خبروں کے مطابق، سری لنکا نے بدعنوانی کے الزامات کے بعد ملک کے شمالی صوبے میں مجوزہ ونڈ پاور پلانٹ کے لیے اڈانی گرین انرجی کے ساتھ معاہدہ منسوخ کر دیا ہے۔ اس سے قبل سری لنکا نے اڈانی گروپ کے منصوبوں کا جائزہ لینے کے لیے ایک کمیٹی بنانے کا فیصلہ کیا تھا۔
نئی دہلی: اے ایف پی کی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سری لنکا نے بدعنوانی کے الزامات کے بعد ملک کے شمالی صوبے میں مجوزہ ونڈ پاور پلانٹ کے لیے اڈانی گرین انرجی کے ساتھ 2024 کا بجلی کی خریداری کا معاہدہ منسوخ کر دیا ہے ۔
تاہم، اڈانی گروپ نے اس خبر کی تردید کی ہے اور کہا ہے کہ پروجیکٹ کو منسوخ نہیں کیا گیا ہے۔
رپورٹ میں سری لنکا کی وزارت توانائی کے ایک نامعلوم سینئر اہلکار کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ ‘حکومت نے بجلی کی خریداری کا معاہدہ منسوخ کر دیا ہے، لیکن اس منصوبے کو منسوخ نہیں کیا گیا ہے۔ اس پورے منصوبے کا جائزہ لینے کے لیے ایک کمیٹی بنا دی گئی ہے۔’
دی ہندو نے رپورٹ کیا کہ اس نے اس معاملے پر سری لنکا کی وزارت توانائی سے تبصرہ طلب کیا ہے، لیکن ابھی تک کوئی جواب نہیں ملا ہے۔
دوسری جانب اڈانی گروپ کے ترجمان نے اس رپورٹ کی تردید کرتے ہوئے کہا، ‘ہم واضح طور پر کہتے ہیں کہ پروجیکٹ منسوخ نہیں کیا گیا ہے۔’
ترجمان نے کہا کہ اڈانی گروپ سری لنکا کی گرین انرجی کے شعبے میں 1 بلین ڈالر کی سرمایہ کاری کے لیے پرعزم ہے۔
اس سے قبل سری لنکا کی وزارت توانائی نے سری لنکا میں اڈانی گروپ کے منصوبوں کا جائزہ لینے اور ان کا مطالعہ کرنے کے لیے ایک کمیٹی مقرر کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔
پچھلے سال دسمبر میں اڈانی گروپ نے سری لنکا کے دارالحکومت کولمبو میں ایک پورٹ ٹرمینل پروجیکٹ کو فنڈ دینے کے لیے یو ایس انٹرنیشنل ڈیولپمنٹ فنانس کارپوریشن (ڈی ایف سی) کے ساتھ 553 ملین ڈالر کے قرض کے معاہدے سے ہاتھ کھینچ لیا تھا ۔
یہ پیش رفت اڈانی اور اڈانی گروپ کے دیگر اہلکاروں کے خلاف امریکی فرد جرم میں رشوت خوری کے الزامات عائد کیے جانے کے بعد سامنے آئی تھی ۔ تاہم، اڈانی گروپ نے مسلسل ان الزامات کی تردید کی ہے۔