر رہا ہے۔
اسی بیچ، کانگریس کے جنرل سکریٹری مکل واسنک نے راوت کے امریکہ سے متعلق بیان کو لےکر ان پر طنزکرتے ہوئے کہ غیرمعمولی وبا کے بیچ لوگوں کو ہنسانے کی آپ کی صلاحیت کا قائل ہوں، بھلے ہی یہ آپ کی خود کی قیمت پر کیوں نہ ہو۔