مدھیہ پردیش کے وزیر نے کہا –بی جے پی میں شامل ہوں ورنہ وزیر اعلی کا بلڈوزر تیار ہے

مدھیہ پردیش کے پنچایتی وزیر مہندر سنگھ سسودیا کا ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہا ہے، جس میں وہ مبینہ طور پر کانگریس کے کارکنوں کو حکمراں بی جے پی میں شامل ہونے یا وزیر اعلیٰ کے بلڈوزر کا سامنا کرنے کے لیے تیار رہنے کو کہہ رہے ہیں۔

مدھیہ پردیش کے پنچایتی وزیر مہندر سنگھ سسودیا کا ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہا ہے، جس میں وہ مبینہ طور پر کانگریس کے کارکنوں کو حکمراں بی جے پی میں شامل ہونے یا وزیر اعلیٰ کے بلڈوزر  کا سامنا کرنے کے لیے تیار رہنے کو کہہ رہے ہیں۔

مدھیہ پردیش کے پنچایتی وزیر مہندر سنگھ سسودیا۔ (فوٹو بہ شکریہ: فیس بک/مہندر سنگھ سسودیا)

مدھیہ پردیش کے پنچایتی وزیر مہندر سنگھ سسودیا۔ (فوٹو بہ شکریہ: فیس بک/مہندر سنگھ سسودیا)

نئی دہلی: مدھیہ پردیش کی بھارتیہ جنتا پارٹی کی قیادت والی  حکومت میں ایک وزیر نے مبینہ طور پر ریاست میں کانگریس کے عہدیداروں سے حکمراں بی جے پی میں شامل ہونےیا پھر وزیر اعلیٰ کے بلڈوزر کا سامنا کرنے کے لیے تیار رہنے کو کہا ہے۔

مدھیہ پردیش کے پنچایتی وزیر مہندر سنگھ سسودیا کا ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہا ہے، جس میں انہیں بدھ (18 جنوری) کو ضلع کے روتھیائی قصبے میں ایک اجلاس  میں یہ تبصرہ کرتے ہوئے سنا جا سکتا ہے۔

ضلع کے راگھو گڑھ میونسپل کارپوریشن کے 20 جنوری کو ہونے والے انتخابات کے لیے مہم چلاتے ہوئے سسودیا نے مبینہ طور پر ایک میٹنگ میں کہا، اور دیکھو بھیا،جو بھی کانگریسی لوگ ہوں، دھیرے دھیرے کرکے چپ چاپ سرک آؤ، نہیں تو 2023 میں بھی بی جے پی کی حکومت بن رہی ہے۔پھر دیکھ لینا، ماما کا بلڈوزر کھڑا ہی  ہے تیار۔

ریاست میں ‘ماما’ کے نام سے مشہور وزیر اعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان نے اپنی حکومت میں جرائم اور مجرموں کے تئیں ‘زیرو ٹالرنس’ کی پالیسی اپنائی ہے۔

کسی بھی جرم کے ملزم کی جائیداد کو تباہ کرنے کا کوئی قانونی اہتمام نہیں ہے، لیکن بی جے پی کی حکومتیں تجاوزات ہٹانے کی آڑ میں مسماری مہم چلا کر تیزی سے ‘بلڈوزر انصاف’ کر رہی ہیں۔ معلوم ہو کہ مدھیہ پردیش ان ریاستوں میں سے ایک ہے، جہاں بی جے پی اکثر تعزیری سزا کے طور پر لوگوں کے گھروں پر بلڈوزر چلاتی ہے۔

گنا ضلع کانگریس کے سربراہ ہری شنکر وجے ورگیہ نے جوابی حملہ کرتے ہوئے کہا، انہیں سوچ سمجھ کر بولناچاہیے۔راگھو گڑھ کی عوام انہیں 20 جنوری کو ہونے والے انتخابات میں منہ توڑ جواب دے گی۔

راگھوگڑھ کانگریس کے سینئر لیڈر اور راجیہ سبھا ایم پی دگوجے سنگھ کا آبائی حلقہ ہے اور ان کے بیٹے جے وردھن سنگھ مقامی ایم ایل اے ہیں۔

دینک بھاسکر کے مطابق، اپوزیشن لیڈر گووند سنگھ نے کہا، سندھیا کے پیروکار سسودیا نے اپنی حیثیت سے زیادہ بولنا شروع کر دیا ہے۔ ہم ڈرنے والے نہیں ہیں۔ ہمت ہے تو، جے وردھن سنگھ کے خلاف الیکشن لڑ لیں، تو پتہ چل جائے گا کہ سسودیا کتنے پانی میں ہیں۔ راگھو گڑھ کے لوگوں نے سندھیا کی سلطنت کو کبھی قبول نہیں کیا۔ وزراء اقتدار کے نشے میں چور ہیں۔ ایسی باتیں کرکے زیادہ  چاپلوسی کرنا مناسب نہیں ہے۔

وزیر کے بیان پر مقامی کانگریس لیڈروں نے کہا کہ پنچایتی وزیر سسودیا مرکزی وزیر جیوترادتیہ سندھیا کے حامی ہیں۔ ان کے خلاف الیکشن کمیشن میں شکایت کریں گے۔

(خبر رساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)