پریس انفارمیشن بیورو (پی آئی بی) نے بتایا ہے کہ نہرو میموریل میوزیم اینڈ لائبریری (این ایم ایم ایل) سوسائٹی نے اپنا نام بدل کر ‘ پرائم منسٹرز میوزیم اینڈ لائبریری سوسائٹی’ رکھ لیا ہے۔
نئی دہلی: پریس انفارمیشن بیورو (پی آئی بی) نے جمعہ کو بتایا کہ نہرو میموریل میوزیم اینڈ لائبریری (این ایم ایم ایل) سوسائٹی نے اپنا نام بدل کر ‘ پرائم منسٹرز میوزیم اینڈ لائبریری سوسائٹی’ رکھ لیا ہے۔
اگرچہ پی آئی بی کی ریلیز میں صرف ‘سوسائٹی’ کا ذکر کیا گیاہے اور یہ نہیں بتایا گیا کہ میوزیم کا نام تبدیل کیا جائے گا یا نہیں، لیکن دی ہندو اور انڈین ایکسپریس کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ این ایم ایم ایل کو اب پرائم منسٹر میوزیم اینڈ لائبریری سوسائٹی ہی کہا جائے گا۔
پی آئی بی کی ریلیز کے مطابق، وزیر دفاع اور سوسائٹی کے نائب صدر راج ناتھ سنگھ نے نام کی تبدیلی کی تجویز کا خیرمقدم کیا،کیونکہ ادارہ اپنی نئی شکل میں جواہر لال نہرو سے لے کر نریندر مودی تک تمام وزرائے اعظم کے تعاون اور ان کو درپیش مختلف چیلنجز سے نمٹنے کی ان کی حکمت عملی کو ظاہر کرتا ہے۔
سنگھ تین مورتی کمپلیکس میں این ایم ایم ایل کے قریب ایک علیحدہ عمارت میں جواہر لال نہرو کے بعد کےوزرائے اعظم کے لیے وقف میوزیم کا حوالہ دے رہے تھے، جسے گزشتہ سال عام لوگوں کے لیے کھولا گیا تھا۔
پریس ریلیز میں کہا گیا ہے،’ایگزیکٹو کونسل نے بعد میں محسوس کیا کہ ادارے کے نام میں موجودہ سرگرمیوں کی عکاسی ہونی چاہیے، جس میں اب ایک ایسا میوزیم بھی شامل ہے جو آزاد ہندوستان میں جمہوریت کے اجتماعی سفر کی عکاسی کرتاہے اور قوم کی تعمیر میں ہر وزیر اعظم کی شراکت کو ظاہر کرتا ہے۔
نہرو میوزیم اور نئی عمارت کو پرائم منسٹر میوزیم کے نام سے جانا جاتا ہے۔
بتادیں کہ 2019 کے آخر میں نئی عمارت کی تعمیر کی مخالفت کرنے والے کانگریس کے تین لیڈروں کو مرکزی حکومت نے سوسائٹی سے ہٹا دیا تھا۔ 2015 میں این ایم ایم ایل اس وقت تنازعات کی زد میں آ گیا تھا،جب اس کے اس وقت کے ڈائریکٹر مہیش رنگ راجن نے سیاسی دباؤ کی وجہ سے استعفیٰ دے دیا تھا۔
نئی عمارت کوئی سال بھرپرانی ہے، جبکہ پرانی عمارت، جس میں نہرو میوزیم ہے، کو 1930 میں فلیگ اسٹاف ہاؤس ،جوبرٹش انڈیاکاکمانڈر ان چیف ہوتا ، کے طور پر بنایا گیا تھا۔
سال 1947 میں وزیر اعظم بننے کے فوراً بعد نہرو اس عمارت میں چلے گئے تھے اور اس کا نام بدل کر’تین مورتی بھون’ کر دیا گیا تھا۔ 1964 میں ان کی موت کے بعد اسے ان کی یاد میں میوزیم میں تبدیل کر دیا گیا تھا۔