ناگپور میں ہلبا سماج مہاسنگھ کی گولڈن جوبلی تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی وزیر نتن گڈکری نے کہا کہ وہ اکثر مذاق میں کہتے ہیں کہ بھگوان کا سب سے بڑا احسان یہ ہے کہ وہ برہمن پیدا ہوئے اور انہیں ریزرویشن نہیں ملا۔ انہوں نے مزید کہا کہ انسان ذات سے نہیں بلکہ اپنی صلاحیتوں سے بڑا ہوتا ہے۔
نتن گڈکری۔ (تصویر: فیس بک)
نئی دہلی: مرکزی وزیر اور بی جے پی لیڈر نتن گڈکری نے کہا ہے کہ وہ اکثر مذاق میں کہتے ہیں کہ بھگوان نے ان پر جو سب سے بڑا احسان کیا ہے وہ یہ ہے کہ وہ برہمن پیدا ہوئے اور انہیں ذات پر مبنی ریزرویشن نہیں ملا ۔
گڈکری نے کہا، ‘میں لوگوں سے کہتا ہوں کہ کوئی بھی شخص اپنی ذات، مذہب یا زبان سے بڑا نہیں ہوتا، بلکہ اپنی صلاحیتوں سے بڑا ہوتا ہے۔ دراصل، میں اکثر مذاق میں کہتا ہوں کہ بھگوان نے مجھ پر سب سے بڑا احسان یہ کیا ہے کہ میں برہمن پیدا ہوا اور مجھےریزرویشن نہیں ملا۔’
دکن ہیرالڈ کی رپورٹ کے مطابق ، گڈکری نے یہ بات ناگپور (اپنے لوک سبھا حلقہ) میں منعقدہ ہلبا سماج مہاسنگھ کی گولڈن جوبلی تقریبات میں کہی۔
گڈکری نے مزید کہا کہ مہاراشٹر میں مراٹھا برادری کا سماجی اور سیاسی اثر بہت زیادہ ہے، لیکن برہمن برادری کو اتنی اہمیت یا غلبہ حاصل نہیں ہے۔
مرکزی وزیر نے کہا کہ برہمنوں کی موجودگی شمالی ہندوستان کی ریاستوں جیسے اتر پردیش اور بہار میں واضح طور پر نظر آتی ہے۔ انہوں نے کہا،’میں جب بھی وہاں جاتا ہوں، تومیں دیکھتا ہوں کہ دوبے، مشرا اور ترپاٹھی کافی طاقت اور اثر و رسوخ رکھتے ہیں۔’
گڈکری نے یہ بھی کہا، ‘میں ہمیشہ لوگوں سے کہتا ہوں کہ میں ذات اور مذہب میں یقین نہیں رکھتا۔ کوئی شخص ذات، مذہب یا زبان سے نہیں بلکہ اپنی صلاحیتوں سےبڑا ہوتا ہے۔’