یوپی ایس آئی آر: مسلم خاندانوں کے پتے پر ہندو و رائے دہندگان کے نام، انتظامیہ نے جانچ شروع کی

10:20 AM Jan 17, 2026 | دی وائر اسٹاف

اتر پردیش میں ایس آئی آر کے تحت جاری کی گئی نئی ڈرافٹ ووٹر لسٹ میں کئی گڑبڑیاں دیکھنے کو مل رہی ہیں۔ بلند شہر کے شکارپور تحصیل کے پٹھان ٹولہ کے لوگوں کا دعویٰ ہے کہ ان کے پتے پر ایسے ووٹروں کے نام جوڑے جا رہے ہیں، جنہیں وہ جانتے تک نہیں۔ یہاں چھ سے زیادہ مسلم خاندانوں کے پتے پر 56 ہندو ووٹروں کو رجسٹرڈ دکھایا گیا ہے۔

علامتی تصویر: پی ٹی آئی

نئی دہلی: اترپردیش میں اسپیشل انٹینسیو ریویژن (ایس آئی آر)کے تحت جاری مسودہ ووٹر لسٹ میں کئی گڑبڑیاں سامنے آئی ہیں۔ بلند شہر میں مبینہ بے ضابطگیوں کے بعد ضلع انتظامیہ نے جمعرات (15 جنوری) کو جانچ شروع کی ہے۔

ٹائمز آف انڈیا کی ایک رپورٹ کے مطابق، یہ معاملہ اس وقت سامنے آیا جب شکارپور تحصیل کے پہاڑی قصبے کے پٹھان ٹولہ علاقے کے متعدد رہائشیوں نے دعویٰ کیا کہ ‘ ان کے پتے پر ایسے ووٹروں کے نام شامل کیے جا رہے ہیں جنہیں وہ جانتے تک نہیں ۔’

اس سلسلے میں مقامی رہائشی صغیر خان نے انتظامیہ کو تحریری شکایت جمع کرائی ہے، جس میں انہوں نے دعویٰ کیا ہے کہ گزشتہ ماہ ایس آئی آر کا عمل شروع ہونے سے قبل ووٹر لسٹ درست تھی، تاہم ووٹر لسٹ کا مسودہ شائع ہونے کے بعد خامیوں دیکھنے کو مل رہی  ہیں۔

صغیر خان نے کہا کہ چھ سے زائد مسلم خاندانوں کے پتے پر  56 ہندو ووٹروں کو رجسٹرڈ دکھایا گیا ہے۔

انہوں نے کہا،’اس علاقے  میں کم از کم آٹھ گھروں میں رجسٹرڈ ووٹروں کی تعداد میں اچانک اضافہ دیکھا گیا ہے۔ میرے اپنے گھر، جس کامکان نمبر 125 میں، کم از کم سات نئے نام شامل کیے گئے ہیں، سب ہندو ہیں۔ ہمارے علاقے کے آٹھ دیگر گھروں میں بھی رجسٹرڈ ووٹروں کی تعداد میں اسی طرح اضافہ دیکھا گیا ہے۔ ہمارے علاقے سے تقریباً 56 ووٹر کو فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔’

اس معاملہ کے سامنے آنے کے بعد شکارپور کے ایس ڈی ایم ارون کمار نے کہا کہ ڈرافٹ لسٹ میں تضادات پائے گئے ہیں۔ 307 معاملوں میں فارم 8 کے ذریعے تصحیح کی جا رہی ہے اور تمام حقیقی شکایات کو تصدیق کے بعد حل کیا جائے گا۔

ارون کمار نے کہا،’تفتیش جاری ہے۔ اس فعل کے ذمہ دار اہلکاروں کے خلاف کارروائی شروع کی جا سکتی ہے۔’

انہوں نے مزید کہا کہ یہ معاملہ ‘ڈرافٹ ووٹر لسٹ میں غلطیوں سے متعلق ہے، اس سے زیادہ کچھ نہیں۔’

الیکشن کمیشن کے مطابق، فارم 8 ووٹر لسٹ میں درج تفصیلات کی درستگی کے لیے ایک درخواست ہے۔

غور طلب ہے کہ اس سے قبل اتر پردیش کے گورکھپور ضلع میں ایس آئی آر کے تحت جاری  ووٹر لسٹ کے مسودے کے اعداد و شمار میں تضادات پائے گئے تھے۔ شہر کے وارڈ نمبر 16 میں ایک ہی ہاؤس نمبر کے تحت 233 ووٹرز رجسٹرڈ پائے گئے۔ ان میں ہندو، مسلمان اور سکھ سمیت مختلف برادریوں کے لوگ اور مختلف خاندانوں کے لوگ شامل تھے۔

این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق، گورکھپور کے دگوجئے نگر علاقے میں بوتھ نمبر 260 کے مکان نمبر 617 پر ووٹر لسٹ میں 378 سے لے کر 610 نمبر تک کل 233 نام درج ہیں۔ ان میں جاوید، رزاق، سدرشن سنگھ، گریما سنگھ، محفوظ،ہاشمی اور شاہنوا زجیسے کئی نام شامل ہیں۔

مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ یہ واضح طور پر تکنیکی یا ڈیٹا انٹری کی غلطی ہے، کیونکہ ایک ہی گھر میں اتنے سارے  لوگ نہیں رہ سکتے۔