تیلگو سنیما کے سرکردہ ایکٹر اور سپر اسٹار کرشنا نہیں رہے

سپر اسٹار کرشنا نے پانچ دہائیوں پر محیط اپنے کیریئر میں 350 سے زیادہ فلموں میں کام کیاتھا۔ 1974 میں انہوں نے تیلگو زبان کی پہلی سنیما اسکوپ فلم 'الوری سیتارام راجو' میں مرکزی رول ادا کیا تھا۔ انہوں نے تیلگو میں پہلی 70 ایم ایم فلم 'سمہاسنم' بھی پروڈیوس اور ڈائریکٹ کی تھی۔ انہیں 2009 میں پدم بھوشن سے سرفراز کیا گیا تھا۔

سپر اسٹار کرشنا نے پانچ دہائیوں پر محیط اپنے کیریئر میں 350 سے زیادہ فلموں میں کام کیاتھا۔ 1974 میں انہوں نے تیلگو زبان کی پہلی سنیما اسکوپ فلم ‘الوری سیتارام راجو’ میں مرکزی رول  ادا کیا تھا۔ انہوں نے تیلگو میں پہلی 70 ایم ایم  فلم ‘سمہاسنم’ بھی پروڈیوس اور ڈائریکٹ کی تھی۔ انہیں 2009 میں پدم بھوشن سے سرفراز کیا گیا تھا۔

سپر اسٹار کرشنا۔ (فوٹو بہ شکریہ: ٹوئٹر)

سپر اسٹار کرشنا۔ (فوٹو بہ شکریہ: ٹوئٹر)

نئی دہلی: تیلگو سنیما کے سرکردہ ایکٹر کرشنا کا منگل کی صبح حیدرآباد کے ایک نجی اسپتال میں انتقال ہوگیا۔وہ  80 سال  کے تھے۔

کرشنا تیلگو سنیما کے سپر اسٹار مہیش بابو کے والد ہیں۔ سوموار کی صبح دل کا دورہ پڑنے کے بعد انہیں حیدرآباد کے کانٹی نینٹل اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا، جہاں ڈاکٹروں نے انہیں کچھ دیر کے لیے وینٹی لیٹر پر بھی رکھا تھا۔

ہسپتال ذرائع نے بتایا کہ ماہرین کی ایک ٹیم کرشنا کا علاج کر رہی تھی۔ اداکار نے منگل کی صبح 4 بجے آخری سانس لی۔

کرشنا کا پورا نام گھٹامنینی شیورام کرشنامورتی تھا۔ انہوں نے 1960 کی دہائی کے اوائل میں فلمی دنیا میں قدم رکھاتھا۔ وہ اپنے دور کے سب سے زیادہ معاوضہ پانے والے اداکاروں میں سے ایک تھے۔

دی ہندو کی رپورٹ کے مطابق، کرشنا کا انتقال 28 ستمبر 2022 کو ان کی  اپنی پہلی بیوی اندرا دیوی کی موت کے چند ہفتے بعد ہی ہوا ہے۔ ان کی دوسری بیوی وجئے نرملا کا 2019 میں انتقال ہو گیا تھا اور ان کےسب سے بڑے بیٹے رمیش بابو کا بھی انتقال ہو چکا ہے۔ ان کی تین بیٹیاں پدماوتی، منجولا اور پریہ درشنی ہیں۔

نامور اداکار 31 مئی 1943 کو سابقہ مدراس پریذیڈنسی اور موجودہ آندھرا پردیش کے گنٹور ضلع کے باری پلیم میں پیدا ہوئے۔ پانچ دہائیوں پر محیط کیریئر میں انہوں نے مختلف اسلوب اور اسٹائل  کی 350 سے زائد فلموں میں اداکاری کی۔

‘ڈیرنگ اور ڈیشنگ ہیرو’ کے نام سے جانے جانے والے کرشنا اپنی فلموں میں ابھرتی ہوئی ٹکنالوجی کو استعمال کرنے اور اپنانے میں پیش پیش تھے۔

تیلگو زبان میں پہلی سنیما اسکوپ فلم ‘الوری سیتارام راجو’ تھی۔ اس فلم میں انہوں نے انقلابی الوری سیتارام راجو کا کردار ادا کیاتھا،  جس کے لیے انہیں اعزاز سے بھی نوازا گیا۔ انہوں نے تیلگو میں پہلی 70 ایم ایم  فلم ‘سمہاسنم’ بھی پروڈیوس اور ڈائریکٹ کی تھی۔

رپورٹ کے مطابق، سپر اسٹار کرشنا نے کاؤ بوائے کی صنف کو تیلگو سنیما میں  متعارف کرایا جن میں ‘موساگلاکو موساگاڈو’ سب سے زیادہ یاد کیا جاتا ہے۔

اس کے علاوہ وہ کئی جاسوسی ایکشن تھرلر فلموں  جیسے ‘گڈاچاری 116’، ‘ایجنٹ گوپی’ اور ‘جیمز بانڈ 777’ میں بھی نظر آئے تھے۔ ان کے پرستار اب بھی انہیں تیلگو فلموں کے جیمز بانڈ کے نام سے پکارتے ہیں۔

