آرایس ایس چیف موہن بھاگوت کے ریزرویشن پر دئے بیان پر کانگریس کے ترجمان رندیپ سرجےوالا نے کہا کہ غریبوں کے حقوق پر حملہ، آئینی حقوق کو کچلنا، دلتوں-پس ماندہ کے حقوق چھیننا…یہی اصلی بھاجپائی ایجنڈہ ہے۔
موہن بھاگوت(فوٹو : رائٹرس)
نئی دہلی: راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) چیف موہن بھاگوت نے کہا کہ جو ریزرویشن کی حمایت میں ہیں اور جو اس کے خلاف ہیں ان لوگوں کے درمیان اس پر خوشگوار ماحول میں بات چیت ہونی چاہیے۔بھاگوت نے کہا کہ انہوں نے پہلے بھی ریزرویشن پر بات کی تھی لیکن اس سے کافی ہنگامہ ہوا اور پوری بحث اصل مدعے سے بھٹک گئی۔
غور طلب ہے کہ، بھاگوت نے 2015 میں بہار اسمبلی انتخاب سے پہلے بھی ریزرویشن کے مدعے کو اٹھایا تھا، جس پر کئی جماعتوں اور کمیونٹی کی طرف سے شدید رد عمل آیا تھا۔انہوں نے کہا کہ ریزرویشن کی حمایت کرنے والوں کو ان لوگوں کے مفادات کو دھیان میں رکھتے ہوئے بولنا چاہیے جو اس کے خلاف ہیں اور اسی طرح سے اس کی مخالفت کرنے والوں کو اس کی حمایت کرنے والوں کے مفادات کو دھیان میں رکھتے ہوئے بولنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ ریزرویشن پر بحث ہر بار تلخ ہو جاتی ہے جبکہ اس پر سماج کے مختلف طبقوں میں ہم آہنگی ضروری ہے۔ملک میں فی الحال ایس سی کو 15 فیصدی، ایس ٹی کو 7.5 فیصدی، او بی سی یعنی دیگر پسماندہ ذاتوں کے لئے 27 فیصدی اور غریب اشرافیہ کو 10 فیصدی ریزرویشن مل رہا ہے۔
بھاگوت ‘ گیان اُتسو ‘ کے اختتامی سیشن میں بول رہے تھے جو مقابلہ جاتی امتحانوں پر تھا۔ گیان اُتسو کا انعقاد راشٹریہ سویم سیوک سنگھ سے جڑے شکشا سنسکرتی اتتھان نیاس کے ذریعے یہاں اندرا گاندھی نیشنل اوپن یونیورسٹی (اگنو) میں کیا گیا تھا۔بھاگوت نے کہا کہ آر ایس ایس، بی جے پی اور پارٹی کی قیادت والی حکومت تین الگ الگ اکائیاں ہیں اور کسی کو دوسرے کے کاموں کے لئے ذمہ دار نہیں ٹھہرایا جا سکتا۔
نریندر مودی حکومت پر آر ایس ایس کے اثرات کے تصور کے بارے میں بات کرتے ہوئے بھاگوت نے کہا، ‘ چونکہ بی جے پی اور اس حکومت میں سنگھ کارکن ہیں، وہ آر ایس ایس کو سنیںگے، لیکن ان کے لئے ہمارے ساتھ متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔ وہ ہم سے عدم اتفاق بھی رکھ سکتے ہیں۔ ‘انہوں نے کہا کہ چونکہ بی جے پی حکومت میں ہے، اس کو وسیع بنیاد پر دیکھنا ہوگا اور وہ آر ایس ایس کی بات سے غیرمتفق ہو سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک بار پارٹی کے اقتدار میں آنے کا بعد اس کے لئے حکومت اور قومی مفاد ترجیح بن جاتے ہیں۔
وہیں، ‘ ریزرویشن پر خوشگوار ماحول میں چرچہ ‘ سے جڑے آر ایس ایس چیف موہن بھاگوت کے تبصرہ کو لےکر کانگریس نے سوموار کو بی جے پی پر الزام لگایا کہ دلتوں اور پچھڑوں کو ملا ریزرویشن ختم کرنا ہی حکمراں پارٹی کا اصلی ایجنڈہ ہے۔
بھاگوت کے بیان سے جڑی خبر ٹوئٹر پر شیئر کرتے ہوئے کانگریس کے ترجمان رندیپ سرجے والا نے دعویٰ کیا، ‘ غریبوں کے حقوق پر حملہ، آئینی حقوق کو کچلنا، دلتوں-پچھڑوں کے حقوق چھیننا… یہی اصلی بھاجپائی ایجنڈہ ہے۔ ‘انہوں نے یہ بھی کہا، ‘ راشٹریہ سویم سیوک سنگھ-بی جے پی کا دلت-پچھڑا مخالف چہرہ اجاگر ہوا۔ غریبوں کے ریزرویشن کو ختم کرنے کی سازش اور آئین بدلنے کی ان کی اگلی پالیسی بے نقاب ہوئی۔ ‘
(خبر رساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)