لوک سبھا میں حکومت کے ذریعے پیش کئے گئے اعداد و شمار کے مطابق؛ مرکزی حکومت کی وزارتوں میں کل 93 ایڈیشنل سکریٹری ہیں، لیکن اس میں سے صرف چھ ایس سی اور پانچ ایس ٹی ہیں۔ وہیں ایک بھی ایڈیشنل سکریٹری او بی سی کمیونٹی سے نہیں ہے۔
نئی دہلی: موجودہ وقت میں حکومت ہند کے 89 سکریٹری میں سے صرف ایک سکریٹری ایس سی اور تین سکریٹری ایس ٹی سے ہیں۔ چونکانے والی بات یہ ہے کہ ان 89 سکریٹری میں سے ایک بھی شخص او بی سی سے نہیں ہے۔پچھلے مہینے 10 جولائی کو ترنمول کانگریس کے رکن پارلیامان دبیندو ادھیکاری کے ذریعے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں مرکزی وزیر جتیندر سنگھ نے یہ جانکاری دی۔
اس فہرست میں شامل زیادہ تر سکریٹری انڈین ایڈمنسٹریٹو سروس (آئی اے ایس) سے ہیں۔مرکز کے اعداد و شمار کے مطابق؛ ایس سی، ایس ٹی اور او بی سی کمیونٹی کے لوگوں کی نمائندگی ایڈیشنل سکریٹری، جوائنٹ سکریٹری، ڈائریکٹر کی سطح پر بھی کم ہے۔
مرکزی حکومت کی وزارتوں میں کل 93 ایڈیشنل سکریٹری ہیں، لیکن اس میں سے صرف چھ ایس سی اور پانچ ایس ٹی کمیونٹی سے ہیں۔اس وقت ایک بھی ایڈیشنل سکریٹری او بی سی کمیونٹی سے نہیں ہے۔ اس طرح مرکز میں ایڈیشنل سکریٹری کی سطح پر صرف 6.45 فیصدی لوگ ایس سی اور 5.38 فیصدی لوگ ایس ٹی ہیں۔
اسی طرح مرکزی حکومت کے کل 275 جوائنٹ سکریٹری میں سے صرف 13 سکریٹری ایس سی، 09 سکریٹری ایس ٹی اور 19 سکریٹری او بی سی سے ہیں۔ یعنی کہ کل جوائنٹ سکریٹری میں سے صرف 4.73 فیصدی ایس سی، 3.27 فیصدی ایس ٹی اور 6.91 فیصدی او بی سی ہیں۔ان اعداد و شمار سے یہ واضح ہو جاتا ہے کہ حکومت کے اعلیٰ سطح پر ریزرو طبقے کے لوگوں کی نمائندگی کافی کم ہے۔
او بی سی ریزرویشن نافذ کئے جانے کے بعد 1993 سے وزارت او بی سی افسروں کا اعداد و شمار رکھتا ہے۔ منڈل کمیشن کی سفارشوں کے بعد سے، حکومت نے سرکاری نوکریوں میں او بی سی کے لئے 27.5 فیصد، ایس سی کے لئے 15 فیصد اور ایس ٹی کے لئے 7.5 فیصد ریزرویشن لازمی کر دیا ہے۔
جتیندر سنگھ کے ذریعے لوک سبھا میں پیش کئے گئے اعداد و شمار کے مطابق؛ حکومت ہند میں سینٹرل اسٹافنگ اسکیم کے تحت تقرر کیے گئے 288 ڈائریکٹر ہیں، لیکن اس میں سے ایس سی کمیونٹی سے صرف 31 لوگ (10.76 فیصدی)، ایس ٹی کمیونٹی سے 12 لوگ (4.17 فیصدی) اور او بی سی کمیونٹی سے 40 لوگ (13.86 فیصدی) ہیں۔
سنگھ نے کہا کہ ریزرو زمرہ کے زیادہ تر افسر زیادہ عمر میں نوکری میں آتے ہیں۔ اس وجہ سے ایسے افسر ایڈیشنل سکریٹری اور سکریٹری کی تقرری کے لئے اپنے بیچ کا نمبر آنے سے پہلے ہی ریٹائر ہو جاتے ہیں۔ اسی وجہ سے ریزرو کمیونٹی کی نمائندگی حکومت کے اعلیٰ سطح پر کم ہے۔جتیندر سنگھ نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ حکومت ریزرو طبقے کے لوگوں کی تقرری اعلیٰ عہدوں پر کرنے کی ہر ممکن کوشش کرتی ہے۔