دہلی کی 7 لوک سبھا سیٹوں میں سے کانگریس نے 6 پر امیدوار وں کے نام کا اعلان کر دیا ہے۔ نارتھ ایسٹ دہلی سیٹ پر شیلا دکشت کا مقابلہ بی جے پی کے منوج تیواری سے ہوگا۔ جنوبی دہلی سیٹ سے کسی نام کا اعلان نہیں کیا گیا ہے۔
شیلا دکشت/ فوٹو: پی ٹی آئی
نئی دہلی: لوک سبھا انتخابات 2019 کے لیے کانگریس پارٹی نے سوموار کو دہلی کی 7 میں سے 6 لوک سبھا سیٹوں پر اپنے امیدواروں کا اعلان کر دیا ہے۔
انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق؛کانگریس نے دہلی کی سابق وزیر اعلیٰ اور ڈی پی سی سی کی صدر شیلا دکشت کو نارتھ ایسٹ دہلی سے انتخابی میدان میں اتارا ہے۔ اس سیٹ پر شیلا دکشت کا مقابلہ بی جے پی کے امیدوار منوج تیواری سے ہوگا۔کانگریس نے جے پی اگروال کو چاندنی چوک سیٹ سے ٹکٹ دیا ہے۔
ڈی پی سی سی کے سابق صدر اجئے ماکن نئی دہلی سے الیکشن لڑیں گے جبکہ اروند سنگھ لولی کو نارتھ ایسٹ دہلی سے ٹکٹ دیا گیا ہے۔ 5 بار ایم ایل اے رہ چکے لولی تعلیم،ٹوریزم،اربن ڈیولپمنٹ اینڈ ٹرانسپورٹ جیسی وزارت سنبھال چکے ہیں۔اولمپک جیتنے والے کھلاڑی سشیل کمار کو لے کر بات ہو رہی تھی کہ ان کو پارٹی مغربی دہلی سے ٹکٹ دے سکتی ہے لیکن ایسا نہیں ہوا۔مغربی دہلی سے مہابل مشرا کو ٹکٹ دیا گیا ہے۔
پارٹی نے ابھی جنوبی دہلی سیٹ سے کسی امیدوار کے نام کا اعلان نہیں کیاہے۔ اس سیٹ سے ممکنہ نام رمیش کمار چوہان اور سشیل کمار کے ہیں۔کانگریس کے اس اعلان سے عام آدمی پارٹی کے ساتھ اتحاد کے سبھی امکانات ختم ہو گئے ہیں۔ دونوں پارٹیوں کے بیچ سیٹوں کے بٹوارے کو لے کر بات نہیں بنی۔
غور طلب ہے کہ بی جے پی بھی دہلی میں اپنے 4 امیدواروں کے نام کا اعلان کر چکی ہے۔ بی جے پی کی طرف سے دہلی کی نارتھ ایسٹ سیٹ پر منوج تیواری،مغربی دہلی سے پرویش ورما،ساؤتھ دہلی سے رمیش بدھوڑی اور چاندنی چوک سے ڈاکٹر ہرشوردھن کو ٹکٹ دیا گیا ہے۔