دہلی کے کراڑی علاقے میں اتوار کو دیر رات ایک تین منزلہ عمارت کے گراؤنڈ فلور میں بنے کپڑا گودام میں آگ لگ گئی۔ اس حادثے میں نو لوگوں کی موت ہو گئی اور دس سے زیادہ زخمی ہیں۔ ہلاک ہونے والوں میں تین بچے بھی شامل ہیں۔
نئی دہلی: دہلی کے کراڑی علاقے میں تین منزلہ عمارت میں آگ لگنے سے تین بچوں سمیت نو لوگوں کی موت ہو گئی جبکہ 10 سے زیادہ زخمی ہو گئے۔ ہندوستان ٹائمس کی رپورٹ کے مطابق، ہلاک ہونے والوں میں ایک چھے مہینے کا بچہ بھی ہے۔ دہلی فائر سروسز (ڈی ایف ایس) نے بتایا کہ اتوار کو دیر رات 12 بجکر 30 منٹ پر ایک عمارت میں آگ لگنے کی اطلاع ملنے کے بعد فائر بریگیڈ کی آٹھ گاڑیوں کو موقع پر بھیجا گیا۔
#UPDATE Delhi Fire Department: 9 people died in the fire which broke out in a cloth godown in Kirari late last night. https://t.co/PXShLLo593
— ANI (@ANI) December 23, 2019
عمارت کے گراؤنڈ فلور میں کپڑوں کا ایک گودام تھا اور دیگر تین منزلوں پر لوگ رہتے تھے۔ یہ آگ تین منزلہ عمارت کے گراؤنڈ فلور میں بنے گودام میں لگی۔ عمارت میں آگ بجھانے کا کوئی آلہ نہیں تھا اور صرف ایک ہی سیڑھی تھی۔ محکمہ کے ایک افسر نے بتایا کہ صبح 3.50 منٹ پر آگ پر قابو پایا جا سکا۔ پولیس کے ایک افسر نے بتایا کہ تین لوگوں کو بچا لیا گیا ہے، جن کی پہچان پوجا (24) اور اس کی بیٹیوں آرادھیا (3) اور سومیہ (10) کی صورت میں کی گئی۔ آگ سے بچنے کے لئے یہ تینوں برابر کی عمارت میں کود گئے تھے۔
ہلاک ہونے والوں کی شناخت عمارت کے مالک رام چندر جھا (65)، سدریا دیوی (58)، سنجو جھا (36)، گڈن اور ادئےچودھری (33) اور ان کی بیوی مسکان (26) اور ان کے بچوں انجلی (10)، آدرش (سات) اور چھے مہینے کی بچی تلسی کے طور پر کی گئی ہے۔ افسر کا کہنا ہے کہ عمارت میں آگ سے تحفظ کاکوئی آلہ نہیں تھا۔ ایک افسر نے بتایا کہ دوسری منزل پر سیلنڈر پھٹنے کی وجہ سے عمارت کا ایک حصہ گر گیا۔
Delhi Health Minister Satyendar Jain: A compensation of Rs 10 lakhs each will be given to deceased and Rs 1 lakh each to those injured. Injured will be treated on government expenses. SDM inquiry into reason behind the incident to be conducted within 7 days. https://t.co/RTkIkdEnZp pic.twitter.com/2Wj4RB0S3x
— ANI (@ANI) December 23, 2019
دہلی کے وزیر صحت ستیندر جین نے ہلاک ہونے والوں کی فیملی کو دس لاکھ روپے اور زخمیوں کی فیملیوں کو 1 لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ سات دن کے اندر ایس ڈی ایم حادثے کی وجوہات کی تفتیش کریں۔ گودام میں آگ لگنے کی وجوہات کی تفتیش کی جا رہی ہے۔ ایسا شک ہے کہ شارٹ سرکٹ کی وجہ سے سیلنڈر پھٹا اور اسی سے آگ لگی، جس کے بعد عمارت کی ایک دیوار گر گئی۔
عمارت کے مالک رام چندر جھا نے گراؤنڈ فلور کرایے پر دیا تھا۔ بتایا جا رہا ہے کہ آگ میں تقریباً 20 لاکھ روپے کی قیمت کے کپڑے خاک ہو گئے۔ افسروں نے بتایا کہ آگے کی جانچ جاری ہے۔ نوبھارت ٹائمس کے مطابق، پولیس کو آگ کی خبر پی سی آر کال کے ذریعے ملی تھی۔ پولیس کے مطابق، ‘ پہلے گھر میں آگ لگنے کی اطلاع ملی، لیکن جب ہم پہنچے تو دیکھا کہ گودام میں آگ لگی ہے۔ جس وقت آگ لگی تھی اس دوران کچھ لوگ گودام میں سو رہے تھے۔ حادثہ میں زخمی ہوئے تمام لوگوں کو پاس کے سنجے گاندھی ہاسپٹل میں داخل کیا گیا ہے۔ ‘
غور طلب ہے کہ اسی مہینے کی آٹھ تاریخ کو قومی راجدھانی کے بیچوں بیچ واقع اناج منڈی کی رانی جھانسی روڈ پر چار منزلہ کارخانہ میں اتوار کی صبح لگی خوفناک آگ میں 43 مزدور مارے گئے تھے۔ اس کے بعد 14 دسمبر کو شالیمار باغ علاقے میں ایک مکان میں آگ لگنے سے 3 خواتین کی موت ہو گئی تھی اور چار دیگر زخمی ہو گئے تھے۔
(خبر رساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)