سابق کرکٹر گوتم گمبھیر بی جے پی میں شامل

10:18 AM Mar 23, 2019 | دی وائر اسٹاف

گوتم گمبھیر نے کہاکہ وہ وزیر اعظم نریندر مودی کے خیالات سے متاثر ہو کر بی جے پی میں شامل ہوئے ہیں۔

فوٹو: اے این آئی

نئی دہلی:سابق کرکٹر گوتم گمبھیر جمعہ کو بی جے پی میں شامل ہو گئے۔مرکزی وزیر ارون جیٹلی اور روی شنکر پرساد نے گمبھیر کو پارٹی کی رکنیت دلائی۔اس موقع پر  گوتم گمبھیر نے کہاکہ وہ وزیر اعظم نریندر مودی کے خیالات سے متاثر ہو کر بی جے پی میں شامل ہوئے ہیں۔یہ ملک کے لیے کچھ کرنے کا موقع ہے۔حالانکہ بی جے پی نے ابھی یہ واضح نہیں کیا ہے کہ گوتم گمبھیر کہاں سے الیکشن لڑیں گے۔جیٹلی نے کہا،’یہ فیصلہ پارٹی لے گی۔’

وزیر خزانہ ارون جیٹلی نے گوتم گمبھیر کے سیاست میں داخل ہونے کا اعلان کرتے ہوئے کہا،’ہم ایک کیڈر مبنی پارٹی ہیں لیکن ہم نے ایسے لوگوں کو بھی شامل کیا ہے جنھوں نے  مختلف شعبوں میں عمدہ  مظاہرہ کیا ہے۔ہمیں یقین ہے کہ گوتم گمبھیر کی موجودگی سے پارٹی کو فائدہ ہوگا۔’

غور طلب ہے کہ گزشتہ کچھ دنوں سے یہ قیاس لگائے جا رہے تھے کہ گوتم گمبھیر بی جے پی میں شامل ہو سکتے ہیں۔وہیں ارون جیٹلی نے کانگریسی رہنما سیم پترودا کے ذریعے بالا کوٹ ایئر اسٹرائک میں موت کے اعداد و شمار پر اٹھائے گئے سوال پر رد عمل کا اظہار کیا ہے۔

جیٹلی نے کہا ،’وہ مانتے ہیں کہ ہم نے جو کیا وہ غلط تھا۔ دنیا کے کسی بھی ملک نے یہ سوال نہیں کیا،یہاں تک کہ او آئی سی نے بھی یہ نہیں کہا۔صرف پاکستان کا یہ خیال تھا۔ بد قسمتی سے ایسے لوگ سیاسی پارٹی کے مفکر ہیں۔’

واضح ہو کہ خبر رساں ایجنسی اے این آئی کو دیے ایک انٹرویو میں پترودا نے کہا،’اگر انھوں نے (ایئر فورس )300 لوگوں کو مارا ہے، ٹھیک ہے۔میں صرف یہ کہہ رہا ہوں کہ آپ مجھے فیکٹ دیجیے اور اس کو ثابت کیجیے۔’