بہار: گھر سے اغوا کرنے کے بعد خاتون کے ساتھ گینگ ریپ، اب تک ایک بھی گرفتاری نہیں

بہار کے بیگوسرائے میں ایک خاتون نے پانچ لوگوں پر گینگ ریپ اور وحشیانہ حملے کا الزام لگایا ہے۔ اسپتال میں علاج کے دوران متاثرہ کے پرائیویٹ پارٹ سے ایک زندہ کارتوس، پتھر اور لکڑی کا ایک ٹکڑا نکالا گیا۔ ابھی تک کسی بھی ملزم کو گرفتار نہیں کیا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ معاملے کو انتہائی سنجیدگی سے لیا گیاہے اور جانچ جاری ہے۔

بہار کے بیگوسرائے میں ایک خاتون نے پانچ لوگوں پر گینگ ریپ اور وحشیانہ حملے کا الزام لگایا ہے۔ اسپتال میں علاج کے دوران متاثرہ کے پرائیویٹ پارٹ سے ایک زندہ کارتوس، پتھر اور لکڑی کا ایک ٹکڑا نکالا گیا۔ ابھی تک کسی بھی ملزم کو گرفتار نہیں کیا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ معاملے کو انتہائی سنجیدگی سے لیا گیاہے اور جانچ جاری ہے۔

(علامتی تصویر: پی ٹی آئی)

نئی دہلی: بہار کے بیگوسرائے ضلع میں ایک خاتون کے ساتھ مبینہ گینگ ریپ اورتشدد کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ پولیس کے مطابق، 11 جون کی رات پیش آنے والے اس واقعہ میں پانچ لوگوں پر خاتون کے ساتھ گینگ ریپ کرنے اور شدید طو رپر اذیت رسانی کا الزام ہے۔

واقعہ کے کئی دن بعد بھی تمام ملزم فرار ہیں اور ان کی گرفتاری کے لیے کوششیں جاری ہیں۔

متاثرہ نے پولیس کو بتایا کہ یہ واقعہ 11 جون کی رات تقریباً 11:30 بجے پیش آیا۔ وہ اپنے گھر میں ٹوائلٹ گئی ہوئی تھیں، جب پانچ لوگ وہاں پہنچے۔

الزام ہے کہ انہوں نے پہلے ان کے شوہر کو ایک کمرے میں بند کر دیا۔ جب وہ ٹوائلٹ  سے باہرنکلیں تو ملزم نے انہیں دبوچ لیا، ان کی ساڑھی سے منہ باندھ دیا، ہاتھ باندھ دیے اور زبردستی گھر سے باہر لے گئے۔

خاتون کے مطابق، اس کے بعد ملزمیں ان کے ساتھ گینگ ریپ کیا۔ انہوں نے مزاحمت کرنے اور شور مچانے  کی کوشش کی تو ملزمین نے ان کے ساتھ مار پیٹ کی  اور تیز دھار دار ہتھیار سے حملہ کیا۔ واقعہ کے بعد ملزم انہیں واپس  گھر چھوڑ کر فرار ہو گئے۔

سروائیور خاتون کے شوہر جس  کمرے  میں بند تھے ، اس کا دروازہ باہر سے بند کر دیا گیا تھا۔ بعد میں خاتون نے اپنی نند کو فون کرکے بلایا، جس کے بعد انہیں باہر نکالا جا سکا۔ اس کے بعد اہل خانہ نے پولیس کو اطلاع دی۔ اس دوران خاتون کو علاج کے لیے اسپتال لے جایا گیا۔

بربریت

بتایا گیا ہے کہ خاتون کو 12 جون کی شام اسپتال سے ڈسچارج کیا گیا تھا، لیکن پرائیویٹ پارٹ میں مسلسل درد کی وجہ سے انہیں اگلے دن اسپتال آنا پڑا۔ معائنے کے دوران ڈاکٹروں نے ان کے پرائیویٹ پارٹس سے ایک زندہ کارتوس،  پتھر اور لکڑی کا ایک ٹکڑا برآمد کیا۔

خاتون کا کہنا ہے کہ وہ ریپ کے دوران بے ہوش ہو گئی تھی اور انہیں خدشہ ہے کہ ملزم نے بے ہوشی کی حالت میں یہ چیزیں ان کے جسم میں ڈالیں۔

خاتون نے یہ بھی الزام لگایا کہ تقریباً تین ماہ قبل تین لوگ ان کے گھر میں داخل ہوئے تھے۔ اس وقت، انہوں نے مبینہ طور پر ان کو برہنہ کیا،  ریپ کرنے کی کوشش کی۔ ساتھ ہی اہل خانہ کے ساتھ مار پیٹ کی اور   نقدی اور زیورات لوٹ لے۔

ان کا کہنا ہے کہ اس واقعہ کے حوالے سے پولیس میں رپورٹ درج کروائی گئی، لیکن کوئی موثر کارروائی نہیں کی گئی۔

پولیس نے جانچ شروع کی

واقعہ کی اطلاع ملنے کے بعد ڈی ایس پی سمیت کئی اعلیٰ پولیس افسران اسپتال پہنچے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ معاملے کو انتہائی سنجیدگی سے لیا گیا ہے اور ملزمین کی گرفتاری کے لیے جانچ  جا ری ہے۔

بیگوسرائے کے ڈی ایس پی آنند کمار پانڈے نے بتایا کہ معاملے کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے جانچ کی  جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ واقعہ میں ملوث ملزمین کو جلد گرفتار کر لیا جائے گا اور کیس کی جلد سماعت کو یقینی بنانے کی کوشش کی جائے گی۔

ڈی ایس پی نے یہ بھی کہا کہ اگر جانچ کے دوران پولیس کی جانب سے کسی طرح کی لاپرواہی سامنے آتی ہے تو متعلقہ اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