جئے پور میں 13 مئی 2008 کو ہوئے سلسلے وار بلاسٹ میں 80 لوگوں کی موت ہوئی تھی اور تقریباً 170 زخمی ہوئے تھے۔ راجستھان کی ایک خصوصی عدالت نے معاملے میں 4 ملزمین محمد سرور اعظمی، محمد سیف،محمد سلمان اور سیف الرحمن کو مجرم ٹھہرایا جبکہ ایک ملزم شہباز حسین کو الزام سے بری کر دیا تھا۔
نئی دہلی:شہر کی ایک خصوصی عدالت نے جئے پور بم بلاسٹ 2008 کے معاملے میں چاروں مجرموں کو جمعہ کو پھانسی کی سزا سنائی۔ خصوصی عدالت کے جج اجئے کمار شرما نے جمعہ کی شام یہ سزا سنائی۔ پبلک پراسیکیوٹر شری چند نے کہا کہ الگ الگ معاملوں میں مجرموں کو پھانسی کی سزا سنائی گئی ہے۔قابل ذکر ہے کہ خصوصی عدالت نے بدھ کو دیے فیصلے میں جئے پور بم بلاسٹ معاملے میں چار ملزمین محمد سرور اعظمی، محمد سیف، محمد سلمان اور سیف الرحمن کو مجرم ٹھہرایا جبکہ ایک ملزم شہباز حسین کو الزام سے بری کر دیا تھا۔ جمعرات کو مجرموں کو سزا کی مدت پر بحث ہوئی۔
معلوم ہو کہ ہندوستان کے ٹورسٹ مقامات میں مشہور جئےپور میں 13 مئی 2008 کو ہوئے سلسلےوار بلاسٹ میں کل 80 لوگوں کی موت ہوئی تھی اور تقریباً 170 زخمی ہوئے تھے۔اس سے پہلے بدھ کو پبلک پراسیکیوٹر شری چند نے بتایا تھا، ‘چار ملزمین کو مجرم ٹھہرایا گیا ہے۔ ان کو آئی پی سی کی دفعہ 302, 307,324, 326, 120 بی، 121اے اور 124 اے، 153 اے کے تحت مجرم مانا گیا ہے۔ اس کے علاوہ دفعہ تین کے تحت اور دفعہ 13, 16, 1 اے اور 18 کے تحت بھی انہیں مجرم ٹھہرایا ہے۔’
انہوں نے بتایا تھا کہ اس معاملے میں پراسیکیوٹر کی طرف سے 1272 گواہ اور بچاؤ فریق کی طرف سے 24 گواہ پیش کئے گئے۔معاملے میں ملزم شہباز حسین کے ایمیکس کیوری سریش ویاس نے اس سے پہلے صحافیوں کو بتایا تھا، ‘عدالت نے ملزم شہباز حسین کو الزام سے بری قرار دیا کیونکہ ان کے خلاف الزام ثابت نہیں ہو سکے۔ باقی چار ملزمین کو آئی پی سی کی دفعہ 120 بی کے تحت مجرم مانا گیا ہے۔’
معاملے میں تین ایسے دہشت گرد شامل تھے، جن کا نام دیگر سیریل بلاسٹ کے واقعات میں شامل رہا ہے۔ راجستھان کا اے ٹی ایس بھی مانتا ہے کہ جئے پور سیریل بلاسٹ کیس کے دو ملزم 2008 کے بٹلہ ہاؤس انکاؤنٹر میں مارے گئے تھے۔جئے پور سیریل بم بلاسٹ معاملے میں کل 8 ایف آئی آر درج کی گئی تھی، جبکہ 4 چارج شیٹ داخل ہوئے تھے۔ بتا دیں کہ راجستھان کی ایک خصوصی عدالت نے جئے پور بم بلاسٹ معاملے میں 18 دسمبر کو چار ملزمین کو مجرم اور ایک ملزم کو الزام سے بری قرار دیا۔
راجستھان کے وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت نے جئے پور بم بلاسٹ معاملے میں عدالت کے فیصلے کو سہی فیصلہ بتاتے ہوئے کہا ہے کہ تشدد میں یقین رکھنے والے لوگوں کو سبق ملنا چاہیے۔گہلوت نے کہا، ‘جئے پور میں ہوئے سیریل بم دھماکوں کو لے کر سہی فیصلہ ہوا ہے، اس فیصلے کا خیر مقدم کرنا چاہیے اور ایسے لوگوں کو سبق ملنا چاہیے جو کہ تشدد میں یقین کرتے ہیں چاہے وہ کوئی بھی ہوں، یہ میرا ماننا ہے۔’
(خبر رساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)