دہلی کی تیس ہزاری کورٹ میں معاملے کی شنوائی 1 مئی کو کی جائے گی۔
نئی دہلی: عام آدمی پارٹی نے جمعہ کو دعویٰ کیا کہ ایسٹ دہلی لوک سبھا حلقہ سے بی جے پی امیدوار گوتم گمبھیر کا نام ووٹرس لسٹ میں دو بار درج ہے۔ عآپ نے گمبھیر کے خلاف تیس ہزاری کورٹ میں شکایت درج کی ہے۔ کورٹ میں معاملے کی شنوائی کی تاریخ 1 مئی ہے۔ایسٹ دہلی سے عآپ کی امیدوار آتشی نے کہا کہ یہ مجرمانہ معاملہ ہے اور گمبھیر کی امیدواری فوراً رد کی جانی چاہیے ۔
انھوں نے کہا،’ہم نے اس معاملے میں گمبھیر کے خلاف تیس ہزاری کورٹ میں شکایت درج کرائی ہے۔’انھوں نے ٹوئٹ کر کہا،’گوتم گمبھیر کو ووٹ دے کر آپ اپنا ووٹ برباد نہ کریں،ان کو جلد ہی 2 ووٹر آئی ڈی کارڈ رکھنے کے لیے نا اہل قرار دے دیا جائے گا۔اپنا ووٹ برباد نہ کریں۔’
آتشی نے الزام لگایا کہ گمبھیر کے پاس راجیندر نگر اور قرول باغ کے 2 ووٹر آئی ڈی ہیں اور ان کو اس جرم کے لیے ایک سال تک کی سزا کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ کرکٹ سے سیاست میں آئے گوتم گمبھیر کی طرف سے اس معاملے میں ابھی کوئی ردعمل نہیں سامنے نہیں آیا ہے۔
غور طلب ہے کہ سابق کرکٹر گوتم گمبھیرایسٹ دہلی لوک سبھا حلقہ سے بی جے پی کے امیدوار ہیں۔وہ حال ہی میں
بی جے پی میں شامل ہوئے ہیں۔پارٹی جوائن کرنے کے بعد انھوں نے کہا تھا کہ ‘ وہ وزیر اعظم نریندر مودی کے خیالات سے متاثر ہو کر بی جے پی میں شامل ہوئے ہیں۔یہ ملک کے لیے کچھ کرنے کا موقع ہے۔’
(خبر رساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)