مدھیہ پردیش: ملک، وزیر اعظم اور وزیر داخلہ کے خلاف اشتعال انگیز تبصرہ کرنے پر قوال کے خلاف مقدمہ درج

مدھیہ پردیش کے ریوا ضلع میں منعقد ایک پروگرام کے دوران اشتعال انگیز تبصرہ کرنے کے الزام میں پولیس نے یوپی کے قوال شریف پرواز کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے۔ ریاستی وزیر داخلہ نروتم مشرا نے فنکاروں کو وارننگ جاری کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان کے خلاف کوئی بھی گانا برداشت نہیں کیا جائے گا، کیونکہ اب مرکز میں 'راشٹروادی' سرکار ہے۔

مدھیہ پردیش کے ریوا ضلع میں منعقد ایک پروگرام کے دوران اشتعال انگیز تبصرہ کرنے کے الزام میں پولیس نے یوپی کے قوال شریف پرواز کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے۔ ریاستی وزیر داخلہ نروتم مشرا نے فنکاروں کو وارننگ جاری کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان کے خلاف کوئی بھی گانا برداشت نہیں کیا جائے گا، کیونکہ اب مرکز میں ‘راشٹروادی’  سرکار ہے۔

شریف پرواز۔ (فوٹو بہ شکریہ: فیس بک/@SharifParwazQawwal)

شریف پرواز۔ (فوٹو بہ شکریہ: فیس بک/@SharifParwazQawwal)

نئی دہلی: مدھیہ پردیش پولیس نے اتر پردیش کے قوال شریف پرواز کے خلاف ریوا ضلع میں ایک کنسرٹ کے دوران ملک، وزیر اعظم نریندر مودی اور مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کے خلاف مبینہ طور پر اشتعال انگیز تبصرہ کرنے کے الزام میں مقدمہ درج کیا ہے۔

شریف نے 28 مارچ کو ریوا ضلع کے منگواں قصبے میں عرس کے دوران منعقد ایک تقریب میں مبینہ طور پر یہ تبصرہ کیا تھا، جس کا ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوا۔

دریں اثنا، مدھیہ پردیش کے وزیر داخلہ نروتم مشرا نے جمعرات کو فنکاروں کو وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ ہندوستان کے خلاف کوئی بھی گانا برداشت نہیں کیا جائے گا اور وہ سب سے پہلے ملک کو ذہن میں رکھیں کیونکہ اب مرکز میں ‘راشٹروای’  حکومت ہے۔

ویڈیو میں شریف پرواز کو مبینہ طور پر یہ کہتے ہوئے سنا جا سکتا ہے کہ، مودی جی کہتے ہیں ہم ہیں، یوگی جی (اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ) کہتے ہیں ہم ہیں، امت شاہ جی کہتے ہیں ہم ہیں، لیکن یہ ہیں کون ؟ غریب نواز چاہ لیں تو پتہ ہی نہیں چلے گا کہ ہندوستان کہاں پر بسا تھا، کہاں پر ہے۔

نروتم مشرا نے بھوپال میں نامہ نگاروں کو بتایا کہ، اس معاملے میں قوال شریف پرواز کے خلاف آئی پی سی کی دفعہ 505، 153 اور 298 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ ہماری دو ٹیمیں اسے گرفتار کرنے کانپور پہنچ چکی ہیں۔ کانپور پولیس تعاون کر رہی ہے اور انہیں جلد ہی گرفتار کر لیا جائے گا۔

فنکاروں کو وارننگ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’ایسے لوگوں سے میرا کہنا  ہے کہ چاہے کوئی قوالی گائے، ٹھمری گائے، دادرا  گائے یا کچھ بھی گائے، لیکن ملک کے خلاف گانے کا خیال ہی ترک کردیں۔ کیونکہ یہ قوم پرستی کا دور ہے۔ اب قوم پرستوں کی حکومت ہے۔ اس طرح نہیں چلے گا۔

ریوا ضلع کے ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ آف پولیس شیو کمار ورما نے کہا، شریف اور اس تقریب کے منتظم عرس عیدگاہ کمیٹی منگواں کے خلاف منگواں تھانے میں بدھ کومقدمہ درج کیا گیا ہے۔

کئی سوشل میڈیا صارفین اور بی جے پی لیڈروں نے شریف کے تبصرے پر سخت اعتراض کیا ہے۔