جسٹس سیکری 26 مئی 2019 سے عہدہ سنبھالیںگے۔ وہ 25 مئی 2019 کو اپنی مدت پوری کرنے والے موجودہ چیئرمین جسٹس آروی روندرن کی جگہ لیںگے۔
نئی دہلی: سپریم کورٹ کے سابق جج جسٹس اےکے سیکری کو نیوز براڈکاسٹنگ اسٹینڈرڈ اتھارٹی(این بی ایس اے) کا چیئرمین بنایا گیا ہے۔ جسٹس سیکری 26 مئی 2019 سے عہدہ سنبھالیںگے۔جسٹس اےکے سیکری 25 مئی 2019 کو اپنی مدت پوری کرنے والے این بی ایس اے کے موجودہ چیئرمین جسٹس آروی روندرن کی جگہ لیںگے۔
ایک بیان میں، نیشنل براڈکاسٹرس ایسوسی ایشن(این بی اے)کے صدر رجت شرما نے کہا کہ عدلیہ میں جسٹس سیکری کا وسیع تجربہ اور ایک جج کے طور پر بہتر ریکارڈ یقینی طور پر این بی ایس اے کو مضبوط کرےگا۔
این بی ایس اے خود انضباطی ادارہ ہے جو نیوز انڈسٹری میں نشریاتی ضابطہ اخلاق اور ہدایات کو نافذ کرتا ہے۔ شرما نے یہ بھی کہا کہ یہ ادارہ این بی اے کی کسی بھی طرح کی دخل اندازی سے پوری طرح آزاد رہتا ہے۔واضح ہو کہ 6 مارچ 2019 کو جسٹس اےکے سیکری سپریم کورٹ سے ریٹائر ہوئے تھے۔ جسٹس سیکری اس وقت تنازعے میں آ گئے تھے جب سی بی آئی کے سابق ڈائریکٹرآلوک ورما کا تبادلہ کرنے کا فیصلہ لینے کے بعد یہ خبر آئی تھی کہ مرکز نے ان کو لندن واقعسی ایس اے ٹی میں صدر / ممبر کے خالی عہدے پر نامزد کیا ہے۔
حالانکہ تنازعہ بڑھنے کے بعد جسٹس سیکری نے مودی حکومت کے اس فیصلے کو ٹھکرا دیا تھا۔