
راجیہ سبھا میں وقفہ سوالات کے دوران عام آدمی پارٹی کے رکن پارلیامنٹ سنجے سنگھ نے کہا کہ حکومت کے جواب کے مطابق 2024 میں ایوان میں کرائی گئی 160 یقین دہانیوں میں سے صرف 39 کو پورا کیا گیا ہے۔

پارلیامانی امور کے وزیر رجیجو۔ (تصویر بہ شکریہ: پی ٹی آئی)
نئی دہلی: پارلیامانی امور کی وزارت کی طرف سے سوموار (17 مارچ) کو دی گئی معلومات کے مطابق پارلیامنٹ میں مرکزی وزراء کی جانب سے کرائی گئی تقریباً 75 فیصد یقین دہانیوں کو پورا نہیں کیا گیا۔
دی ہندو کی رپورٹ کے مطابق، راجیہ سبھا میں وقفہ سوالات کے دوران یہ مسئلہ اٹھاتے ہوئے عام آدمی پارٹی (عآپ) کے رکن پارلیامنٹ سنجے سنگھ نے کہا کہ حکومت کے جواب کے مطابق 2024 میں ایوان میں کرائی گئی 160 یقین دہانیوں میں سے صرف 39 کو پورا کیا گیا ہے اور 119 زیر التوا ہیں۔
اس کے جواب میں پارلیامانی امور کے وزیر کرن رجیجو نے کہا کہ 2018 میں آن لائن انشورنس مانیٹرنگ سسٹم (او اے ایم ایس) کے آغاز کے بعد سے صفر کے برابر زیر التواء یقین دہانیاں ہیں اور 99 فیصد درخواستوں کو حل کر لیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پارلیامنٹ کو تمام یقین دہانیوں کو مثالی طور پر تین ماہ کے اندر پورا کیا جانا چاہیے اور اگر پورا نہ کیا گیا تو یہ پارلیامانی جمہوریت پر ایک دھبہ ہو گا۔
رجیجو نے کہا، ‘ہم پارلیامانی جمہوریت کی اہمیت کو سمجھتے ہیں۔ اگر پارلیامنٹ کے ارکان سوال پوچھتے ہیں اور حکومت جواب دیتی ہے تو یہ سب سے اہم ہے کہ یقین دہانیاں پوری کی جائیں گی۔ اگر یہ یقین دہانیاں پوری نہ ہوئیں تو یہ پارلیامانی جمہوریت پر دھبہ ہو گا۔ ہم نے حال ہی میں تمام وزراء کو ایک خط لکھا ہے جس میں ان سے کہا گیا ہے کہ وہ تین ماہ کے اندر یقین دہانیوں کا جواب دیں اور ایک ماہ کے اندر ممبران پارلیامنٹ کے خطوط کا جواب دیں۔ ہم اسے ہلکے میں نہیں لے سکتے۔
اس پر سنجے سنگھ نے کہا کہ وزیر کی طرف سے دیے گئے جواب میں تضاد ہے کہ 99 فیصد یقین دہانیاں پوری ہو چکی ہیں، کیونکہ ان کی ویب سائٹ پر 1324 یقین دہانیوں کو زیر التواء دکھایا گیا ہے۔
سنجے سنگھ کو جواب دیتے ہوئے وزیر رجیجو نے کہا، ‘مجھے نہیں معلوم کہ آپ کس ویب سائٹ کا حوالہ دے رہے ہیں؟ میں اس کی جانچ کرووں گا۔ اگر آپ 1947 سے اب تک کے اعداد و شمار کو شامل کریں تو اس کے بارے میں کیا کیا جا سکتا ہے؟’
وزیر نے کہا کہ راجیہ سبھا میں 547 یقین دہانیاں زیر التوا ہیں، جبکہ لوک سبھا میں 764 یقین دہانیاں زیر التوا ہیں۔
ڈیجیٹل پلیٹ فارم او اے ایم ایس
پارلیامانی امور کے وزیر رجیجو کے مطابق، پارلیامانی امور کی وزارت کے ذریعے لوک سبھا اور راجیہ سبھا سکریٹریٹس کے تعاون سے مشترکہ طور پر لاگو کیا گیا او ا ےایم ایس ایک ڈیجیٹل پلیٹ فارم ہے، جس کا مقصد یہ یقینی بنانا ہے کہ پارلیامنٹ میں وزراء کی طرف سے کرائی گئی یقین دہانیوں کو منظم طریقے سے ٹریک کیا جائے، نگرانی کی جائے اور انہیں پورا کیا جائے۔
اس سلسلے میں وزیر مملکت ایل موروگن نے کہا کہ اس سسٹم نے اہم خصوصیات اور میکانزم کو مربوط کرکے جوابدہی، شفافیت اور کارکردگی کو بڑھایا ہے۔
وزیر نے کہا کہ او اے ایم ایس نے ایک سنگل ڈیجیٹل ذخیرہ فراہم کیا ہے جہاں تمام یقین دہانیوں کو ریکارڈ کیا جاتا ہے، شفافیت کو یقینی بناتا ہے اور یقین دہانیوں کی بروقت تکمیل کے لیے وعدوں کا ٹریک کھونے کے خطرے کو ختم کرتا ہے۔
یہ سسٹم تمام اسٹیک ہولڈرز کو زیر التواء کی یقین دہانیوں پر کارروائی کرنے کے لیے بروقت الرٹ بھیجتا ہے، اس طرح ٹائم لائن کی پابندی کو یقینی بناتا ہے۔
ایل موروگن نے مزید کہا کہ وزارتیں اور محکمے براہ راست سسٹم میں پروگریس اپڈیٹس کو لاگ کر سکتے ہیں، یعنی کتنا کام مکمل ہو چکا ہے، اس طرح اسٹیک ہولڈرز کے لیے درست اور تازہ ترین معلومات کو یقینی بنایا جا سکتا ہے۔