ان لوگوں کو مبینہ طور پر کو رونا وائرس پھیلانے کے الزام میں سہارنپور میں چھ الگ الگ جگہوں سے گرفتار کیا گیا تھا۔
نئی دہلی: اتر پردیش پولیس نے گزشتہ سنیچرکو تبلیغی جماعت کے 83 لوگوں کے خلاف چارج شیٹ دائر کی۔ اس میں سے 57 لوگ غیرملکی شہری ہیں۔ان لوگوں کو مبینہ طورپر کو رونا وائرس پھیلانے کے الزام میں سہارنپور میں چھ الگ الگ جگہوں سے گرفتار کیا گیا تھا۔ ان پر یہ بھی الزام ہے کہ انہوں نے مارچ مہینے میں دہلی میں جماعت کے اجتماع میں شامل ہونے کی جانکاری ضلع انتظامیہ کو نہیں دی تھی۔
ریاست کے مختلف اضلاع میں تقریباً300 معاملے دائر کرکے 2500 سے زیادہ تبلیغی جماعت کے لوگوں کے خلاف کیس درج کیا گیا تھا، اس میں سے 308 لوگ غیرملکی شہری تھے۔ پولیس نے انہیں حراست میں لےکر 14 دن کے لیے کورنٹائن کر دیا تھا۔انڈین ایکسپریس کے مطابق ایک افسر نے بتایا کہ اب تک 200 سے زیادہ معاملوں میں چارج شیٹ دائر کی گئی ہے۔
حراست میں لیے گئے تبلیغی جماعت کے لوگوں میں سے 300 لوگ اس وقت یوپی کی مختلف جیلوں میں بند ہیں، جن میں 279 غیرملکی شہری شامل ہیں۔ ایک افسر نے بتایا کہ دوسرا شخص ضمانت پر باہر ہیں۔سہارنپور کے ایس ایس پی دینیش کمار پی نے تصدیق کرتے ہوئے کہا، ‘پولیس نے کل 83 جماعت کے ممبروں کے خلاف چارج شیٹ دائر کیا، جس میں 57 غیرملکی شہری شامل ہیں۔ وہ سہارنپور میں درج چھ معاملوں میں ملزمین تھے۔’ غیرملکی شہری انڈونیشیا، ملیشیا، تھائی لینڈ، سوڈان اور فرانس سمیت دوسرے ممالک کے ہیں۔
سہارنپور پولیس کے مطابق تین معاملے منڈی پولیس اسٹیشن میں درج کئے گئے تھے، ایک ایک ایف آئی آر کوتوالی دیہات، کتب شیر اور دیوبند پولیس نے درج کی تھی۔مقامی لوگوں پر مبینہ طور پر غیرملکی شہریوں کے ٹھہرنے کا انتظام کرنے کا بھی الزام ہے، جن پر ٹورسٹ ویزا پر ہندوستان دورے کے دوران ایک اجتماع میں شریک ہونے کا الزام ہے۔