یونین بجٹ 2019: وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن کے بجٹ اسپیچ کی اہم باتیں…

02:04 PM Jul 06, 2019 | دی وائر اسٹاف

آج مودی حکومت کی دوسری مدت کار کا بجٹ لوک سبھا میں پیش کیا جا رہا ہے۔وزیر خزانہ نے کہا کہ، گاؤں، غریب اور کسان پر ہماری خصوصی توجہ ہے۔

وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن

نئی دہلی :وزیر خزانہ نرملا  سیتارمن مودی حکومت کی دوسری مدت کار کا پہلا بجٹ پیش کررہی ہیں۔ اپنی بجٹ اسپیچ میں وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن  نے کہا کہ انفراسٹرکچر سیکٹر پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔انہوں نے آمد و رفت کے وسائل کو مزید مستحکم بنانے کےلیے مودی سرکار کے مقاصد کا بھی ذکر کیا۔انہوں نے کہا کہ، ہم نے اپنے شہریوں کی امید، اعتماد اور توقع کے دم پر پچھلے پانچ سالوں میں ملک کی جی ڈی پی میں 1 لاکھ کروڑ روپے جوڑے۔ اس سال ہمارا اقتصادی نظام 3 لاکھ کروڑ روپے کا ہو جائےگا۔

غور طلب ہے کہ یہ بجٹ ایسے وقت میں پیش کیا جا رہا ہے ،جب ملک میں بے روزگاری کی شرح 45 سال میں سب سے  اونچی سطح پر ہے اور ہندوستان دنیا میں تیز رفتاری سے بڑھ  رہی اکانومی کے طور پر چین سے پچھڑ رہا ہے۔

مللک کی ترقی کے لئے 10 نکات کا ذکر کرتے ہوئے سیتارمن نے فزیکل سوشل انفراسٹرکچر سےلے کر  ڈیجیٹل انفراسٹرکچر تک اور میک ان انڈیا سے لے کر بلو اکانومی تک کی چرچہ کی۔

اس موقع پر انہوں نے اردو کا یہ شعر بھی پڑھا کہ،

یقین ہو تو کوئی راستہ نکلتاہے

ہوا کی اوٹ بھی  لے کر  چراغ جلتا ہے

 نرملا سیتارمن نے کہا کہ  ہماری حکومت کے پاس ترقی کا نظریہ ہے اور آگے بھی رہےگا ‘مضبوط دیش کے لئے مضبوط ناگریک’۔

موجودہ وقت میں ہندوستان دنیا کا چھٹا اقتصادی نظام ہے۔ انہوں نے کہا کہ 5 ٹریلین کے اقتصادی نظام تک پہنچنے کے لیے اسٹرکچرل اصلاحات ضروری ہیں۔وزیر خزانہ نے کہا کہ، گاؤں، غریب اور کسان پر ہماری خصوصی توجہ ہے۔

دریں اثنا پارلیامنٹ میں  کابینہ  کی بیٹھک چل رہی ہے۔اس میٹنگ  میں بجٹ کو مرکزی کابینہ کی منظوری ملے گی اس کے بعد اسے پارلیامنٹ میں پیش کیا جائے گا۔ واضح ہوکہ نرملا سیتارمن کی بجٹ اسپیچ پر پارلیامنٹ کے دونوں ایوانوں ، راجیہ سبھا اور لوک سبھا، میں بحث ہوگی جس کے بعد اسے پارلیامنٹ کی بھی منظوری دی جائے گی۔