خواتین کا عالمی کپ فٹبال جاری ہے۔اس بار کون سی ٹیم یہ خطاب جیتے گی اس کا پتہ تو بعد میں چلے گا البتہ اس عالمی کپ کے دوران برازیل کی فٹ بالر مارٹا نے عالمی کپ میں سب سے زیادہ گول کرنے کا ریکارڈ اپنے نام کر لیا ہے۔کمال کی بات یہ ہے کہ اس معاملہ انہوں نے اب مرد فٹ بالروں کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
برازیل کی فٹ بالر مارٹا، فوٹو: رائٹرس
ہالینڈ میں منعقد تیر اندازی کے عالمی چمپین شپ میں ہندوستان نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔یہاں مردوں کی ٹیم نے ایک سلور میڈل جیتا جبکہ خواتین کی ٹیم دو کانسے کا تمغہ جیتنے میں کامیا ب رہی۔ہندوستان کی گیارہویں سیڈ مرد ریکرو ٹیم نے فائنل میں جگہ بنائی اورسلورمیڈل جیتنے میں کامیابی حاصل کی۔اس دوران ترون دیپ رائے،اتانو داس اور پروین جادھو نے کوارٹر فائنل میں پہنچتے ہی ٹوکیو اولمپک کے لئے کوٹہ بھی حاصل کر لیا تھا۔2005میں چودہ سال پہلے بھی ہندوستانی ٹیم نے میڈرڈ میں منعقد عالمی چمپین شپ کے دوران سلورمیڈل جیتا تھا اور کمال کی بات یہ ہے کہ اس ٹیم میں بھی ترون دیپ رائے شامل تھے ۔2012کے لندن اولمپکس کے بعد یہ پہلا موقع ہے جب ہندوستانی ٹیم نے اولمپک کے لئے کوالیفائی کیا ہے۔2016کے ریو اولمپکس کے لئے ہندوستانی ٹیم کوالیفائی نہیں کر سکی تھی۔
ہندوستان نے خواتین کے زمرے میں جو دو کانسے کے تمغے جیتے ان میں سے ایک اسے کمپاؤنڈ ٹیم ایونٹ میں ملے جبکہ ایک کانسے کا تمغہ انفرادی ایونٹ میں جیوتی سریکھا نے دلائے۔مرد تیر اندازوں کی ٹیم ایک سے سات جولائی تک جرمنی کے شہر برلن میں عالمی کپ کے چوتھے مرحلہ میں حصہ لینے کے بعد11 سے 17 جولائی تک اولمپک ٹسٹ ایونٹ میں شرکت کے لئے ٹوکیو میں رہے گی۔خواتین ٹیم کو22سے 28نومبر تک بینکاک میں ایشیائی چمپین شپ میں شریک ہونا ہے جہاں اولمپک کےلئے کوالیفائی کرنے کی کوشش ہوگی۔
آج کل کھلاڑی مختلف ذرائع سے اتنے پیسے کماتے ہیں کہ اس پر یقین کرنا مشکل ہوتا ہے۔
امریکی میگزین فوربس نے سب سے زیادہ آمدنی والے کھلاڑیوں کی ایک فہرست جاری کی ہے۔اس فہرست کے مطابق ارجنٹائنا کے فٹ بالر لیونل میسی پہلے مقام پر ہیں۔بارسلونا کی طرف سے کھیلنے والے میسی نے گزشتہ بارہ مہینوں میں اپنے بینک اکاؤنٹ میں 127ملین ڈالر جمع کئے ہیں۔109ملین ڈالر کی آمدنی کے ساتھ کرسٹیانو رونالڈو دوسرے نمبرپر ہیں۔برازیل کے اسٹار کھلاڑی نیمار 105 ملین ڈالر کی آمدنی کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں۔خواتین کھلاڑیوں کی بات کریں تو ٹاپ 100 کھلاڑیوں کی فہرست میں واحد خاتون کھلاڑی سیرینا ولیمز ہیں جن کی آمدنی 29.2ملین ڈالر رہی۔اس فہرست میں جون 2018سے جون 2019کی آمدنی کو شامل کیا گیا ہے۔
فوٹو بہ شکریہ: www.forbes.com
