مہاراشٹر: ورار میں اسپتال میں آگ لگنے سے کووڈ 19 کے 13مریضوں کی موت

04:36 PM Apr 24, 2021 | دی وائر اسٹاف

مہاراشٹر میں پال گھر ضلع کے ورار میں جمعہ کو سویرے ایک نجی اسپتال کے آئی سی یو وارڈ میں آگ لگی۔ مہلوکین میں پانچ خواتین اور آٹھ مرد ہیں۔ وزیر اعلیٰ  ادھو ٹھاکرے نے معاملے کی جانچ کے حکم  دیے ہیں۔

(فوٹو: پی ٹی آئی)

مہاراشٹر میں پال گھر ضلع کے ورار میں جمعہ صبح کو ایک نجی اسپتال کے آئی سی یومیں آگ لگنے سے کووڈ 19 سے متاثر13مریضوں کی موت ہو گئی۔پولیس کے ایک افسر نے بتایا کہ ایک اےسی اکائی میں دھماکہ  ہونے کے بعد یہ آگ لگی اور حادثے کے وقت اسپتال میں 90 مریض موجود تھے، جن میں سے 18 مریض آئی سی یو میں تھے۔ مہلوکین میں پانچ خواتین اور آٹھ مردہیں۔

ٹیلی ویژن پر دکھائی جا رہی تصویروں میں آگ کے بعد دھوئیں سے بھر گئے آئی سی یو میں افرا تفری نظر آئی، جہاں کچھ جگہوں پر پنکھے گر گئے، بیڈ اور دیگر فرنیچر بکھرے ہوئے تھے اور مہلوکین کے اہل خانہ اسپتال کے باہر روتے دکھے۔

افسر نے بتایا کہ چار منزلہ وجئے ولبھ اسپتال کے دوسرے تلے پر واقع آئی سی یو میں صبح کے تین بجے آگ لگی۔ آگ بجھانے والی ٹیم  نے آگ پر صبح پانچ بج کر بیس منٹ پر قابو پا لیا۔انہوں نے بتایا کہ واقعہ  کے وقت آئی سی یو میں 18 مریض تھے۔ پانچ مریضوں کو بچا لیا گیا اور انہیں علاقے کے دیگر اسپتالوں میں بھرتی کروایا گیا ہے۔

افسر نے بتایا کہ اسپتال کے دیگر مریض اس سے متاثر نہیں ہوئے، کیونکہ آگ آئی سی یو تک ہی محدود تھی۔صوبے کے وزیر صحت  راجیش ٹوپے نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ  ادھو ٹھاکرے نے واقعہ کی جانچ کے حکم دیے ہیں۔بی جے پی  کےسابق ایم پی  کریٹ سومیہ نے کہا کہ حکام  کو جانچ کرنی چاہیے کہ اسپتال کا فائر سیفٹی آڈٹ کیا گیا تھا یا نہیں۔

یہ اسپتال ممبئی سے تقریباً 50 کیلومیٹر دور ہے۔

اس حادثے سے دو دن پہلے ہی مہاراشٹر میں ناسک کے ایک اسپتال میں آکسیجن سپلائی متاثر ہونے کے بعد کم از کم 22 کووڈ 19 مریضوں کی موت ہو گئی تھی۔ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر کنٹرول سینٹرکے سربراہ  وویکانندکدم نے بتایا کہ ورار کے اسپتال میں آگ آئی سی یو کی اے سی  اکائی میں دھماکہ  کے بعد لگی۔

حادثے کے شکار لوگوں کے گھروالےجانکاری ملتے ہی اسپتال پہنچے۔ انہوں نے اس کے لیے ذمہ دار لوگوں کے خلاف سخت کارروائی کی مانگ کی۔

مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ  ادھو ٹھاکرے نے پال گھر ضلع کے ورار میں ایک نجی اسپتال میں آگ لگنے سے کووڈ 19 کے 13 مریضوں کی موت پر جمعہ  کو سوگواری کا اظہار کیا اور مقامی انتظامیہ  کو حادثے کی جانچ کے حکم دیے۔وزیر اعلیٰ دفتر(سی ایم او)کی جانب  سے جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ ٹھاکرے نے آگ لگنے کی جانکاری ملنے پر انتظامیہ سے بات کی۔

