پنجاب کے گرداس پور لوک سبھا حلقے کے رکن پارلیامان سنی دیول نے گرپریت سنگھ پلہیری کو اپنا نمائندہ منتخب کیا ہے۔ حلقہ کے کانگریسی ایم ایل اے سکھجندر سنگھ رندھاوا بولے، یہ رائےدہندگان کے ساتھ دھوکہ ہے۔ لوگوں نے دیول کو اپنا رکن پارلیامان چنا ہے، نہ کہ ان کے نمائندہ کو۔
نئی دہلی: ایکٹر سے رہنما بنے سنی دیول نے پنجاب کے اپنے گرداس پور لوک سبھا حلقے کا کام کاج دیکھنے اور مختلف میٹنگ میں شامل ہونے کے لئے ایک نمائندہ چنا ہے۔ ان کے اس فیصلے کو ریاست کے حکمراں کانگریس پارٹی نے عوام کے ساتھ دھوکہ قرار دیا۔انڈین ایکسپریس کے مطابق، سوموار کو بی جے پی رکن پارلیامان سنی دیول نے اس سے متعلق ایک خط جاری کرتے ہوئے مقامی افسروں اور میڈیا کو اس کی جانکاری دی۔
گرداس پور رکن پارلیامان کے لیٹرہیڈ پر جاری خط میں دیول نے گرپریت سنگھ پلہیری کو اپنا ‘ رکن پارلیامان نمائندہ ‘ بنایا ہے، جو میٹنگ اور دیگر پروگراموں میں رکن پارلیامان کی جگہ حصہ لیںگے۔دیول کی طرف سے جاری خط میں لکھا گیا ہے، ‘ میں، گرپریت سنگھ پلہیری، فرزند سپندر سنگھ، باشندہ پلہیری گاؤں، ضلع موہالی، پنجاب کو اپنا نمائندہ بناتا ہوں۔ وہ متعلقہ افسروں کے ساتھ میرے پارلیامانی حلقہ گرداس پور انتخابی حلقے سے متعلق میٹنگ اور دیگر پروگراموں میں شرکت کریںگے۔ ‘
Gurdaspur(Punjab) MP Sunny Deol: I appoint Gurpreet Palheri as my representative to attend meetings and follow important matters pertaining to my parliamentary constituency with concerned authorities. (file pic) pic.twitter.com/175TiMFOmw
— ANI (@ANI) July 1, 2019
پیشے سے قلمکار اور لائن پروڈیوسر پلہیری نے بتایا کہ یہ خط 26 جون کو جاری ہوا ہے۔ حالانکہ، اس معاملے پر ہو رہے تنازعے کو خارج کرتے ہوئے انہوں نے کہا، ‘ یہ (تقرری) مقامی مدعوں کے لئے ہے۔ یہ گرداس پور کے لوگوں کی 24 گھنٹے خدمت میں ہونے جیسا ہے۔’پلہیری نے کہا کہ دیول ہر مہینے گرداس پور پارلیامانی حلقہ کا دورہ کریںگے۔ انہوں نے کہا، ‘ اب وہ پارلیامنٹ سیشن کے ختم ہونے کے بعد گرداس پور آئیںگے۔ ‘
سنی دیول کے اس قدم کو پبلک مینڈیٹ کے ساتھ دھوکہ قرار دیتے ہوئے پنجاب کے وزیر سکھجندر سنگھ رندھاوا نے کہا، ایک نمائندے کی تقرری کرکے سنی دیول نے گرداس پور پارلیامانی حلقہ کے رائےدہندگان کے ساتھ دھوکہ کیا ہے۔انہوں نے کہا، ‘ آخر ایک رکن پارلیامان کیسے اپنا نمائندہ چن سکتا ہے؟ رائےدہندگان نے سنی دیول کو اپنا رکن پارلیامان چنا ہے، نہ کہ ان کے نمائندے کو۔ ‘ غور طلب ہے کہ، رندھاوا ڈیرا بابا نانک انتخابی حلقہ کے ایم ایل اے ہیں جو کہ گرداس پور لوک سبھا حلقے کے تحت آتا ہے۔
پچھلے مہینے نومنتخب رکن پارلیامان کو تب حلقے کے لوگوں کی تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا جب انہوں نے سوشل میڈیا سائٹ انسٹاگرام پر کاجا میں چھٹیاں منانے کا ایک ویڈیو پوسٹ کیا تھا۔واضح ہو کہ، سنی دیول نے حال میں مکمل ہوئے لوک سبھا انتخاب میں کانگریس کے سنیل جاکھڑ کو 82459 ووٹوں سے ہراتے ہوئے جیت درج کی تھی۔