بی ایس پی سپریمو مایاوتی نہیں لڑیں گی لوک سبھا انتخاب

01:58 PM Mar 21, 2019 | دی وائر اسٹاف

بی ایس پی سپریمو مایاوتی نے کہا کہ موجودہ حالات، پارٹی اور مفاد عامہ کو دیکھتے ہوئے انھوں نے  انتخاب نہ لڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔

بی ایس پی سپریمو مایاوتی/ فوٹو: پی ٹی آئی

نئی دہلی:بہو جن سماج پارٹی(بی ایس پی )چیف مایاوتی کا کہنا ہے کہ وہ آئندہ لوک سبھا انتخابات نہیں لڑیں گی۔مایاوتی نے بدھ کو لکھنؤ میں ایک پریس کانفرنس میں کہا،’میں جب چاہوں لوک سبھا کا انتخاب جیت سکتی ہوں۔ ہمارا اتحاد بہتر حالت میں ہے۔ میں لوک سبھا کا انتخاب نہیں لڑوں گی۔آگے ضرورت پڑنے پر کسی بھی سیٹ سے الیکشن لڑ سکتی ہوں۔’

نو بھارت ٹائمس کے مطابق؛بی ایس پی سپریمو نے کہا کہ موجودہ حالات کے علاوہ پارٹی اور مفاد عامہ کو دیکھتے ہوئے انھوں نے  انتخاب نہ لڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔انھوں نے مزید کہا،’آگے جہاں سے چاہوں سیٹ خالی کرا کے الیکشن لڑ کر پارلیامنٹ جا سکتی ہوں۔میرے الیکشن  لڑنے کی وجہ سے پارٹی کارکن منع کرنے کے باوجود میری لوک سبھا سیٹ پر تشہیر کرنے جائیں گے،اس سے باقی سیٹوں پر الیکشن متاثر ہوگا۔میں نے اسی وجہ سے یہ فیصلہ لیا ہے۔’

اس سے پہلے بی ایس پی سپریمو مایاوتی نے کہا تھا کہ بی ایس پی اور ایس پی  کا گٹھ بندھن دونوں طرف سے آپسی احترام اور پوری نیک نیتی کے ساتھ کام کر رہا ہے اور بی جے پی کو ہرانے کی طاقت رکھتا ہے۔

غور طلب ہے کہ اس سال 12 جنوری کو اکھلیش اور مایاوتی  نےاپنے اتحاد کا اعلان کیا تھا۔اس موقع پر دونوں پارٹیوں نے واضح کیا تھا کہ آئندہ لوک سبھا انتخاب میں اتر پردیش میں ایس پی اور آر ایل ڈی کے ساتھ ہوئے اتحاد کے تحت بی ایس پی 80 لوک سبھا سیٹوں میں 38 پر انتخاب لڑیں گی۔دوسری طرف سماجوادی پارٹی 37 سیٹوں اور آر ایل ڈی 3 سیٹوں پر انتخاب لڑے گی۔

اس وقت پارٹی نے کہا تھا کہ دو سیٹیں چھوٹی پارٹیوں کے لیے چھوڑی  گئی ہیں جبکہ امیٹھی اور رائے بریلی کی دو سیٹیں کانگریس پارٹی کے لیے چھوڑنا طے کیا گیا ہے۔جنوری میں اتحاد کا اعلان کرتے ہوئے سابق وزیر اعلیٰ اکھلیش  یادو نے یہ  کہا تھا  کہ’ بی جے پی کے غرور کو ختم کرنے کے لیے بی ایس پی اور ایس پی کا ملنا بہت ضروری تھا۔