آر ٹی آئی کارکن امت جیٹھوا نے گر جنگل علاقے میں غیر قانونی کان کنی کو سامنے لانے کی کوشش کی تھی، جس کی وجہ سے 2010 میں گجرات ہائی کورٹ کے باہر ان کا قتل کر دیا گیا تھا۔
نئی دہلی: آر ٹی آئی کارکن امت جیٹھوا کے قتل کے معاملے میں سی بی آئی کی ایک خصوصی عدالت نے بی جے پی کے سابق رکن پارلیامان دینو سولنکی سمیت سات لوگوں کو سنیچر کو مجرم قرار دیا۔جیٹھوا نے گر جنگل علاقے میں غیر قانونی کان کنی کو سامنے لانے کی کوشش کی تھی ، جس کی وجہ سے 2010 میں گجرات ہائی کورٹ کے باہر ان کا قتل کر دیا گیا تھا۔
اس معاملے میں سی بی آئی کے اسپیشل جج کے ایم دوے 11 جولائی کو سزا کا اعلان کریںگے۔کرائم برانچ کے ذریعے سولنکی کو کلین چٹ دئے جانے کے بعد گجرات ہائی کورٹ نے تفتیش سی بی آئی کو سونپ دی تھی۔
Ahmedabad: CBI Court finds seven people guilty in RTI activist Amit Jethva murder case, including former BJP MP Dinu Bogha Solanki. Quantum of punishment to be pronounced on 11th July.
— ANI (@ANI) July 6, 2019
عدالت نے 2009 سے 2014 تک گجرات کے جوناگڑھ کی نمائندگی کر چکے سولنکی کو ان کے چچا زاد بھائی شیو سولنکی اور پانچ دیگر کے ساتھ آئی پی سی کے تحت قتل اور مجرمانہ سازش کے الزامات میں مجرم قرار دیا۔معاملے میں قصوروار پائے گئے پانچ دیگر ملزمین میں شیلیش پنڈیا، بہادر سنگھ وڈھیر، پنچین جی دیسائی، سنجے چوہان اور ادئےجی ٹھاکور ہیں۔
وکیل جیٹھوا نے آر ٹی آئی عرضی کے ذریعے دینو سولنکی کے مبینہ طور پر غیر قانونی کان کنی سے متعلق سرگرمیوں میں ملوث ہونے کو اجاگر کرنے کی کوشش کی تھی۔ جیٹھوا نے 2010 میں گر جنگل علاقے میں غیر قانونی کان کنی کے خلاف ہائی کورٹ میں ایک مفاد عامہ کی عرضی بھی دائر کی تھی۔دینو سولنکی اور شیو سولنکی مفاد عامہ کی عرضی میں مدعا علیہ بنائے گئے تھے۔ جیٹھوا نے غیر قانونی کان کنی میں ان کے ملوث ہونے کو اجاگر کرنے کے لئے کئی دستاویز پیش کئے تھے۔
مفاد عامہ کی عرضی پر سماعت کے وقت ہی گجرات ہائی کورٹ کے باہر 20 جولائی 2010 کو جیٹھوا کا قتل کر دیا گیا تھا۔ مرحوم کے والد بھیکھابھائی جیٹھوا کے ہائی کورٹ کا رخ کرنے کے بعد عدالت نے معاملے کی نئے سرے سے تفتیش کا حکم دیا تھا۔انہوں نے ہائی کورٹ سے کہا تھا کہ ملزمین کے ذریعے دباؤ ڈالنے کی وجہ سے تقریباً 105 گواہ مکر گئے۔
جیٹھوا کے والد بھیکھابھائی نے سنیچر کو آئے فیصلے کو انڈین جوڈیشیل سسٹم اور آئین کی جیت بتایا۔انہوں نے کہا، ‘ یہ ثابت کرتا ہے کہ انڈین جوڈیشیل سسٹم اب بھی زندہ ہے اور سولنکی جیسے مجرم کو عدالت کے کٹہرے میں لایا گیا۔ ‘جیٹھوا کی فیملی کو قانونی مدد مہیا کرنے والے وکیل آنند یاگیہ نک نے کہا کہ یہ طاقتور شخص کے خلاف عام آدمی کی جیت ہے۔
(خبر رساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)