دہلی میں فضائی آلودگی کا قہر، ای پی سی اے نے کیا ایمرجنسی کا اعلان، 5 نومبر تک سبھی اسکول بند

03:47 PM Nov 02, 2019 | دی وائر اسٹاف

ای  پی سی اےنے کہا ہے کہ ، ہم اس کو صحت عامہ کے مدنظر ایک ایمر جنسی کی طرح لے رہے ہیں کیوں فضائی آلودگی کا صحت پر خطرناک اثر ہوگا، خاص طو رسے بچوں کی صحت کو اس سے زیادہ خطرہ ہے۔

فوٹو: پی ٹی آئی

نئی دہلی : سپریم کورٹ کے ذریعے تشکیل دیے گئے پینل نے جمعہ کو دہلی میں صحت عامہ کے مدنظر ایمرجنسی کا اعلان کرتے ہوئے 5 نومبر تک سبھی کنسٹرکشن ورک پر پابندی لگادی ہے ۔ انوائرمنٹ پالیوشن (پریونشن اینڈ کنٹرول) اتھارٹی یعنی ای پی سی اے نے فضائی آلودگی کے خطرناک سطح میں پہنچنے کی وجہ سے پوری سردی کے دوران پٹاخے جلانے پر بھی پابندی لگادی ہے۔

ای پی سی اے کے صدر بھورے لال نے اترپردیش ، ہریانہ اور دہلی میں چیف سکریٹری کو لکھے خط میں کہا ہے کہ جمعرات کی رات دہلی –این سی آر میں ایئر کوالٹی بہت خراب ہوگئی اور اب وہ بے حد خطرناک سطح کو پہنچ گئی ہے ۔ انہوں نے اپنے خط میں کہا ہے ، ہم اس کو صحت عامہ کے مدنظر ایک ایمر جنسی کی طرح لے رہے ہیں کیوں فضائی آلودگی کا صحت پر خطرناک اثر ہوگا، خاص طو رسے بچوں کی صحت کو اس سے زیادہ خطرہ ہے۔

واضح ہوکہ دہلی میں دیوالی کے بعد سے ہی فضائی آلودگی خطرناک سطح کو پہنچ رہی ہے ۔ آسمان میں دھند اتنی بڑھ گئی ہے کہ کہیں بھی دھوپ نظر نہیں آرہی ہے ۔ آنکھوں میں جلن اور گلے میں الرجی سے تقریباً ہر آدمی پریشان ہے ۔

بدھ کی صبح دہلی کی ایئر کوالٹی انڈیکس 400 کے پار رہی ۔ حکومت نے  اسکولوں میں چھٹی کا اعلان کر دیا ہے ۔ دہلی میں 5 نومبر تک اسکول بند رہیں گے ۔ اس بات کی جانکاری دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے ٹوئٹ کے ذریعے دی ہے ۔ انہوں نے کہا ہے کہ ، دہلی میں پرالی کے بڑھتے دھوئیں کی وجہ سے آلودگی کی سطح میں بہت  زیادہ اضافہ ہوگیا ہے ۔ اس لیے حکومت نے فیصلہ لیا ہے کہ دہلی کے تمام اسکول 5 نومبر تک بند رہیں گے۔

دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے دہلی میں آلودگی کے لیے پنجاب اور ہریانہ حکومت  کو ذمہ دار ٹھہرایا ہے ۔انہوں نے اس کے لیے کانگریس اور بی جے پی کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا ہے ۔ انہوں نے قومی راجدھانی کو گیس چیمبر بتاتے ہوئے ٹوئٹ کیا ہے کہ ۔ کھٹر اور کیپٹن حکومتیں اپنے کسانوں کو پرالی جلانے  پر مجبور کر رہی ہیں جس وجہ سےدہلی میں آلودگی میں شدید اضافہ ہورہا ہے۔ کل پنجاب اور ہریانہ بھون پر لوگوں نے مظاہرہ کرکے وہاں کی سرکاروں کے خلاف اپنے غصے کا اظہار کیا ۔

انہوں نے اپنے ایک اور ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ ، پڑوسی ریاستوں میں پرالی کے دھوئیں کی وجہ سے دہلی گیس چیمبر میں بدل گئی ہے ۔ یہ بہت اہم ہے کہ ہم خود کو اس زہریلی ہوا سے بچائیں ۔ پرائیویٹ اسکولوں کے وسیلے سے ہم نےآج 50 لاکھ ماسک باٹنا شروع کیا ہے ۔ میں سبھی دہلی کی عوام سے اپیل کرتا ہوں کہ جب بھی ضرورت ہو اس کا استعمال کریں ۔

دریں اثنا دہلی حکومت کے ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن کے سرکلر کے مطابق، دہلی کے سبھی نجی اور سرکاری اسکولوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ بچوں کے گارجین کو موجودہ فضائی آلودی کے تئیں بیدار کریں ۔ ان کو سمجھائیں کہ جب تک فضائی آلودی گی خطرناک سطح پر ہے تب تک بچوں کو آؤٹ ڈور گیم اور سرگرمیوں کے لیے نہ بھیجیں ، کیوں کہ آلودگی کی موجودہ سطح سے بچوں کی صحت کو نقصان ہو سکتا ہے۔

(خبررساں ایجنسی پی ٹی آئی کے ان پٹ کے ساتھ)