یوپی: ترقیاتی کاموں کے وعدوں پر یوگی حکومت کے وزیر سے سوال پوچھنے کے بعد صحافی گرفتار

03:10 PM Mar 15, 2023 | دی وائر اسٹاف

واقعہ سنبھل کے بدھ نگر کھنڈوا گاؤں کا ہے، جہاں 11 مارچ کو ثانوی تعلیم کی وزیر مملکت (آزادانہ چارج) گلاب دیوی ایک تقریب میں شرکت کے لیے پہنچی تھیں۔ یہاں ایک مقامی صحافی سنجے رانا نے ان سے گاؤں میں ہونے والے ترقیاتی کاموں کے بارے میں سوال کیا۔ اس کے بعد بی جے وائی ایم لیڈر کی شکایت پر رانا کو گرفتار کیا گیا ہے۔

صحافی سنجے رانا وزیر گلاب دیوی سے سوال پوچھتے ہوئے۔ (اسکرین گریب بہ شکریہ: ٹوئٹر)

نئی دہلی: اتر پردیش کے سنبھل سے تعلق رکھنے والے صحافی سنجے رانا کو ایک تقریب کے دوران ریاستی وزیر (آزادانہ چارج) گلاب دیوی سے مبینہ طور پر سوال پوچھنے کے بعد گرفتار کر لیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق، بھارتیہ جنتا یوا مورچہ (بی جے وائی ایم) کے ضلع جنرل سکریٹری شبھم راگھو کی شکایت پر ان کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔

گزشتہ 11 مارچ کو وزیر گلاب دیوی سنبھل کے بدھ نگر کھنڈوا گاؤں میں ایک چیک ڈیم کا سنگ بنیاد رکھنے کے پروگرام میں پہنچی تھیں۔ اس کاایک ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کیا گیا ہے، جس میں رانا وزیر سے سوال کرتے ہیں، ‘(انتخابات سے پہلے) آپ نے کہا تھا کہ… یہ (بدھ نگر کھنڈوا، جہاں یہ تقریب ہو رہی تھی) میرا اپنا گاؤں ہے۔ آپ نے مندر پر کھڑے ہو کر حلف لیا تھا کہ یہ گاؤں میرا ہے، میں اس گاؤں کی ہوں۔ آپ نے جو اس گاؤں کےبڑے  بزرگ ہیں ، ان سے یہ بھی کہا تھا کہ جو کام ہوگا، مجھے بتائیں، میں کروا دوں گی۔ آپ نے کہا کہ اگر میں اس بار جیت گئی تو میں دوبارہ اس گاؤں میں آؤں گی، اس کے بعد بھی آپ دوبارہ اس گاؤں میں نہیں آئی تھیں۔

رانا مزید کہتے ہیں، ‘بدھ نگر میں ایک بھی بارات گھر نہیں ہے اور نہ ہی یہاں کوئی سرکاری ٹوائلٹ کا انتظام ہے۔ اور آپ نے کہا تھا کہ مندر سے لے کر (ہاتھ کے اشارے سے بتاتے ہوئے) اس والی روڈ کو پکا کرواؤگی، کھڈنجہ والی سڑک پکی کروا دوں گی، ابھی تک یہاں سڑک اتنی کچی ہے کہ موتر سائیکل سے لے کرپیدل چلنے والے بھی پریشان ہو جاتے ہیں …آپ نے تو یہ بھی کہا تھا کہ میں دیوی ماں  کے مندر کی باؤنڈری بھی بنوا دوں گی، آپ نے آج تک اس کی شنوائی نہیں کی ۔ گاؤں والوں نے بھی بہت دباؤ بھی دیا تھا، وہ آپ کے دفتر بھی گئے تھے، وہاں بھی ان کی شنوائی نہیں ہوئی۔ آپ بتائیے اس بارے میں کیا کہیں گی؟

رانا مائیک لے کر وزیر گلاب دیوی کے پاس جاتے ہیں، اسی دوران پیچھے سے ایک خاتون کہتی ہیں، ‘آپ اپنی تشہیر کر رہے ہیں یا مسئلہ رکھ رہے ہیں؟’ رانا جواب دیتے ہیں  کہ انہوں  نے  ہی مسئلہ بتانے کو کہا تھا۔ وزیربیچ میں ٹوکتے ہوئے کہتی ہیں کہ ، ‘مجھ سے پوچھو کہ وہاں کب تک کام کروواؤگی ۔’

