یوگی آدتیہ ناتھ کی ریلی میں نظر آئے اخلاق کو پیٹ پیٹ کر مار ڈالنے والے ملزم

01:54 PM Apr 02, 2019 | دی وائر اسٹاف

ریلی میں وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا کہ کون نہیں جانتا بسہڑا میں کیا ہوا؟ سب کو پتا ہے۔ کتنی شرم کی بات ہے کہ سماجوادی حکومت نے تب عوامی جذبات کو دبانے کی کوشش کی اور میں کہہ سکتا ہوں کہ ہماری حکومت بنتے ہی ہم نے غیر قانونی بوچڑ خانوں کو بند کرایا۔

اتوار کو بسہڑا میں وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کی ریلی میں سفید شرٹ اور داڑھی میں محمد اخلاق کے قتل کا کلیدی  ملزم وشال رانا (فوٹو بشکریہ : اے این آئی)

نئی دہلی: اتر پردیش کے وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ  اتوار کو گوتم بدھ نگر کے اسی بسہڑا گاؤں میں ایک ریلی کرنے پہنچے جہاں سال 2015 میں محمد اخلاق کا پیٹ- پیٹ کر قتل کر دیا گیا تھا۔جن ستا کے مطابق، آدتیہ ناتھ کی ریلی میں مقامی بی جے پی کارکن سنجے رانا کا بیٹا اور اخلاق کے قتل کا کلیدی ملزم وشال رانا کے ساتھ پنیت کی بھی پہچان کی گئی۔ وشال نے دعویٰ کیا کہ اخلاق کے قتل کے 19 ملزمین میں سے 16 ملزم ریلی کے دوران موجود تھے۔

واضح ہو کہ وشال پر آئی پی سی کی دفعہ 302 (قتل) اور 307 (قتل کی کوشش) کا معاملہ درج ہے۔ معاملہ فاسٹ ٹریک کورٹ میں زیر التوا ہے اور ابھی الزام طے کیا جانا باقی ہے۔ معاملے کی اگلی سماعت 10 اپریل کو ہوگی۔

پنیت کا نام ایف آئی آر میں نہیں تھا۔ واردات کے تین مہینے بعد اخلاق کی بیٹی شائستہ کے بیان کی بنیاد پر پنیت کو گرفتار کیا گیا تھا۔وشال سمیت تمام ملزمین کو سال 2017 میں الٰہ آباد ہائی کورٹ نے ضمانت دے دی تھی۔وشال نے کہا، ‘ ہاں میں دیگر لوگوں کے ساتھ بی جے پی کی ریلی میں تھا۔ ہم سبھی  بی جے پی کی حمایت کرتے ہیں۔ ‘

ریلی میں وزیراعلیٰ آدتیہ ناتھ نے بسہڑا کے واقعہ کا ذکر بھی کیا۔ انہوں نے کہا کہ پہلے بغیر روک ٹوک کے ریاست میں غیر قانونی بوچڑ خانے چل رہے تھے۔انہوں نے کہا، ‘ کون نہیں جانتا بسہڑا میں کیا ہوا؟ سب کو پتا ہے۔ ‘ انہوں نے کہا، ‘ کتنی شرم کی بات ہے کہ سماجوادی حکومت نے تب جذبات کو دبانے کی کوشش کی اور میں کہہ سکتا ہوں کہ ہماری حکومت بنتے ہی ہم نے غیر قانونی بوچڑ خانوں کو بند کرایا۔ ‘

اس دوران آدتیہ ناتھ نے پچھلی حکومتوں پر ذات کی بنیاد پر لوگوں کو بانٹنے اور ‘ خوش کرنے کی سیاست ‘ کرنے کا الزام لگایا۔ انہوں نے کہا کہ مودی حکومت سماج کے تمام طبقوں کے لئے کام کرتی ہے۔انہوں نے الزام لگایا کہ سماجوادی پارٹی اور بہوجن سماج پارٹی صرف اپنی فیملیوں کی ترقی کے لئے کام کرتی ہیں۔

آدتیہ ناتھ نے ریلی میں کہا، ‘ مئی 2014 میں وزیر اعظم نریندر مودی کے وزیر اعظم بننے کے بعد، ہماری حکومت نے کہا تھا کہ یہ کسی شخص، فیملی، ذات یا مذہب کے لئے کام نہیں کرے‌گی، بلکہ گاؤں، غریبوں، نوجوانوں، خواتین، کسانوں اور سماج کے ہر طبقے لئے کام کرے‌گی۔ ‘

(خبر رساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)