مرکزی وزیر پرکاش جاویڈکر نے ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ دہلی الیکشن میں کانگریس کے اچانک غائب ہونے کی وجہ سے ان کی پارٹی اور عام آدمی پارٹی کے بیچ سیدھا مقابلہ ہو گیا، جس کی وجہ سےبی جے پی کی ہار ہوئی۔
فوٹو: فیس بک PrakashJavadekarOfficial
نئی دہلی: مرکزی وزیر پرکاش جاویڈکر نے جمعہ کو کہا کہ کانگریس کا ‘اچانک غائب ہو جانا’ ہی دہلی اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کی ہار کے لیے ذمہ دار ہے کیونکہ اس سے ان کی پارٹی اور عام آدمی پارٹی (عآپ) کے بیچ سیدھا مقابلہ ہو گیا۔اروند کیجریوال کی قیادت والی عآپ نے دہلی اسمبلی کی 70 میں سے 62 سیٹیں جیتیں جبکہ بی جے پی محض آٹھ سیٹ ہی جیت پائی۔ کانگریس لگاتار دہلی کے دوسرے اسمبلی الیکشن میں اپنا کھاتہ نہیں کھول پائی۔
جاویڈکر نے یہاں پریس کانفرنس میں کہا، ‘دہلی الیکشن میں بی جے پی کی ہار کانگریس کے اچانک غائب ہونے کی وجہ سے ہوئی۔ یہ الگ موضوع ہے کہ کیا کانگریس (اپنے آپ) غائب ہوئی یا لوگوں نے اسے غائب کر دیا یا پھر ان کے ووٹ دوسری جگہ (عآپ کے پاس) چلے گئے۔’انہوں نے کہا کہ لوک سبھا الیکشن میں 26 فیصدی ووٹ حاصل کرنے والی کانگریس دہلی اسمبلی انتخابات میں صرف چار فیصدی ووٹ حاصل کر پائی۔
انہوں نے کہا، ‘کانگریس کے غائب ہو جانے کی وجہ سےبی جے پی اور عآپ میں سیدھا مقابلہ ہو گیا۔ ہمیں اپنے لیے 42 فیصدی ووٹ اور عآپ کے لیے 48 کا اندازہ تھا لیکن ہمارا اندازہ دونوں کے لیے تین فیصدی سے ناکام ہو گیا۔ ہمیں 39 فیصدی ووٹ ملے جبکہ عآپ نے 51 فیصدی ووٹ حاصل کیے۔’وزیر نے کہا کہ الیکشن میں اتار چڑھاؤ ہوتے رہتے ہیں، لیکن بی جے پی ان سبھی چیزوں کا تجزیہ کرتی ہے۔
اس کے ساتھ ہی مرکزی وزیر نے اس بات سے بھی
انکار کیا کہ دہلی الیکشن کی تشہیر کے دوران انہوں نے دہلی کے وزیراعلیٰ اروند کیجریوال کو ‘دہشت گرد’ کہا تھا۔حالانکہ ایسا کہتے ہوئے انکا ویڈیو پبلک پلیٹ فارم پر موجود ہے۔
غور طلب ہے کہ انتخابی تشہیر کے دوران بی جے پی ایم پی پرویش ورما نے ایک عوامی جلسہ کے دوران کیجریوال کو دہشت گرد کہا تھا۔ تین فروری کو ہوئی ایک پریس کانفرنس کے دوران مرکزی وزیر نے بھی انہیں کی بات دہرائی تھی۔انہوں نے کہا تھا، ‘کیجریوال معصوم چہرہ بناکر پوچھ رہے ہیں کہ کیا وہ آتنکوادی ہیں، آپ آتنکوادی ہیں اور اس کے تمام ثبوت بھی ہیں۔’
(خبر رساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)