جموں و کشمیر کے لیہہ میں 2 مئی کو پریس کانفرنس کے دوران بی جے پی کے سینئر رہنماؤں پر میڈیا اہلکاروں کو رشوت دینے کا الزام ہے۔ اس معاملے میں تفتیش کا حکم دینے والی لیہہ ضلع کی الیکشن افسر اونی لواسا الیکشن کمشنر اشوک لواسا کی بیٹی ہیں۔
نئی دہلی : لوک سبھا انتخاب سے پہلے پارٹی کے حق میں رپورٹ کرنے کے لئے جموں و کشمیر بی جے پی رہنماؤں کے ذریعے لیہہ میں میڈیا اہلکاروں کو لفافے میں پیسے دئے جانے کی شکایتوں کو پہلی نظر میں درست پایا گیا ہے۔انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق، اس معاملے میں جانچکا حکم دینے والی لیہہ کی ضلع الیکشن افسر اور ڈپٹی کمشنر اونی لواسا نے کہا،’ہم اس معاملے میں پولیس کے ذریعے منگل کو ڈسٹرکٹ کورٹ گئے۔ اس معاملے میں ایف آئی آر درج کرنے کے لئے ہدایت مانگے لیکن عدالت نے اس معاملے میں اب تک کوئی حکم جاری نہیں کیا ہے۔ ‘
اونی لواسا نے کہا کہ یہ شکایتں بی جے پی رہنماؤں کے ذریعے ضابطہ اخلاق کی مبینہ خلاف ورزی ہی نہیں بلکہ جرم بھی ہے۔ اونی لواسا 2013 بیچ کی جموں و کشمیر کیڈر کی آئی اے ایس افسر ہیں۔ وہ موجودہ الیکشن کمشنر اشوک لواسا کی بیٹی ہیں۔لداخ سیٹ پر لوک سبھا انتخاب کے پانچویں مرحلے کے تحت سوموار کو انتخاب ہوا تھا۔ لواسا نے کہا کہ میڈیا اہلکاروں کو رشوت دینےکا الزام پہلی نظر میں صحیح پایا گیا ہے۔انہوں نے کہا، ‘ہم نے پولیس کو لکھا ہے کہ وہ یا تو ایف آئی آر درج کریں یا شکایت لکھیں۔’پولیس نے شکایت درج کر لی ہے اور منگل کو اس کو عدالت کے سامنے پیش کیا گیا۔
لواسا نے کہا، ‘ہم اس معاملے میں ایف آئی آر درج کرانے کی گزارش کر رہے ہیں۔ اب تک تین شکایتں آ گئی ہیں، جس میں سے ایک ہماری طرف سے اوردوسری پریس کلب لیہہ اور لیہہ کے ایس ایچ او کی ہیں۔ ‘انہوں نے کہا کہ پولیس اب ان تمام شکایتوں کو ایک ساتھ درج کرنے والی ہیں۔لیہہ پریس کلب نے ضلع الیکشن افسر اور ایس ایچ او لیہہ کے ساتھ الگ الگ شکایتں درج کرائی تھیں، جس میں 2 مئی کو پریس کانفرنس کے دوران میڈیا اہلکاروں کو رشوت دینے کے لئے جموں و کشمیر بی جے پی کے صدر روندر رینا اور ایم ایل سی وکرم سمیت بی جے پی کے سینئر رہنماؤں پر الزام لگایا گیا تھا۔
حالانکہ جموں و کشمیر بی جے پی کے صدر رینا نے ان الزامات سے انکار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2 مئی کو لیہہ میں پریس کانفرنس کے دوران پارٹی کے رہنماؤں نے میڈیا اہلکاروں کو جو لفافے دئے تھے، اس میں ایک ریلی کا دعوت نامہ تھا، جس کو دو دن بعد وزیر دفاع نرملا سیتارمن نے خطاب کیا تھا۔انہوں نے کہا،’ہم نے ان کی (سیتارمن) ریلی میں اہم لوگوں کو مدعو کرنے کے لئے تقریباً 2000 کارڈ چھپوائے تھے اور ان میں سے کچھ میڈیا اہلکاروں کو بھی دئے گئے تھے۔ ‘
رینا نے کہا کہ انہوں نے ذاتی طور پر کسی بھی میڈیا اہلکار کو لفافہ نہیں دیا۔ رینا نے ان میڈیا اہلکاروں کے خلاف ہتک عزت کا معاملہ درج کرانے کی دھمکی دی ہے، جنہوں نے ان کا نام لیا۔سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ویڈیو کلپ میں کچھ بی جے پی رہنماؤں کو چار سے پانچ میڈیا اہلکاروں کو لفافے دیتے دیکھا جا سکتا ہے، جس میں دو خاتون صحافی بھی ہیں۔ ایک خاتون صحافی کو لفافہ کھول کر دیکھتے اور اس کو واپس بی جے پی رہنما کو لوٹاتے دیکھا جا سکتا ہے جبکہ بی جے پی رہنما اس لفافے کو صحافی سے لینے سے منع کر دیتے ہیں، خاتون صحافی اس لفافے کو میز پر رکھ دیتی ہے۔