انہوں نے حکام  سے مریضوں کو دوسری جگہوں پر شفٹ کرنے کے لیے کہا۔بیان میں وزیر اعلیٰ  کے حوالے سے کہا گیا،‘آگ کو پوری طرح بجھانے کو ترجیح دیں اور یقینی بنائیں کہ اسپتال میں بھرتی دیگر مریضوں کا علاج متاثر نہ ہو۔’

انہوں نے کہا کہ وجئے ولبھ اسپتال ایک نجی اسپتال ہے اور یہ جانچ کی جائےگی کہ وہاں حفاظتی اقدامات پر عمل کیا جا رہا تھا یا نہیں۔

صوبے کے وزیرصحت  راجیش ٹوپے نے ایک ٹوئٹ میں کہا، ‘ورار کے وجئے ولبھ اسپتال کے آئی سی یو میں لگی آگ میں 13 لوگوں کی جان چلی گئی۔ یہ بےحدافسوسناک  اور دردناک حادثہ ہے۔وزیر اعلیٰ  ٹھاکرے نے حادثے کی گہرائی سے جانچ کرنے کے حکم  دیے ہیں۔’

اسی بیچ وزیر اعظم  نریندر مودی نے آگ لگنے کے اس واقعہ  پرجمعہ  کوسوگواری کا اظہار کیا اوراس حادثے میں مارے گئے لوگوں کے اہل خانہ  کو دودو لاکھ روپے کے معاوضے کا بھی اعلان  کیا۔

وزیر اعظم دفتر کی جانب  سے جاری ایک ٹوئٹ میں وزیر اعظم  مودی نے کہا، ‘ورار کے کووڈ 19 اسپتال میں آگ لگنے کاواقعہ افسوس ناک  ہے۔ میری تعزیت متاثرین  کے ساتھ ہیں۔زخمیوں کے جلدصحت یاب  ہونے کی دعا کرتا ہوں۔’

پی ایم او کے مطابق،مہلوکین  کےاہل خانہ  کو دودو لاکھ روپے اور زخمیوں کو 50 ہزار روپے کی مالی مدد پرائم منسٹر نیشنل ریلیف فنڈ سے دی جائےگی۔وہیں، کانگریس رہنماراہل گاندھی نے ورار میں ایک نجی اسپتال میں آگ لگنے کے واقعہ میں کووڈ مریضوں کی موت پر بھی افسوس کا اظہار کیا۔

انہوں نے ایک ٹیلی گرام پیغام میں کہا، ‘ورار کے وجئے ولبھ کووڈ سینٹر سے افسوس ناک  خبر ملی ہے کہ آگ لگنے سے کئی مریضوں کی موت ہو گئی۔ متاثرین  کے لیے میری تعزیت ہے۔’کانگریس رہنما نے کہا، ‘میں ریاستی سرکار اور کانگریس کارکنوں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ  تمام  ضروری مدد مہیا کرائیں۔’

غورطلب ہے کہ گزشتہ9 اپریل کو مہاراشٹر کے ناگپور میں ایک نجی اسپتال میں آگ لگ جانے سے چار لوگوں کی موت ہو گئی تھی۔

گزشتہ 25-26 مارچ کی درمیانی رات کو ممبئی کے ڈریمس مال میں آگ لگ گئی تھی جس کی تیسری منزل پر کووڈ کے لیے مختص سنرائز اسپتال تھا۔ آگ میں آٹھ لوگوں کی موت ہو گئی تھی، جن میں لائف سپورٹ سسٹم پر رکھے گئے مریض بھی شامل تھے۔

نو جنوری کو مہاراشٹر کے بھنڈارہ ضلع  اسپتال کی خصوصی نوزائیدہ نگہداشت یونٹ میں لگی آگ میں دس نوزائیدہ  بچوں کی موت ہو گئی تھی۔ ایک سے تین مہینے کے 17بچےاس وقت وارڈ میں بھرتی تھے۔

(خبررساں  ایجنسی بھاشاکے ان پٹ کے ساتھ)