مدھیہ پردیش کے ریوا سے بی جے پی ایم پی جناردن مشرا نے آئی اے ایس افسر پر غیر قانونی کالونی میں رہنے والے لوگوں سے رشوت لینے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ جب میونسپل کمشنر سبھاجیت یادو آپ کے پاس آئے اورپیسے مانگے تو مجھے بلانا۔ میں آؤں گا اور ایک گڑھا کھود کر اس کو زندہ گاڑ دوں گا۔
نئی دہلی: مدھیہ پردیش کے ریوا سے بی جے پی ایم پی جناردن مشرا نے ایک آئی اے ایس افسر کو لے کر متنازعہ بیان دیا ہے۔
جن ستا کی رپورٹ کے مطابق؛ایم پی جناردن مشرا نے عوامی منچ سےلوگوں کو خطاب کرتے ہوئے آئی اے ایس افسر سبھاجیت یادو کو زندہ دفنانے کی دھمکی دی۔انھوں نے کہا کہ اگر افسر نے غیر قانونی کالونی میں رہنے والے لوگوں سے پیسے مانگے تو ان کو زندہ گاڑ دیا جائے گا۔
بی جے پی ایم پی نے ریوا میونسپل کارپوریشن سبھاجیت یادو پر غیر قانونی کالونی میں رہنے والے لوگوں سے رشوت لینے کا الزام لگایا۔جناردن مشرا نے ایک پروگرام کے دوران کہا،’جب میونسپل کمشنر سبھاجیت یادو آپ کے پاس آئے اور پیسے مانگے تو مجھے بلانا۔ میں آؤں گا اور ایک گڑھا کھود کر اس کو (سبھاجیت یادو)اس میں زندہ گاڑ دوں گا۔
انھوں نے کہا اگر میں وقت پر نہیں آپایا تو آپ لوگوں کو یہ کرنا ہوگا۔ سبھی لوگ کدال اور کلہاڑی نکیلی کر کے رکھوا لو۔’ایم پی کا یہ بیان سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہا ہے۔ بی جے پی ایم پی نے آئی اے ایس افسر کے خلاف یہ کرنے کے لیے بھیڑ کو اکسایا۔ ایم پی نے کہا،’اگر میرے پہنچنے سے پہلے کسی اور نے اس کو گاڑ دیا تو میں اس کی ذمہ داری لوں گا اور اپنے نام کا بورڈ بھی وہاں لگوا دوں گا۔’
انھوں نے مزید کہا کہ ملک ان کو اس طرح یاد رکھے گا کہ یہاں ایک ایسا ایم پی تھا جس نے ریوا کے موجودہ ایم ایل اے راجیندر شکلا 4.94کروڑ روپے کی وصولی کے لیے نوٹس جاری کیا تھا۔جناردن مشرا نے اس سے پہلے بھی متنازعہ بیان دے چکے ہیں۔ کچھ مہینے پہلے انھوں نے کہا تھا کہ ریزرویشن ختم ہوا تو لوگ ہندو مذہب چھوڑ کر مسلم اور عیسائی بن جائیں گے۔