مہاراشٹر: ٹرین میں گائے کا گوشت لے جانے کے شبہ میں 72 سالہ بزرگ پر حملہ

یہ واقعہ بدھ کو دھولے-سی ایس ایم ٹی ایکسپریس میں پیش آیا۔ جلگاؤں کے رہنے والے بزرگ اپنی بیٹی سے ملنے کلیان جا رہے تھے، جب کچھ لوگوں نے ان پر غیر قانونی طور پر گائے کا گوشت لے جانے کا الزام لگاتے ہوئے حملہ کر دیا۔ ابتدائی تفتیش کے بعد پولیس نے بتایا ہے کہ بزرگ بھینس کا گوشت لے جا رہے تھے، جس پر پابندی نہیں ہے۔

یہ واقعہ بدھ کو دھولے-سی ایس ایم ٹی ایکسپریس میں پیش آیا۔ جلگاؤں کے رہنے والے بزرگ اپنی بیٹی سے ملنے کلیان جا رہے تھے، جب کچھ لوگوں نے ان پر غیر قانونی طور پر گائے کا گوشت لے جانے کا الزام لگاتے ہوئے حملہ کر دیا۔ ابتدائی تفتیش کے بعد پولیس نے بتایا ہے کہ بزرگ بھینس کا گوشت لے جا رہے تھے، جس پر پابندی نہیں ہے۔

ٹرین حملے کے دوران حاجی اشرف منیر۔ (تصویر: وائرل ویڈیو کا اسکرین شاٹ)

ٹرین حملے کے دوران حاجی اشرف منیر۔ (تصویر: وائرل ویڈیو کا اسکرین شاٹ)

نئی دہلی: مہاراشٹر کے تھانے میں ریلوے پولیس (جی آر پی) نے سنیچر  (31 اگست) کو ان لوگوں کے خلاف ایف آئی آر درج کی ہے، جنہوں نے مبینہ طور پر ممبئی جانے والی ایکسپریس ٹرین میں ایک 72 سالہ بزرگ پر گائے کا گوشت لے جانے کا الزام لگا کر حملہ کیا تھا۔

انڈین ایکسپریس کے مطابق، پولیس نے ابتدائی تفتیش کے بعد بتایا کہ بزرگ بھینس کا گوشت لے جا رہے تھے، جس پر پابندی نہیں ہے۔

یہ واقعہ بدھ (28 اگست) کو دھولے-سی ایس ایم ٹی  ایکسپریس میں پیش آیا۔ پولیس نے بتایا کہ جلگاؤں کے رہنے والے بزرگ اپنی بیٹی سے ملنے کلیان جارہے تھے، جب ٹرین کے ناسک روڈ ریلوے اسٹیشن سے روانہ ہونے اور   اگت پوری پہنچے سے پہلے کچھ لوگوں نے سیٹ کو لے کران کے ساتھ جھگڑا کیا۔

پولیس نے بتایا کہ ان لوگوں نے مبینہ طور پر بزرگ شخص پر غیر قانونی طور گائے کا گوشت لے جانے کا الزام لگاتے ہوئے حملہ کیا۔ انہوں نے بزرگ شخص کو لات اور گھونسے مارے، ان کے ساتھ بدسلوکی کی اور حملے کا ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر پوسٹ کر دیا، جہاں سے یہ وائرل ہو گیا۔

ملزمان نے بزرگ شخص کو کلیان ریلوے اسٹیشن پر اترنے نہیں دیا۔ جب وہ سب تھانے میں ٹرین سے اتر کر چلے گئے اس کے بعد  بزرگ کلیان میں اپنی بیٹی کے گھر جا سکے۔

ویڈیو وائرل ہونے کے بعد ریلوے پولیس نے معاملے کو سنجیدگی سے لیا اور بزرگ شخص کا پتہ لگانے کے لیے ایک ٹیم بھیجی۔ بزرگ شخص نے واقعہ کے حوالے سے کوئی شکایت درج نہیں کرائی تھی۔

جی آر پی کے ایک اہلکار نے بتایا کہ اس کے بعد پولیس کی ایک ٹیم ان کے گھر پہنچی اور انہیں شکایت درج کرانے کے لیے راضی کیا، جس کے بعد ان کے بیانات لیے گئے اور ایف آئی آر درج کی گئی۔

این ڈی ٹی وی کے مطابق، معمر شخص کی شناخت حاجی اشرف منیر کے طور پر ہوئی ہے۔

تھانے جی آر پی کی سینئر انسپکٹر ارچنا دوسانے نے کہا، ’تین مشتبہ افراد کو دھولے میں حراست میں لیا گیا ہے اور انہیں تھانے لایا جا رہا ہے، جہاں واقعہ میں ان کا رول  ثابت ہونے کے بعد انہیں باضابطہ طور پر گرفتار کر کے عدالت میں پیش کیا جائے گا۔‘

شبہ ہے کہ ملزم نوجوان پولیس بھرتی کے لیے دھولے سے ممبئی تھانے آ رہے تھے۔

ملزمان کے خلاف بھارتیہ نیائے سنہتا کی دفعہ 189(2) (غیر قانونی پر اکٹھا ہونا)، 191(2) (دنگا کرنا)، 190 (یکساں مقصد کے لیے غیر قانونی اجتماع)، 126(2) (غلط طریقے سے روکنا)، 115(2) (چوٹ پہنچانا)، 324(4)(5) (نقصان یاچوٹ پہنچانا کے لیے شرارت کرنا)، 351(2)(3) (مجرمانہ دھمکی) اور 352 (امن کی خلاف ورزی کے ارادے سے جان بوجھ کر توہین کرنا) کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

پولیس سی سی ٹی وی فوٹیج اور وائرل ویڈیوکی مدد سے دیگر ملزمین کی تلاش کر رہی ہے۔ انہوں نے ان خبروں کو بھی مسترد کر دیا کہ بزرگ شخص نے خودکشی کر لی ہے۔

غور طلب ہے کہ گائے کے گوشت کے شبہ میں حملے کا ایسا ہی ایک اور واقعہ منگل (27 اگست) کو ہریانہ میں بھی دیکھنے میں آیا تھا، جہاں گائے کا گوشت کھانے کے شبہ میں مبینہ طور پر گئو رکشکوں نے ایک بنگالی مسلم نوجوان کو پیٹ پیٹ کر ہلاک کر دیا تھا ۔