بہار کے بیگوسرائے ضلع میں ایک انتخابی ریلی کے دوران مرکزی وزیر اور این ڈی اے کے لوک سبھا امیدوار گریراج سنگھ نے کہا تھا قبر کے لیے اگر زمین چاہیے تو وندے ماترم بولنا پڑے گا۔
نئی دہلی: بہارکے بیگوسرائے سے این ڈی اے امیدوار گریراج سنگھ کے خلاف قبر سے متعلق بیان کو لے کر ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔ الزام ہے کہ 24 اپریل کو بیگو سرائے میں ایک انتخابی ریلی میں انھوں نے قلیتوں کے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچانے والا بیان دیا تھا۔ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسر کو ڈی ایم (District Election Officer Co DM)راہل کمارنے معاملے میں از خود نوٹس لیتے ہوئےگزشتہ جمعرات کو گریراج سنگھ کے خلاف ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا معاملہ درج کیا ہے۔
غور طلب ہے کہ گریراج سنگھ نے بدھ کو عوامی جلسے میں کہا تھا،’ میں کہنا چاہتا ہوں کہ جو وندے ماترم نہیں کہہ سکتا ، جو مادر وطن کو سجدہ نہیں کرسکتا… ارے گریراج کے تو بابا دادا سمریاگھاٹ میں گنگا کنارے مرے اور اسی سرزمین پر پھر ہم نے کوئی قبر نہیں بنایا۔ تمہیں تو تین ہاتھ کی جگہ بھی چاہیے اگر تم نہیں کر پاؤگے تو ملک کبھی معاف نہیں کرے گا۔’
گریراج سنگھ نے جس وقت یہ تبصرہ کیا تھا اس وقت منچ پر بی جے پی صدر امت شاہ اور بہار کے نائب وزیر اعلیٰ سشیل کمار مودی بھی موجود تھے۔ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسر نے کہا کہ گریراج کو مذکورہ بالا بیان اقلیتوں کے مذہبی احساسات و جذبات کو ٹھیس پہنچانے والا ہے جو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہے۔انھوں نے گریراج کے خلاف عوامی نمائندگی قانون 1951 کی دفعہ 125اور 123، آئی پی سی کی دفعہ 153 اے،153 بی،295 اے، 171 سی،188، 298 اور 505 دو کے تحت ایف آئی آر درج کرائی ہے۔
بیگوسرائے لوک سبھا سیٹ پر اس بار مقابلہ سہ رخی ہو گیا ہے۔ بی جے پی کی طرف سے جہاں گریراج سنگھ انتخابی میدان میں ہیں،آر جے ڈی نے تنویر حسن کو میدان میں اتارا ہے اور سی پی آئی نے جے این یو اسٹوڈنٹ یونین کے سابق صدر کنہیا کمار کو اپنا امیدوار بنایا ہے۔
(خبر رساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)