یوتھ گیمس کے دوران جموں وکشمیر کی بولین کور نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے سب کو حیران کیا اور جمناسٹک کے جس تین کٹیگری میں انہوں نے شرکت کی ان سبھی میں میڈل حاصل کیا۔
بولین کور ، فوٹو: بہ شکریہ اسپورٹس اتھارٹی آف انڈیا
مہاراشٹرا کے پونے میں کھیلو انڈیا یوتھ گیمس کا دوسرا ایڈیشن جاری ہے۔ پہلے ایڈیشن کو کھیلو انڈیا اسکول گیمس کہا گیا تھا۔ہندوستان میں اسکول اور کالج کی سطح پر ہی مختلف کھیلوں کے تئیں لوگوں کی دلچسپی بڑھانے کے لئے اس کے انعقاد کا فیصلہ کیا گیا ہے۔12روز تک چلنے والے اس ایونٹ میں پورے ہندوستان سے لگ بھگ6 ہزار کھلاڑی شریک ہو رہے ہیں۔یہاں انڈر17اور انڈر19زمرے کے کل اٹھارہ مختلف کھیل منعقد ہوں گے جن میں ایتھلیٹکس، مکے بازی،بیڈمنٹن،ہاکی ،فٹبال کور کشتی شامل ہیں۔اب تک جو مقابلے ہوئے ہیں اس سے ایسا لگتا ہے کہ کسی خاص کھیل میں کسی خاص صوبہ کے کھلاڑیوں نے دبدبہ بنایا ہوا ہے۔
یوتھ گیمس کے دوران جموں وکشمیر کی بولین کور نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہر کسی کو حیران کیا اور جمناسٹک کے جس تین کٹیگری میں شرکت کی ان سبھی میں میڈل حاصل کیا۔جموں وکشمیر کوجمناسٹک میں اس سطر کے لکھے جانے تک جو 6 میڈل ملے تھے ان میں سے اکیلے پانچ بولین کور نے حاصل کئے۔کور کو تین گولڈ اور دو سلور میڈل ملے۔کھیلو انڈیا اسکول گیمس میں بھی کور نے دو گولڈ سمیت چار میڈل حاصل کئے تھے۔
کشتی میں ہریانہ کی لڑکیوں نے جلوہ بکھیرا۔انڈر17کے زمرے میں ہریانہ کی لڑکیوں نے سات گولڈ میڈل حاصل کر لئے۔تیراکی میں دہلی کے کھلاڑیوں نے کمال دکھایا۔دہلی کے تیراکوں نے چار گولڈ میڈل حاصل کئے۔بھالا پھینک میں پنجاب کے کنور اجے راج نے گولڈ میڈل جیتا۔پنجاب کے ہی رابن دیپ سنگھ نے ہائی جمپ میں گولڈ میڈل جیتا۔انڈر 21گریکو رومن کشتی کا گولڈ بھی پنجاب کے ہنی پال کو ملا۔پہلے دن دہلی کے جوڈو کھلاڑیوں نے کمال کی کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور چھ میں سے تین گولڈ میڈل جیتے۔انڈر17کے ان مقابلوں میں دہلی کے علاوہ باقی کے تین گولڈ میڈل اتر پردیش ، ہریانہ اور گجرات نے جیتے۔اس سطر کے لکھے جانے تک مہاراشٹرا، دہلی اور ہریانہ پہلے تین نمبر پر ہے۔
گزشتہ سال عالمی سطح پر کمال کی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے بعد تین بچوں کی ماں میری کام نے ایک اور کمال کردکھایا ہے۔انٹرنیشنل باکسنگ ایسو سی ایشن کی تازہ درجہ بندی میں میری کام کو پہلی پوزیشن ملی ہے۔منی پور سے تعلق رکھنے والی میری کام نے عالمی چمپئن شپ میں سونے کا تمغہ حاصل کرکے تاریخ رقم کی تھی۔میری کام48کلو گرام کے زمرے میں فی الحال 1700پوائنٹس کے ساتھ ٹاپ پر قابض ہیں۔میری کام کو اگر اولمپک میں تمغے کا خواب پورا کرنا ہے تو انہیں 51کلو گرام کے زمرے میں شرکت کرنی ہوگی کیونکہ یہاں ابھی48کلو گرام کے زمرے شامل نہیں ہیں۔
