جھارکھنڈ کے گڑھوا ضلع کا معاملہ۔ بتایا گیا ہے کہ ایک 60 سالہ شخص اپنے مویشیوں کے ساتھ بنشی دھر نگر اُنٹاڑی جا رہا تھا، جب موٹر سائیکل پر سوار تین لوگوں نے انہیں روکا اور گائے کی اسمگلنگ کا الزام لگاتے ہوئےبرہنہ کرکے اپنی موٹر سائیکل سے باندھ دیا۔
نئی دہلی: پولیس نے اتوار کو کہا کہ جھارکھنڈ کے گڑھوا ضلع میں گائے کی اسمگلنگ کے شبہ میں ایک 60 سالہ شخص کو تین افراد نے مبینہ طور پر برہنہ کرکے موٹرسائیکل سے باندھ کر گھسیٹا۔
انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق، یہ واقعہ جھارکھنڈ کی راجدھانی رانچی سے تقریباً 275 کلومیٹر دور امرورا گاؤں کے قریب اس وقت پیش آیا جب جمعہ (17 مئی) کی دوپہر سرسوتی رام نامی شخص اپنے مویشیوں کے ساتھ بنشی دھر نگر انٹاری جا رہا تھا۔
بنشی دھر نگر انٹاری سب ڈویژنل پولیس آفیسر (ایس ڈی پی او) ستیندر نارائن سنگھ نے بتایا کہ اس سلسلے میں ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے۔ ایف آئی آر کے مطابق، تین افراد، جن کی شناخت راہل دوبے، راجیش دوبے اور کاشی ناتھ بھوئیاں کے طور پر ہوئی ہے، ایک موٹر سائیکل پر سوار تھے۔ انہوں نے بزرگ کو روکا اور اس پر گائے کی اسمگلنگ میں ملوث ہونے کا الزام لگایا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ اس کے بعد انہوں نے بزرگ کو برہنہ کر کے اسے اپنی موٹر سائیکل سے باندھ دیا۔ رام نے ایف آئی آر میں کہا، ‘وہ مجھے کچھ فاصلے تک گھسیٹ کر لے گئے اور سڑک پر چھوڑ کر بھاگ گئے۔’
بزرگ کو علاج کے لیے بنشی دھر نگر انٹاری سب ڈیویژنل اسپتال لایا گیا۔ سنگھ نے کہا کہ کاشی ناتھ بھوئیاں کو گرفتار کر لیا گیا ہے، جبکہ باقی ملزمان کو پکڑنے کے لیے تلاشی مہم جاری ہے۔