انگلینڈ اور ویلس میں عالمی کپ کرکٹ کے مقابلے جاری ہیں۔ایک طرف جہاں پیشن گوئی کے مطابق 300 سے زائد رن آئے دن بن رہے ہیں وہیں ہندوستانی کرکٹ ٹیم نے ایک بار پھر اپنے کٹر حریف پاکستان کو شکست دے دی۔ہندوستان اور پاکستان کے درمیان عالمی کپ میں سات مقابلے ہوئے ہیں اور ان سبھی ساتوں مقابلوں میں ہندوستان نے پاکستان کو شکست دی ہے۔کل ملا کر دیکھیں تو ون ڈے میں ہندوستان کا ریکارڈ پاکستان سے خرا ب ہے۔ان دونوں ممالک کے درمیان اب تک 132 ون ڈے مقابلے ہوئے ہیں جن میں سے پاکستان کو73میں جیت ملی ہے جبکہ ہندوستان نے55میچ جیتے ہیں۔چار میچوں کا کوئی نتیجہ نہیں نکلا ہے۔مگرجہاں تک عالمی کپ کا سوال ہے تو یہاں ابھی تک ہندوستان نے پاکستان کو جیتنے نہیں دیا ہے۔اس بار عالمی کپ میں ہندوستان کی جیت میں روہت شرما کا اہم رول رہا جنہوں نے 140رنوں کی شاندار اننگ کھیلی۔اپنی اس اننگ کے ودران انہوں نے کئی خاص ریکارڈ بھی بنائے۔
کرکٹ ہے تو ریکارڈوں کا کھیل مگر اس میں کچھ ایسے ریکارڈ بن جاتے ہیں جس سے بہت حیرانی ہوتی ہے۔مالی اور روانڈا کی خاتون ٹیم کے کھیلے گئے ایک میچ میں ایسا ہی ایک حیران کن ریکارڈ بنا۔ان دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلے گئے ٹی ٹوئنٹی کے ایک مقابلے میں مالی کی ٹیم صرف 6رن بنا کر آؤٹ ہو گئی۔یہ خواتین ٹی 20میں کسی بھی ٹیم کا سب سے کم اسکور ہے۔اس میچ میں ایک اور دلچسپ بات یہ ہوئی کہ مالی ٹیم کے جو6رن بنے اس میں ایک رن اس کی ایک کھلاڑی نے بنائے جبکہ باقی کے پانچ رن اضافی ہیں۔جواب میں روانڈا کی ٹیم 116گیند رہتے ہیں یہ میچ جیت گئی۔
خواتین کا عالمی کپ فٹبال جاری ہے۔اس بار کون سی ٹیم یہ خطاب جیتے گی اس کا پتہ تو بعد میں چلے گا البتہ اس عالمی کپ کے دوران برازیل کی فٹ بالر مارٹا نے عالمی کپ میں سب سے زیادہ گول کرنے کا ریکارڈ اپنے نام کر لیا ہے۔کمال کی بات یہ ہے کہ اس معاملہ انہوں نے اب مرد فٹ بالروں کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔اٹلی کے خلاف میچ میں جب انہوں نے ایک گول کرکے اپنی ٹیم کو جیت دلائی تووہ عالمی کپ میں ان کا سترہواں گول تھا۔عالمی کپ مقابلوں میں ان سے زیادہ گول نہ تو کسی خاتون نے اورنہ ہی کسی مرد کھلاڑی نے کئے ہیں۔
نشانے بازی میں ہندوستان کو ایک بڑا جھٹکا لگا ہے۔دولت مشترکہ کھیلوں کی انتظامی کمیٹی نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ2022کے دولت مشترکہ کھیلوں میں نشانے بازی کو شامل نہیں کیا جائے گا۔نشانے میں ہندوستان کو گولڈ میڈل کی بہت زیادہ امیدیں رہتی ہیں۔2018کے گولڈ کوسٹ دولت مشترکہ کھیلوں میں ہندوستانی نشانے بازوں نے سات گولڈ میڈل سمیت سولہ میڈل حاصل کئے تھے۔جس ٹیم نے سولہ میڈل حاصل کئے ہوں اس کے لئے مایوس ہونا اورناراض ہونا ضروری ہے۔اب دیکھنا یہ ہے کہ ہندوستان اس سلسلے میں کیا فیصلہ لیتا ہے کیونکہ نیشنل رائفل ایسو سی ایشن کے صدر یہ کہہ چکے ہیں کہ اگر نشانے بازی کو دولت مشترکہ کھیلوں میں شامل نہیں کیا گیا تو ہندوستان کو ان کھیلوں میں شرکت ہی نہیں کرنی چاہئے۔