میری کام ،فوٹو: پی ٹی آئی
مصر کے اسٹار فٹ بال کھلاڑی محمد صا لح کو مسلسل دوسرے سال افریقہ کے بہترین فٹ بالر کے خطاب سے نوازا گیا۔سینیگال میں ہوئی تقریب میں انہیں ایوارڈ سے نوازا گیا۔ محمد صلاح نے اس خطاب کے لئے اپنے ہی کلب لیور پول کے ساتھی کھلاڑیوں کو پیچھے چھوڑا۔ ان کے شاندار کھیل کی بدولت لیورپول چیمپئنزلیگ کے فائنل میں پہنچنے میں کامیاب رہا۔ان کی شاندار کارکردگی کا اندگزہ اس سے لگایا جا سکتا ہے کہ پریمئر لیگ کے اِس سیزن میں وہ اب تک 13 گول کر چکے ہیں۔ ٹیکنیکل ڈائریکٹرز اور کنفیڈریشن آف افریقن فٹ بال میں شامل 56 ٹیموں کے ہیڈ کوچوں نے ووٹنگ کے بعد صالح کے حق میں فیصلہ دیا۔
ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے دو کھلاڑی ہاردک پانڈیہ اور لوکیش راہل ان دنوں مشکل میں ہیں۔ٹیلی ویژن کے ایک شو کافی ود کرن کے دوران اپنے ایک بیان کی وجہ سے ان دونوں پر دو میچوں کی پابندی کا خطرہ منڈلا رہا ہے۔کمیٹی آف ایڈ منسٹریٹرس(سی او اے) کے صدر ونود رائے نے دونوں کھلاڑیوں کو دو میچوں سے معطل کئے جانے کی سفارش کی ہے ۔ رائے نے ہندوستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر راہل جوہری کو ایک ای میل بھیجا ہے جس میں انہوں نے لکھا ہے کہ میں نے دونوں کھلاڑیوں کے ٹی وی شو پر دیئے بیان کو تحریری طور پر پڑھا ہے ۔ یہ بہت پاگل پن بیان ہے ۔ کوئی بھی معافی اس کی تلافی نہیں کر سکتی ہے ۔
پانڈیا اور راہل نے کافی ود کرن میں خواتین کے سلسلے میں نازیبا بیان دیے تھے ۔ اس کے بعد سی اواے نے دونوں کھلاڑیوں کو وجہ بتاو نوٹس بھیج کر 24 گھنٹے کے اندر جواب طلب کیا تھا۔ پانڈیا نے حالانکہ اس بیان کے بعد عوامی طور پر معافی مانگی تھی مگر رائے نے کہا کہ وہ پانڈیا کے بیان سے مطمئن نہیں ہیں اور ان کے مطابق ان کھلاڑیوں کے خلاف دو میچوں کی پابندی لگنی ہی چاہیے ۔ پانڈیا اور راہل کو آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے اور ٹوئنٹی 20 سیریز کےلئے قومی ٹیم میں شامل کیا گیا ہے ۔ اگر دونوں پرپابندی لگتی ہے تووہ 12جنوری سے آسٹریلیا کے خلاف شروع ہونے والی تین میچوں کی ون ڈے سیریز کے ابتدائی دونوں میچوں سے باہر ہو جائیں گے۔
ابوظہبی میں اے ایف سی ایشین کپ جاری ہے۔ہندوستان نے اپنے پہلے میچ میں تھائی لینڈ کے خلاف 4-1سے بڑی جیت درج کی تھی مگر دوسرے میچ میں اسے میزبان متحدہ عرب امارات کے ہاتھوں 2-0 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ہندوستان کے لئے اب آگے کی راہ مشکل تو ضرور ہوئی ہے ویسے ابھی بھی اس کے لئے ناک آؤٹ دور میں پہنچنے کی امیدیں برقرار ہیں۔
The post
کھیل کی دنیا: کھیلو انڈیا یوتھ گیمس میں بولین کور کا جلوہ اورمیری کام کوعالمی درجہ بندی میں پہلا مقام appeared first on
The Wire - Urdu.