گجرات کی کل 182 رکنی اسمبلی کے لیے پہلے مرحلے میں 89 اور دوسرے مرحلے میں 93 سیٹوں پر ووٹ ڈالے جائیں گے۔ ریاست میں گزشتہ چھ اسمبلی انتخابات میں بی جے پی نے لگاتار جیت درج کی ہے۔ 2017 کے اسمبلی انتخاب میں بی جے پی نے 99 سیٹیں جیتی تھیں، جبکہ کانگریس کو 77 سیٹیں ملی تھیں۔
گجرات اسمبلی انتخابات کی تاریخوں کا اعلان کرنے کے لیے جمعرات کو دہلی میں ایک پریس کانفرنس کے دوران الیکشن کمشنر انوپ چندر پانڈے (دائیں) چیف الیکشن کمشنر راجیو کمار کے ساتھ۔ (تصویر: پی ٹی آئی)
نئی دہلی: گجرات میں اسمبلی انتخاب کے لیے ووٹنگ دو مرحلوں میں 1 اور 5 دسمبر کو ہوگی اور ووٹوں کی گنتی 8 دسمبر کو ہماچل پردیش کے ساتھ ہی ہوگی۔
چیف الیکشن کمشنر راجیو کمار نے جمعرات کو قومی دارالحکومت میں منعقدہ ایک پریس کانفرنس میں اس کا اعلان کیا۔
گجرات کی کل 182 رکنی اسمبلی کے لیے پہلے مرحلے میں 89 اور دوسرے مرحلے میں 93 سیٹوں پر ووٹ ڈالے جائیں گے۔
پہلے مرحلے میں امیدواروں کے لیے نامزدگی کا پرچہ داخل کرنے کی آخری تاریخ 14 نومبر اور دوسرے مرحلے میں 17 نومبر ہے۔ پہلے مرحلے میں نامزدگی کی جانچ پڑتال کی تاریخ 15 نومبر اور دوسرے مرحلے میں 18 نومبر رکھی گئی ہے۔
اس کے علاوہ پہلے مرحلے کے لیے امیدواری واپس لینے کی آخری تاریخ 15 نومبر اور دوسرے مرحلے کے لیے 18 نومبر مقرر کی گئی ہے۔
اس سال 4.9 کروڑ سے زیادہ ووٹر ووٹ ڈالنے کے اہل ہیں۔ اس بار 51 ہزار سے زائد پولنگ اسٹیشن بنائے جائیں گے، جن میں دیہی علاقوں کے 34 ہزار سے زائد پولنگ مراکز بھی شامل ہیں۔
گجرات میں گزشتہ چھ اسمبلی انتخابات میں بی جے پی نے لگاتار جیت درج کی ہے۔ 2017 کے اسمبلی انتخابات میں بی جے پی نے 99 سیٹیں جیتی تھیں، جبکہ کانگریس کو 77 سیٹیں ملی تھیں۔
فیصد کے لحاظ سے اس الیکشن میں بی جے پی کو 49.05 فیصد ووٹ ملے تھے، جبکہ کانگریس کو 42.97 فیصد ووٹ ملے تھے۔
گزشتہ اسمبلی انتخاب کے بعد کانگریس کے کئی ایم ایل اے بی جے پی میں شامل ہو گئے ۔ اس کی وجہ سے اسمبلی میں بی جے پی ممبران کی تعداد بڑھ کر 111 ہو گئی جبکہ کانگریس ممبران کی تعداد گھٹ کر 62 ہو گئی۔
دہلی کی حکمران عام آدمی پارٹی بھی اس بار کے اسمبلی انتخابات میں اپنی طاقت کا مظاہرہ کر رہی ہے۔ پنجاب اسمبلی انتخاب میں کامیابی کے بعد دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال اب تک درجنوں بار وہاں کا دورہ کر چکے ہیں۔
وزیر اعظم نریندر مودی بھی گزشتہ کچھ عرصے سے اپنی آبائی ریاست گجرات کے علاوہ ہماچل پردیش کا بھی دورہ کر رہے ہیں۔ گزشتہ دنوں انہوں نے گجرات میں سینکڑوں کروڑ روپے کے منصوبوں کا افتتاح اور سنگ بنیاد رکھا ہے۔
انڈین ایکسپریس کی خبر کے مطابق، چیف الیکشن کمشنر راجیو کمار نے پروگرام کا اعلان کرنے سے پہلے موربی پل حادثے کے متاثرین سے تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ حادثے میں کم از کم 135 افراد کی موت کی وجہ سے انتخابی شیڈول کے اعلان میں تاخیر ہوئی۔
گجرات اسمبلی کی مدت 18 فروری 2023 کو ختم ہو رہی ہے۔ انتخابی شیڈول کے اعلان کے ساتھ ہی ریاست میں ماڈل ضابطہ اخلاق نافذ ہو گیا ہے۔ مرکز نے انتخابات سے قبل سینٹرل آرمڈ پولیس فورس کی 160 کمپنیاں تعینات کی ہیں۔
اس سے پہلے اکتوبر کے مہینے میں الیکشن کمیشن نے
ہماچل پردیش اسمبلی انتخاب کی تاریخ کا اعلان کیا تھا۔ اس پہاڑی ریاست میں 12 نومبر کو ایک ہی مرحلے میں پولنگ ہوگی، جبکہ ووٹوں کی گنتی 8 دسمبر کو ہوگی۔
(خبررساں ایجنسی بھاشاکے ان پٹ کے ساتھ)