کیرالہ سے تعلق رکھنے والے ایک صحافی نے عید کے دن دہلی میں ریپیڈو ایپ کے ذریعے گاڑی بک کی تھی۔ الزام ہے کہ ڈرائیور نے مسافر کی مذہبی پہچان پتہ چلنے کے بعد انہیں لے جانے سے منع کر دیا۔ معاملہ طول پکڑنے کے بعد ریپیڈو نے عوامی طور پر معافی مانگی اور ڈرائیور کے رویے کو ‘پوری طرح سے ناقابل قبول’ قرار دیا۔

ریپیڈو کا لوگو (فوٹو بہ شکریہ: وکی پیڈیا)
نئی دہلی: دہلی میں عید کے موقع پر مبینہ مذہبی امتیاز کا ایک معاملہ سامنے آیا ہے، جہاں ایک بائیک ٹیکسی سروس ریپیڈو کے ڈرائیور نے ایک مسلم سواری کو رائیڈ دینے سے منع کر دیا۔ یہ واقعہ 21 مارچ کا بتایا جا رہا ہے، جس کا ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گیا ہے۔
ٹائمز آف انڈیا کی خبر کے مطابق، کیرالہ کے رہائشی صحافی زین نے عید کے دن ریپیڈو ایپ کے ذریعے گاڑی بک کی تھی۔ الزام ہے کہ ڈرائیور، جن کی شناخت سبھاش راوت کے طور پر بتائی جا رہی ہے، نے مسافر کی مذہبی شناخت پتہ چلنے کے بعد انہیں رائیڈ دینے سے منع کر دیا۔
اس واقعہ سے متعلق وائرل آڈیو میں سنا جا سکتا ہے کہ صحافی ڈرائیور سے پوچھتے ہیں کہ کیا انہیں مسلمان ہونے کی وجہ سے منع کیا جا رہا ہے؟ اس پر ڈرائیور جواب دیتے ہیں،’ہاں، مسلمان میری گاڑی میں الاؤڈنہیں ہیں۔’
Eid Mubarak! Such a nice to way to receive this Eid wish from one of your drivers @rapidobikeapp in Delhi. #Islamophobia #Eid pic.twitter.com/cFyTRNXnix
— A. Zain (@Abidz01) March 21, 2026
ڈرائیور مزید کہتے ہیں کہ یہ اس کی ذاتی گاڑی ہے اور اس میں مسلمانوں کے بیٹھنے کی اجازت نہیں ہے۔
قابل ذکر ہے کہ اس واقعہ کا ویڈیو سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا پر لوگوں نے شدید ناراضگی کا اظہار کیا اور ڈرائیور کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔
معاملہ طول پکڑنے کے بعد ریپیڈو نے بھی عوامی طور پر معافی مانگتے ہوئے ڈرائیور کے رویے کو’پوری طرح سے ناقابل قبول’ قرار دیا۔ اخبار کے مطابق، ریپیڈو نے ڈرائیور کی خدمات کو معطل بھی کر دیا ہے۔
اس سے پہلے صحافی کے اس پوسٹ کا جواب دیتے ہوئے کمپنی نے کہا تھا کہ وہ اس طرح کے واقعات کو سنجیدگی سے لیتی ہے اور اس نے معاملے کی جانچ شروع کر دی ہیں۔
وہیں، سوموار کے دن ریپیڈو کے ایک ترجمان نے کہا،’ریپیڈو میں ہم کسی بھی طرح کی بدسلوکی یا بغیر کسی جائز وجہ کے سروس دینے سے انکار کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی رکھتے ہیں۔ ہم ایک جامع پلیٹ فارم فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہیں اور مذہب کی بنیاد پر امتیاز سمیت کسی بھی طرح کے امتیازی سلوک کی حمایت نہیں کرتے ۔ دہلی میں گاہک کے ساتھ پیش آنے والے اس تجربے پر ہمیں افسوس ہے۔ ہم نے ان سے بات کی ہے اور انہیں مکمل تعاون فراہم کیا ہے۔’
کمپنی نے مزید کہا کہ آپ کی حفاظت ہماری اولین ترجیح ہے، اور ہم اپنے تمام مسافروں کے لیے باعزت اور محفوظ تجربہ یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