کیمرے پر نظر نہ آنے والی خاتون سے بات کرتے ہوئے رانا مزید کہتے ہیں کہ عوام کی آواز آپ تک نہیں پہنچے گی  تو آپ کیا کریں گے، آپ کہتے ہیں کہ کام ہوا، جب کام نہیں ہوگا تو کیا کریں گے۔ اس پر وہ خاتون عوام سے پوچھتی ہیں کہ کون کون  اس سے متفق ہے۔ رانا بھیڑ  کے سامنے اپنے سوال دہراتے ہیں،بھیڑ ان کی بات کی تائید کرتی ہے۔

اس پر وزیر گلاب دیوی ٹوکتے ہوئے کہتی ہیں، تیری نگاہیں میں بہت دیر سے پہچان رہی  تھی۔ جب تو وہاں کھڑا تھا تب بھی میں تیری نگاہیں پہچان رہی  تھیں۔ یہ ساری  باتیں تیری ٹھیک  ہیں جوتونے کہی ہیں۔ ابھی وقت نہیں نکلا ہے۔

یہ علاقہ چندوسی اسمبلی کے تحت آتا ہے، جہاں سے گلاب دیوی ایم ایل اے ہیں۔ سنجے رانا کے سوال کا یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہا ہے۔

دی کوئنٹ کے مطابق، واقعے کے بعد بی جے وائی ایم کے ایک مقامی رہنما نے سنجے رانا کے خلاف گالی گلوچ اور مار پیٹ کی شکایت درج کروائی، جس کے لیے پولیس نے رانا کے خلاف آئی پی سی کی دفعہ 323 (ارادے کے ساتھ چوٹ پہنچانا)، 504 (امن  و امان کو خراب کرنے کے ارادے سے توہین کرنا)، اور 506 (مجرمانہ دھمکی) کے تحت مقدمہ درج کرنے کے بعد انہیں گرفتار کر لیا ہے۔

سامنے آئے  ایک ویڈیو میں گرفتاری کے بعد بھی سنجے اپنے سوالات جاری رکھے ہوئے ہیں۔ ایک کمپاؤنڈ میں کھڑے سنجے ویڈیو میں کہتے نظر آرہے ہیں، ‘میں نے وزیر سے سوال  وجواب کیا تھا۔ انہوں نے کہا تھا کہ گاؤں کی ترقی کے لیے 75 لاکھ دیے جا رہے ہیں، 10 لاکھ کا بھی کوئی حساب نہیں ہے۔ اسی بات پر سوال کیا ، پھر مجھے یہاں لایا گیا۔

ایک شخص پوچھتا ہے کہ ہتھکڑی لگاکرکیوں لائے ہیں تو سنجے جواب دیتے ہیں، ‘وزیر نے کہا کہ اس لڑکے نے مجھ سے کیوں سوال  وجواب کیے ہیں۔’ شبھم راگھو کی اسٹیج پر چڑھ کرمارپیٹ  کرنے کی شکایت کے بارے میں پوچھا گیا تو وہ کہتے ہیں کہ انہوں نے ایسا کچھ نہیں کیا۔ وہ سکریٹری (وزیر سے بات کرنے) سے اجازت لے کر ہی وہاں گئے تھے۔

گالی گلوچ کے الزام پر ان کا کہنا ہے کہ اس واقعے کا ویڈیو ان کے پاس ہے۔ اور اگر کسی کے پاس ان کی گالی گلوچ کا ویڈیو ہے تو دکھا دے۔

ایف آئی آر درج ہونے  کے حوالے سے ان کا مزید کہنا ہے کہ ‘میں نے کوئی غلط حرکت  نہیں کی… جب کوئی غلط خبر دے رہا ہے کہ ہم نے اتنی ترقی کر دی، لیکن آپ نے کچھ نہیں کیا، تو آپ اعتراض کریں گے نا!’

رانا کی گرفتاری پر اپوزیشن سماج وادی پارٹی نے یوگی آدتیہ ناتھ حکومت کو نشانہ بنایا ہے۔

پارٹی کی جانب سے ایک ٹوئٹ میں واقعے کا ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کہا گیا کہ سنبھل میں گراؤنڈ رپورٹر سنجے رانا نے بی جے پی حکومت میں وزیر گلاب دیوی سے ترقی کے معاملے پر سوال پوچھا تو وزیر نے صحافی  جیل میں ڈلوا دیا۔

بی جے پی حکومت میں یہ غیر اعلانیہ ایمرجنسی اور آمریت نہیں تو اور کیا ہے؟ بی جے پی صرف خوشامدی صحافت چاہتی ہے، سوال پوچھنا منع ہے؟

عام آدمی پارٹی-اترپردیش نے بھی اس واقعہ کو لے کر حکومت پر حملہ کیا اور کہا کہ یہ کیسا امرت کال چل رہا ہے، جہاں صحافیوں کو سوال پوچھنے پر جیل بھیج دیا جا رہا ہے؟