اہل خانہ کے ذریعے لڑکی کی پٹائی کا ویڈیو سامنے آیا تھا۔ پولیس نے اس معاملے میں 4 لوگوں کو گرفتار کیا ہے۔
نئی دہلی: دھار ضلع میں ایک دلت لڑکے کے ساتھ محبت سے ناراض ایک آدیواسی لڑکی کی اس کے رشتہ داروں کے ذریعے پٹائی کر دی گئی۔ اس معاملے میں پولیس نے سات رشتہ داروں کے خلاف معاملہ درج کیا ہے۔ پولیس نے ان میں سے چار کو گرفتار کر لیا ہے۔معاملہ دھار ضلع ہیڈکوارٹر سے تقریباً 90 کلومیٹر دور آدیواسی اکثریتی باغ تھانہ حلقے کے ایک گاؤں کا ہے ۔قابل ذکر ہے کہ ایک دلت لڑکے سے آدیواسی سماج کی 21 سالہ لڑکی کی محبت سے ناراض اہل خانہ نے لڑکی کو لاٹھیوں سے پیٹا جس کا ویڈیو وائرل ہوا تھا۔
غور طلب ہے کہ یہ واقعہ 25 جون کا ہے لیکن اس کا پتہ 3 دن بعدچلا جب اس کا ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوا۔باغ تھانہ انچارج کملیش سنگھار نے بتایا کہ گتبوری گاؤں کی رہنے والی آدیواسی لڑکی گاؤں کے دلت لڑکے سے محبت کرتی ہے اور کچھ دن پہلے لڑکےکے ساتھ چلی گئی تھی۔ واپس گاؤں آنے پر لڑکی کے رشتہ داروں نے اس کو آدیواسی سماج کے لڑکے سے شادی کرنے کے لئے کہا لیکن لڑکی نے انکار کرتے ہوئے دلت لڑکے سے ہی شادی کرنے کی بات کہی۔
اس سے ناراض ہوکر لڑکی کے رشتہ داروں نے اس کے ساتھ جم کر مارپیٹ کی۔سنگھار نے بتایا کہ پولیس نے گاؤں کے پٹیل کیسر سنگھ کی رپورٹ پر لڑکی کے سات رشتہ دار کے پھتیا، مہیش، سردار، ڈونگرسنگھ، کلا، دلیپ اور گنپت کے خلاف معاملہ درج کیا گیا ہے۔پولیس نے ان میں سے چار لوگوں سردار، مہیش، ڈونگر سنگھ اور کلا کو گرفتار کر لیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سبھی ملزمین کی عمر 30 سے 40 سال کے درمیان ہے۔
سنگھار نے بتایا کہ معاملے میں فرار تین لوگوں کی تلاش کی جا رہی ہے اور پولیس معاملے کی تفصیلی جانچکر رہی ہے۔پولیس میں درج شکایت کے مطابق، لڑکی کی فیملی کے ممبروں نے لڑکی کو گاؤں کے ایک دلت لڑکے کے ساتھ پکڑا، جس کے بعد وہ اس کو گھر لے گئے۔ پھر کمیونٹی کے لوگوں کے ساتھ ملکر اس کو پیٹا۔ لڑکی کو سنگین چوٹیں آئی ہیں۔
اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ آف پولیس روپیش دویدی نے بتایا، ‘ ایف آئی آر درج کی گئی ہے اور لڑکی کے بھائیوں سمیت چار لوگوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔’انہوں نے کہا، ‘ وہ ایک لڑکے کے ساتھ چلی گئی تھی۔ بعد میں وہ اپنے ماں باپ کے ساتھ جانے کے لئے تیار ہو گئی اور ان کے ساتھ چلی گئی۔ اس کے بعد اس کے رشتہ داروں نے اس کی پٹائی کی۔ ایف آئی آر درج کی گئی ہے، اس میں اس کے بھائی کا نام بھی ہے ، اس کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ ‘
(خبر رساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)