یہ معاملہ اتر پردیش کے چندولی ضلع کا ہے۔ سیدراجا سے بی جے پی ایم ایل اے سشیل سنگھ نے وہاں کے نیشنل انٹر کالج کے طلبا کو بی جے پی کا اسکارف پہناکر حلف دلائی۔ بی جے پی ایم ایل اے سشیل سنگھ مافیا ڈان برجیش سنگھ کے بھتیجے ہیں۔
نئی دہلی: اتر پردیش کے سیدراجا سے بی جے پی ایم ایل اے سشیل سنگھ نے اسکول کے طالب علموں کو بی جے پی کی رکنیت دلائی۔
این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق، سنگھ نے نیشنل انٹر کالج پہنچکر پڑھائی کر رہے طالب علموں کو اکٹھا کیا اور بی جے پی کی رکنیت دلا دی۔ انہوں نے گھنٹے بھر تک طلباکو سیاست سے متعلق باتیں بھی کیں۔
ایم ایل اے سشیل سنگھ نے طلبا کو بی جے پی کااسکارف پہنایا۔ انہوں نے بچوں سے پارٹی کی پالیسیوں پر چلنے کو بھی کہا۔ سوشل میڈیا پر اس کا ایک ویڈیو وائرل ہو رہا ہے۔
غور طلب ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے رکنیت مہم کی شروعات کی تھی۔ اسی سلسلے میں چندولی کے سیدراجا سے بی جے پی ایم ایل اے نے انٹر کالج پہنچ کر بچوں کو رکنیت دلوا ئی۔ یہ رکنیت 10ویں اور 12ویں کے طالب علموں کو دلوائی گئی ہے۔واضح ہو کہ بی جے پی ایم ایل اے سشیل سنگھ مافیا ڈان برجیش سنگھ کے بھتیجے ہیں۔
جس وقت ایم ایل اے سشیل سنگھ انٹر کالج پہنچے، اس وقت طلبا پڑھائی کر رہے تھے۔ سشیل سنگھ اسکول کے ایک خالی کمرے میں گئے، جہاں انہوں نے تمام طالب علموں کو بلایا اور ان کو بی جے پی کی رکنیت دلائی۔اس معاملے میں ضلع انتظامیہ کے حرکت میں آنے کے بعد تفتیش کی بات کہی جا رہی ہے۔
دینک جاگرن کی رپورٹ کے مطابق، اس معاملے پر ایم ایل اے سشیل سنگھ نے کہا کہ کسی بھی اصول کی خلاف ورزی نہیں کی گئی ہے۔ طلباکی چھٹی ہو چکی تھی۔انہوں نے کہا، ‘ میں 12.30 بجے اسکول پہنچا اور طلبا خودہی جمع ہو گئے تھے ، وہ بی جے پی سے جڑنا چاہتے تھے۔ ان سے سوال بھی کیا کہ وہ کیوں بی جے پی سے جڑنا چاہتے ہیں تو اس پر طلبا نے کہا کہ ملک کی خدمت کے لئے۔ ‘
وہیں، کالج کے پرنسپل انل سنگھ سے اسکول میں اس پروگرام کے بارے میں پوچھنے پر انہوں نے کہا کہ ‘ایم ایل اے آئے اور انہوں نے طلبا کو اسکارف اڑھا دیا۔ وہ کیا کر سکتے تھے۔’