اتر پردیش کے سون بھدر کے امبھا گاؤں میں ہوئے 11 آدیواسیوں کے قتل عام پر پولیس نے مقامی عدالت میں 51 لوگوں کے خلاف چارج شیٹ دائر کیا ہے۔
نئی دہلی : اتر پردیش کے سون بھدر ضلع کے امبھا گاؤں میں 90 بیگھا زمین پر قبضے کو لےکر خونی جدو جہد میں11 آدیواسی کسانوں کی موت کے معاملے میں درج چارج شیٹ میں نئے انکشافات ہوئے ہیں۔ انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق، چارج شیٹ میں کہا گیا ہے کہ امبھا گاؤں کے پردھان یگیہ دت، ان کے بھائیوں ندھی دت، دیودت، دھرمیندر اور ایک دیگر شخص وجےنے آدیواسیوں پر گولی باری کی تھی۔ ریلوے کے ایک ملازم نے واقعہ والے دن یگیہ دت کو 16بارجبکہ دھرمیندر کو 17بار فون کیا تھا۔
امبھا میں 17 جولائی کو زمینی تنازعہ میں 11 آدیواسیوں کے قتل کے معاملے میں سوموار کو درج چارج شیٹ میں یہ باتیں کہی گئی ہیں۔ چارج شیٹ کے مطابق، ندھی دت کے زخمی ہونے کے بعد ایک دیگر ملزم نیرج رائےنے اپنی بندوق سے گولی باری کی۔چارج شیٹ میں کہا گیا کہ اس معاملے میں کومل سنگھ کلیدی سازشی تھے، جن کوبھدوہی ریلوے اسٹیشن کے اسٹیشن سپرٹنڈنٹ کے عہدے سے برخاست کیا گیا تھا۔ کومل نے معاملہ کے وقت یگیہ دت اور دھرمیندر سے پانچ-پانچ بار بات کی تھی۔
سون بھدر پولیس نے 51 لوگوں کے خلاف چارج شیٹ داخل کی ہے۔ پولیس نے 65 لوگوں کوگرفتار کیا ہے، جو سون بھدر کی ضلع جیل میں بند ہیں۔پولیس کو 10 لوگوں کے خلاف کوئی ثبوت نہیں ملے اور اس بارے میں عدالت میں ایک عرضی دائر کی گئی۔ چار دیگر کے خلاف چارج شیٹ دائر کیا جانا باقی ہے۔ سون بھدر کے پولیس سپرنٹنڈنٹ (ایس پی)پربھاکر چودھری نے کہا کہ 123 لوگوں کے شواہد اور بیانات کی بنیاد پرچارج شیٹ تیار کی گئی۔
چودھری نے کہا، ‘اس میں 59 لوگوں کے رول کا پتہ چلا۔ 55 کو گرفتار کیاگیا اور چار فرار ہیں۔ سوموار کو سون بھدر کی مقامی عدالت میں 51 لوگوں کے خلاف چارج شیٹ دائر کی گئی۔ عدالت نےچارج شیٹ پر نوٹس لیتے ہوئے 24 اکتوبر کی تاریخ طے کی ہے۔’زیادہ تر ملزم یگیہ دت کے رشتہ دار ہیں۔ پولیس نے آئی پی سی کی دفعہ 147، 148، 149، 302، 307، 34 اور 120بی کے تحت دائر کی ہے۔ اس کے ساتھ ہی ایس سی –ایس ٹی ایکٹ اور آرمس ایکٹ کے تحت بھی معاملہ درج کیا گیا۔
غور طلب ہے کہ یہ واقعہ امبھا گاؤں کا ہے۔ گاؤں کےپردھان نے دو سال پہلے 90 بیگھا زمین خریدی تھی۔ وہ اپنے کچھ مددگاروں کے ساتھ زمین پر قبضہ کرنے گیا تھا۔ اس کی گاؤں والوں نے مخالفت کی تھی۔ نتیجہ کے طور پر پردھان کے لوگوں نے فائرنگ کر دی جس میں تین خواتین سمیت دس گاؤں والوں کی موت ہو گئی۔ اس دوران پولیس نے پانچ بندوقیں، 19 ٹریکٹر اور 12 ڈنڈے ضبط کئےتھے۔