اتر پردیش کے سدھارتھ نگر ضلع کا معاملہ ہے۔ نوجوان کی شکایت کے بعد سب انسپکٹر ویریندر مشر اور ہیڈ کانسٹبل مہیندر پرساد کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔
نئی دہلی : اتر پردیش کے سدھارتھ نگر ضلع میں سکرپور تھانہ حلقے کے ایک گاؤں میں دو پولیس اہلکاروں کے ذریعے ایک 25 سالہ نوجوان کی بےرحمی سے پٹائی کا ویڈیو سامنے آیا ہے۔اطلاع کے مطابق، نوجوان پولیس اہلکاروں کو اپنی گاڑی کے کاغذ دکھانے میں ناکامیاب رہا تھا۔نوجوان کی پٹائی اس کے پانچ سالہ بھتیجے کے سامنے کی گئی تھی۔
ویڈیو میں نظر آ رہا ہے کہ نوجوان سڑک پر بیٹھا ہے اور دونوں پولیس اہلکار اس کو لات اورگھوسوں سے پیٹ رہے ہیں۔ ان میں سے ایک پولیس اہلکار سڑک پر بیٹھے نوجوان کے کندھے پر بیٹھ کر اپنے دونوں پیر سے اس کے پیروں کو دبا رہا ہے۔
#WATCH: Man thrashed by two police personnel in Siddharthnagar over alleged traffic violation. UP Police have taken cognisance of the incident and suspended the two police personnel. (Viral video) pic.twitter.com/0dWvnSV0lL
— ANI UP (@ANINewsUP) September 13, 2019
پھر دوسرا پولیس اہلکارنوجوان کا ایک پیر پکڑکر اسے سڑک پر گھسیٹتے ہوئے نظر آ رہا ہے۔ اس کے بالوں کو پکڑکر کھینچا جا رہا ہے۔ایس پی دھرم ویر سنگھ نے جمعہ کو بتایا کہ معاملے کا ویڈیو وائرل ہونے کے بعد پولیس سب انسپکٹر ویریندر مشر اور ہیڈ کانسٹبل مہیندر پرساد کو جمعرات کو برخاست کر دیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ نوجان کی تحریری شکایت پر دونوں پولیس اہلکاروں کے خلاف ایف آئی آر لکھ لی گئی ہے۔
ویڈیو میں صاف نظر آ رہا ہے کہ نوجوان رنکو پانڈیے اس وقت پولیس اہلکاروں کو گاڑی کے کاغذات نہیں دکھا سکا تھا۔ انہوں نے رنکو کی بری طرح سے پٹائی کی۔ ویڈیو میں پانڈیے پولیس اہلکاروں کے سامنے گڑ گڑاتا نظر آ رہے ہیں کہ انہوں نے کیا غلطی کر دی ہے۔
(خبررساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)