کرشنا کی فلموں میں بطور ہیرو انٹری 1965 میں ‘تھینے منشولو’ سے ہوئی تھی۔ کرشنا کو جتنا ایکشن فلموں میں ان کے اسٹائلش اوتاروں کے لیے یاد کیا جاتا ہے، اتنا ہی انہیں ‘پندنتی کپورم’ اور ‘مینا’ جیسی فیملی ڈرامہ فلموں میں ان کے کرداروں کے لیے بھی سراہا جاتا ہے۔

وہ ملٹی اسٹارر پروجیکٹس کا بھی حصہ تھے۔ انہوں نے اس وقت کے مشہور سپر اسٹارز جیسے اکینی نی ناگیشور راؤ اور این ٹی راما راؤ کے ساتھ اسکرین اسپیس شیئر کیا تھا۔ وہ ان کے ساتھ ‘اکا چیلالو’ اور ‘دیودو چیسینا منشولو’ جیسی فلموں میں نظر آئے تھے۔

اس کے علاوہ کرشنا نے اس دور کی معروف اداکارہ وجے نرملا اور جیا پردا کے ساتھ 40 سے زائد فلموں میں کام کیا تھا۔

کرشنا نے 1971 میں پدمالیہ اسٹوڈیو کی بنیاد رکھی اور تیلگو اور ہندی دونوں زبانوں میں فلمیں بنائیں  اورڈسٹری بیوٹ کیں۔ انہیں سال 2009 میں پدم بھوشن سے نوازا گیا تھا۔

اداکار جتیندر نے ہندی میں ان کی  زیادہ تر تیلگو فلموں کے ری میک میں کام کیا، جس میں  سپر ہٹ ‘ہمت والا’ بھی شامل ہے، جس نے ی سری دیوی کو ہندی ناظرین سے متعارف کرایا تھا۔

اس اداکار نے سیاست میں بھی مقدر آزمایا اور 1989 میں کانگریس کے ٹکٹ پر ایلورو حلقہ سے ممبر پارلیامنٹ منتخب ہوئے۔ راجیو گاندھی سے متاثر ہو کر اور ان کی دعوت پر وہ پارٹی میں شامل ہوئے۔ بعد میں انہوں نے سیاست سے کنارہ کشی اختیار کر لی اور خود کو فلموں تک محدود کر لیا۔

انہوں نے اعتراف کیا تھا کہ وہ اپنی سیاسی اننگ کی وجہ سے راجیو گاندھی سے وابستگی رکھتے تھے، حالانکہ وہ اس کے لیے کبھی تیار نہیں تھے۔

ان کے انتقال پر فلمی شخصیات، سیاسی شخصیات اور ملک بھر سے لاکھوں مداحوں نے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

وزیر اعظم نریندر مودی نے ٹوئٹ کیا اور کہا، ‘کرشنا سر ایک عظیم سپر اسٹار تھے، جنہوں نے اپنی ورسٹائل اداکاری اور جاندار شخصیت سے لوگوں کے دل جیت لیے۔ ان کی موت سینما اور تفریحی دنیا کے لیے ایک ناقابل تلافی نقصان ہے۔ دکھ کی اس گھڑی میں میرے خیالات مہیش بابو اور ان کے پورے خاندان کے ساتھ ہیں۔ اوم شانتی۔’

کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے ٹوئٹ کیا، تیلگو سنیما کے سپر اسٹار کرشنا جی کے انتقال کی خبر سے بہت دکھ ہوا ہے۔ ان کے بے مثال پیشہ ورانہ نظم و ضبط اور کام کرنے کے انداز نے عوامی زندگی میں طرز عمل پر ایک مثال قائم کی ہے۔ ان کے خاندان، دوستوں اور مداحوں سے میری دلی تعزیت۔

سپر اسٹار رجنی کانت نے کہا، کرشنا سر کا انتقال تیلگو فلم انڈسٹری کے لیے بہت بڑا نقصان ہے۔ ان کے ساتھ تین فلموں میں کام کرنا ایک ایسی یاد ہے جسے میں ہمیشہ یاد رکھوں گا۔ ان کے اہل خانہ سے میری دلی تعزیت۔ خدا ان کی روح کو سکون عطا کرے۔

سپر اسٹار کمل ہاسن نے کہا، ‘تیلگو سنیما کے آئی کان کرشنا سر اب نہیں رہے۔ ان کی موت سے ایک عہد کا خاتمہ ہو گیا۔ میں مہیش بابو کے غم میں شریک ہونا چاہتا ہوں جنہیں اپنی ماں، بھائی اور اب اپنے والد کو کھونے کا یہ تیسرا جذباتی صدمہ برداشت کرنا پڑا۔ میری گہری تعزیت پیارے مہیش۔

ملیالم سنیما کے سپر اسٹار مموٹی نے کہا، ‘کرشنا سرکی موت پر سوگ منانے والوں کے لیے دلی تعزیت۔ مہیش بابو، حوصلہ رکھو۔ ان کی روح کو سکون ملے۔’

پشپا فیم تیلگو فلموں کے اداکار اللو ارجن نے ٹوئٹ کیا، ‘کرشنا سر کے انتقال سے دل ٹوٹ گیا۔ تیلگو سنیما انڈسٹری میں ان کی خدمات کو الفاظ میں بیان نہیں کیا جا سکتا۔ ہر لحاظ سے ایک حقیقی سپر اسٹار۔ ان کے اہل خانہ، خیر خواہوں اور مداحوں سے میری گہری تعزیت۔ ان  کی خوبصورت روح کو سکون ملے۔

(خبررساں  ایجنسی بھاشاکے ان پٹ کے ساتھ)