ستمبر 2023 میں ریلوے بورڈ نے 19 زونل ریلوے کے جنرل منیجر کو اسٹیشن پر سیلفی بوتھ لگانے کو کہا تھا۔ اس بارے میں ایک آر ٹی آئی درخواست کے جواب میں صرف سینٹرل ریلوے نے ہی اس کی لاگت کے بارے میں جانکاری دی تھی۔
ریلوے اسٹیشن پر بنایا گیا سیلفی پوائنٹ۔ (تصویر بہ شکریہ: Twitter/@Ashutoshjha100)
نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی کے کٹ آؤٹ سیلفی پوائنٹ سے متعلق جانکاری فراہم کرنے والے سینٹرل ریلوے کے چیف پبلک ریلیشن آفیسر شیوراج مانس پورے کا اچانک تبادلہ کر دیا گیا ہے۔
ٹائمز آف انڈیا کے مطابق، مانس پورے نے صرف سات ماہ قبل اس عہدے کو سنبھالا تھا اور 29 دسمبر کو بغیر کوئی وجہ بتائے اچانک ان کا تبادلہ کر دیا گیا۔ گزشتہ دنوں ان کے دفتر کی جانب سے ریلوے اسٹیشنوں پر نریندر مودی کے 3ڈی ‘سیلفی پوائنٹ’ کی لاگت کے بارے میں تفصیلات جاری کی گئی تھیں۔
مانس پورے کا تبادلہ یہ بتائے بغیر کیا گیا ہے کہ ان کی اگلی پوسٹنگ کہاں ہوگی۔
واضح ہو کہ گزشتہ دسمبر میں مہاراشٹر کے امراوتی کے سماجی کارکن اجئے بوس کی آر ٹی آئی درخواست کے جواب میں سینٹرل ریلوے نے ان اسٹیشنوں کی
فہرست دی تھی، جہاں بالترتیب 1.25 لاکھ روپے اور 6.25 لاکھ روپے کی منظور شدہ لاگت سے عارضی اور مستقل سیلفی بوتھ بنائے گئے تھے۔
سینٹرل ریلوے ہندوستانی ریلوے کے 19 زون میں سے ایک ہے۔ بوس نے پانچ زون – سینٹرل ریلوے، ویسٹرن، سدرن، ناردرن اور نارتھ ویسٹرن ریلوے – میں ایک آر ٹی آئی درخواست داخل کی تھی، جس میں سیلفی بوتھ سے وابستہ اخراجات کے بارے میں تفصیلات طلب کی گئی تھیں۔ اس پر صرف سینٹرل ریلوے کی طرف سے جواب آیا۔
ستمبر میں ریلوے بورڈ نے 19 زونل ریلوے کے جنرل منیجروں کو اسٹیشنوں پر سیلفی بوتھ لگانے کو کہا تھا اور ہدایت دی تھی کہ ان میں مرکزی حکومت کی اسکیموں جیسے اسکل انڈیا، اجولا یوجنا اور چندریان مشن کا ذکر کیا جائے۔
ٹائمز آف انڈیا کے مطابق، بوس نے کہا، ‘ سینٹرل ریلوے کی جانب سے یہ جانکاری ڈپٹی جی ایم ابھے مشرا نے دی تھی، لیکن سی پی آر او کو ہٹا دیا گیا۔’
مانس پورے کی جگہ سوپنل ڈی نیلا کو لایا گیا ہے، جنہوں نے اس بارے میں کوئی تبصرہ کرنے سے انکار کردیا۔ دیگر حکام نے اخبار کو بتایا کہ یہ ‘اوپر سے لیا گیا فیصلہ’ ہے۔
ریلوے اسٹیشن ان بہت سی جگہوں میں سے ایک ہے جہاں حکومت ٹیکس دہندگان کے پیسوں سے مودی سیلفی پوائنٹ قائم کرنے کو کہہ رہی ہے۔ اس سے پہلے
یو جی سی نے یونیورسٹیوں اور
وزارت دفاع نےعوامی مقامات پر وزیر اعظم کے سیلفی پوائنٹ لگانے کو کہا تھا۔
قابل ذکر ہے کہ ریلوے اسٹیشنوں پر سیلفی پوائنٹ بنانے پر کانگریس نے وزیر اعظم کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔ کانگریس صدر ملیکارجن کھڑگے نے ‘سیلفی بوتھ’ بنانے کے بارے میں
کہا تھا کہ یہ ٹیکس دہندگان کے پیسوں کی کھلے عام بر بادی ہے۔