یوپی کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کے دفتر کا ٹوئٹر ہینڈل ہیک

04:22 PM Apr 09, 2022 | دی وائر اسٹاف

بتایا جا رہا ہے کہ ہیکرز نے اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کے دفتر کے ٹوئٹر اکاؤنٹ میں لگی پروفائل فوٹو کو کارٹون سے بدل دیا تھا۔ اس سے قبل فروری کے مہینے میں بی جے پی صدر جے پی نڈا کا ٹوئٹر اکاؤنٹ ہیک کیا گیا تھا اور گزشتہ سال دسمبر میں وزیر اعظم نریندر مودی کا ٹوئٹر اکاؤنٹ بھی ہیک کر کےاس سے بٹ کوائن سے متعلق ٹوئٹ کیا گیا تھا۔

اتر پردیش حکومت کا آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ، جسے ہیک کر لیا گیا تھا۔ (فوٹو بہ شکریہ: ٹوئٹر)

نئی دہلی: اترپردیش کے وزیر اعلیٰ کے دفتر کا آفیشل ٹوئٹر ہینڈل جمعہ اور سنیچر کی درمیانی شب کو ہیک کر لیا گیا۔ اس پر ردعمل ظاہرکرتے ہوئے اتر پردیش حکومت کی جانب سے کہا گیا ہے کہ اس میں ملوث لوگوں کے خلاف ‘سخت کارروائی’ کی جائے گی۔

ریاستی حکومت کے ایک سینئر افسر نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ کے دفتر کا آفیشل ٹوئٹر ہینڈل دیر رات تقریباً 29 منٹ کے لیے ہیک ہوا تھا۔

ان کے مطابق، ہیکرز نے اکاؤنٹ سے تقریباً 400 سے 500 ٹوئٹ کیے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ غیر معمولی سرگرمیوں کی وجہ سے اکاؤنٹ کو سسپنڈ کردیا گیا تھا اور اسے بحال کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔

اہلکار کے مطابق چیف منسٹر آفس  کا ٹوئٹر ہینڈل جلد ہی بحال کر دیا جائے گا۔ اس اکاؤنٹ کو 40 لاکھ سے زیادہ لوگ فالو کرتے ہیں۔

ہیک کیے گئے ٹوئٹر ہینڈل کے اسکرین شاٹس کئی ویب سائٹس نے فلیش کیے تھے۔ ان سے پتہ چلتا ہے کہ ہیکرز نے اکاؤنٹ میں پروفائل تصویر کو کارٹون سے بدل دیا تھا۔

اتر پردیش حکومت کے آفیشل ٹوئٹر ہینڈل سے کیے گئے ایک ٹوئٹ میں کہا گیا ہے، مطلع کیا جاتا ہے کہ مسٹر چیف منسٹر آفس کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ کو 09 اپریل، 12:30 سماج دشمن عناصر کی طرف سے ہیک کرنے کی کوشش کی گئی تھی، ان کی جانب سے کچھ ٹوئٹ پوسٹ کیے گئے تھے، جس کو فوری طور پر ری کور کر لیا گیا۔

اس میں مزید کہا گیا ہے کہ سائبر ماہرین سے کیس کی تحقیقات کے بعد ذمہ دار لوگوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

اس سے پہلے فروری میں بھارتیہ جنتا پارٹی کے صدر جے پی نڈا کا ٹوئٹر اکاؤنٹ ہیک کر لیا گیا تھا اور ان کی جانب سے یوکرین کے بحران اور کرپٹو کرنسی کے معاملے پر کئی ٹوئٹ کیے گئے تھے۔

کسی لیڈر کا ٹوئٹر اکاؤنٹ ہیک ہونے کا یہ پہلا واقعہ نہیں ہے، اس سے قبل گزشتہ سال دسمبر میں وزیر اعظم نریندر مودی کا ٹوئٹر اکاؤنٹ بھی ہیک کر لیا گیا تھا اور اس سے بٹ کوائن کے بارے میں ٹوئٹ کیا گیا تھا۔

وزیر اعظم مودی کے پرسنل ٹوئٹر ہینڈل کو کچھ وقت تک کے لیے ہیک کیے جانے کے بعد ایک ٹوئٹ میں یہ دعویٰ بھی کیا گیا کہ ہندوستان نے باضابطہ طور پر 500 بٹ کوائن خریدے ہیں اور انہیں وہ اپنے شہریوں میں تقسیم کر رہا ہے۔ایک لنک بھی شیئر کیا گیا تھا۔

ستمبر 2020 میں بھی ان کی ذاتی ویب سائٹ کا ہینڈل ہیک کر لیا گیا تھا۔ اس کے بعد وزیر اعظم کی ذاتی ویب سائٹ اور ایپ سے وابستہ ٹوئٹر اکاؤنٹ نے ٹوئٹ بھیج کرکرپٹو کرنسی کے ذریعے وزیر اعظم کے کووڈ ریلیف فنڈ میں عطیہ کی اپیل کی تھی۔

ان کے علاوہ کچھ سرکاری محکموں کے ٹوئر ہینڈل کے ہیک ہونے کی بھی خبریں حال میں سامنے آئی تھی۔

(خبر رساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)