دی وائر میں کام کر چکے صحافی پرشانت کنوجیا کو اتر پردیش کے وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کے خلاف مبینہ متنازعہ پوسٹ لکھنے کی وجہ سے یوپی پولیس نے سنیچر دوپہر کو ان کی رہائش گاہ دہلی سے گرفتار کیا ہے۔ حالاں کہ یوپی پولیس گرفتاری سے انکار کر رہی ہے۔
نئی دہلی : دی وائر ہندی کے سابق رپورٹر اور فری لانس صحافی پرشانت کنوجیا کو یو پی پولیس نے مبینہ طور پر یوگی آدیتہ ناتھ مخالف ٹوئٹ کرنے کے الزام میں آج دوپہر دہلی میں ان کے گھر سے گرفتار کر لیا ہے۔
ایف آئی آر کے مطابق کنوجیا کے خلاف تعزیرات ہند کی دفعہ 500 اور آئی ٹی ایکٹ 2008 کے دفعہ 66 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔یہ مقدمہ راکیش پال نامی شخص کی شکایت پر درج کیا گیا ہے۔ شکایت کرنے والے مطابق کنوجیا نے اپنے سوشل میڈیا پر ریاست کے وزیر اعلیٰ یوگی آدیتہ ناتھ کے بارے میں قابل اعتراض پوسٹ ڈال کر ان کی شخصیت کو بدنام کرنے کی کوشش کی ہے۔
بتایا جا رہا ہے کہ کنوجیا کو اس ویڈیو کو پوسٹ کرنے کے لئے گرفتار کیا گیاہے۔
Ishq chupta nahi chupaane se yogi ji pic.twitter.com/dPIexKheou
— Prashant Jagdish Kanojia (@PJkanojia) June 6, 2019
ان کی اہلیہ کے مطابق گرفتار کرنے آئے لوگ سادہ لباس میں تھے اور اپنے آپ کو پولیس اہلکار بتا رہے تھے۔ لیکن انہوں نےکوئی گرفتاری وارنٹ وغیرہ بھی نہیں دکھایا۔ ان کی اہلیہ نے یہ بھی کہا کہ پولیس والوں نے ان سے کہا کہ وہ کسی کو نہ بتائیں کہ اسے کہاں لے جایا جا رہا ہے۔ دریں اثنا، کنوجیا کا فون سوئچ آف آ رہا ہے۔
وہیں اترپردیش پولیس گرفتاری سے انکار کر رہی ہے ۔حضرت گنج تھانہ انچارج رادھا رمن سنگھ نے پرشانت کنوجیا کی گرفتاری کے بارے میں لاعلمی کا اظہار کیا ہے اور کہا کہ وہ لکھنؤ میں ہیں اور ان کو اس بارے میں کوئی جانکاری نہیں ہے۔
لکھنؤ ایس ایس پی کلاندھی نیتھانی کے دفتر میں فون کرنے پر اترپردیش پولیس کے میڈیا اور پریس انچارج آشیش دویدی نے دی وائر کو بتایا کہ ، ہم بھی پرشانت کنوجیا کو ڈھونڈ رہے ہیں۔ان سے یہ پوچھے جانے پر کہ پرشانت کے گھر والوں کے مطابق ان کو سنیچر کی صبح گرفتار کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوئیڈا میں کوئی کیا کہہ رہا ہے ہمیں کیا معلوم ۔
جب ان سے یہ سوال کیا گیا کہ کس الزام میں پرشانت کو تلاش کیا جارہا ہے تو انہوں نے کہا کہ یہ بات جانچ افسرسے پوچھیے ۔ پرشانت کے خلاف مقدمہ درج ہوا ہے۔مقدمہ کس بارے میں درج ہوا ہے یہ پوچھے جانے پر انہوں نے فو ن کاٹ دیا۔
وہیں ایف آئی آر میں بتائے جانچ افسر ویجندر کمار مشرا کو رابطہ کرنے پر انہوں نے بھی یوپی پولیس کے ذریعے پرشانت کنوجیا کی گرفتاری سے انکار کیا ۔انہوں نے کہا ،پرشانت کے خلاف مقدمہ حضرت گنج تھانے میں درج ہوا ہے اور اس بارے میں جانچ جاری ہے۔
یہ پوچھے جانے پر کہ پرشانت کے اہل خانہ ان کو یوپی پولیس کے ذریعے حراست میں لیے جانے کی بات کر رہے ہیں انہوں نے اس سے انکار کیا۔ یہ پوچھے جانے پر کہ اس معاملے میں پولیس کیا کر رہی ہےانہوں نے فو ن کاٹ دیا۔