کشمیر پر ایمنسٹی انٹرنیشنل کی تازہ رپورٹ

08:09 PM Sep 15, 2022 | افتخار گیلانی

حکومتی یا گودی میڈیا نے 11صحافیوں کو کٹہرے میں کھڑا کرکے ان کی طرف سے حکومت سے جوابدہی کا مطالبہ کرنے پر اس کو ریاست مخالف بیانیہ بتایا  اور ا ن پر الزام لگایا کہ ان کو پاکستان کی سرپرستی حاصل ہے۔

فائل فوٹو: رائٹرس

انسانی حقوق کے لیے سرگرم معروف عالمی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل نے حال ہی میں جاری اپنی ایک رپورٹ میں بتایا ہے کہ جموں و کشمیر میں پچھلے دو سالوں یعنی اپریل 2020سے مارچ 2022تک پولیس مقابلوں میں سب سے زیادہ ہلاکتیں  ہوئی ہیں اور اگست 2019کے بعد سے ا ب تک شہریوں کی ہلاکتوں میں 20فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔

رپورٹ کے مطابق مقامی قوانین کی منسوخی کے نتیجے میں  سات اداروں بشمول انسانی حقوق کمیشن کو تحلیل کر دیا گیا، جس سے خطے کے لوگوں کے لیے انصاف کا حصول مشکل ہو گیا ہے۔ اس تنظیم کے مطابق خطے کے ہائی کورٹ  میں اس وقت   1346 حبس بےجا کے کیسز التوا میں ہیں۔

مجموعی طور پر حبس بےجا کی درخواستو ں میں پچھلے تین سالوں میں 32 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔  عدالت نے جن 585درخواستوں کی سماعت شروع کی ہے، ا ن میں اب تک صرف 14درخواستیں ہی نمٹا دی ہیں۔رپورٹ نے 60 ایسے  واقعات کی تفصیلات درج کی ہیں، جن میں صحافیوں اور انسانی حقوق کے کارکنوں    کو  یا تو پوچھ گچھ کے لیے بلایا گیا یا حراست میں لیا گیا۔

اس کے علاوہ متعدد نیوز میڈیا اداروں اور انسانی حقوق کی تنظیموں پر مالی بے ضابطگیوں کے الزامات لگا کر قومی تحقیقاتی ایجنسی اور محکمہ انکم ٹیکس کی طرف سے مسلسل چھاپوں اور تحقیقات کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ ہراساں کیے جانے اور ڈرانے دھمکانے کی وجہ سے بہت سے صحافی یا تو اپنی ملازمت سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں یا پیشہ ہی چھوڑ گئے ہیں۔

اس کے علاوہ  صحافیوں، وکلاء، سیاست دانوں، انسانی حقوق کے کارکنان، اور تاجروں سمیت 450 سے زائد افراد کو بغیر کسی عدالتی حکم کے ‘نو فلائی لسٹ’ میں رکھا گیا۔ایمنسٹی انٹرنیشنل نے پایا کہ 5 اگست 2019 سے 5 اگست 2022 کے درمیان صحافیوں، انسانی حقوق کے کارکنوں اور ماہرین تعلیم سمیت کم از کم چھ افراد کو بغیر کسی وجہ کے بیرون ملک سفر کرنے سے روک دیا گیا۔

انسانی حقوق کے ایک محافظ نے جسے بیرون ملک پرواز کرنے سے روک دیا گیا تھا ایمنسٹی انٹرنیشنل کو بتایا کہ سفری پابندیاں جبر کے انداز کا ایک اور پہلو ہیں۔یہ  ایک ایسا حربہ ہے جس کو حکام نے ملک کے اندر اور باہر آزاد، تنقیدی آوازوں کو دبانے کے لیے استعمال کیا ہے۔

پچھلے تین سالوں میں حکومت ہند نے 164 مقامی قوانین منسوخ کیے اور 143مرکزی قوانین کی اس خطے تک توسیع کی۔ مگر بد نام زمانہ مقامی قانون پبلک سیفٹی ایکٹ کو برقرار رکھا۔ اس کے علاوہ آرمڈ فورسز اسپیشل پاور ایکٹ جو فوجی اہلکاروں یا نیم فوجی تنظیم کے اہلکاروں کو کسی بھی شخص کو مکمل استثنیٰ کے ساتھ گولی مارنے یا قتل کرنے کا اختیار دیتا ہے،مضبوطی سے نافذ ہے۔

نیشنل کرائم ریکارڈ بیورو کے  اعداد و شمارکے مطابق جموں و کشمیر میں  انسداد دہشت گردی قانون (یو اے پی اے) کے استعمال میں 12 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ اس قانون کے تحت حکام کسی بھی فرد کو بغیر چارچ شیٹ فائل کیے 180 دن تک حراست میں رکھنے کی اجازت دیتا ہے۔

ایمنسٹی انٹرنیشنل نے شکایت کی ہے کہ ہندوستان میں اس کی زمین پر کام کرنے کی صلاحیت کو محدود کر کے رکھ دیا گیا ہے۔ اس کے دفاتر پر ریڈ کرکے اس تنظیم کے خلاف منی لانڈرنگ کی روک تھام ایکٹ 2002، فارن ایکسچینج مینجمنٹ ایکٹ، 1999 اور فارن کنٹری بیوشن (ریگولیشن) ایکٹ، 2010اور دیگر قوانین کے تحت کیسز درج کیے گئے ہیں۔

ستمبر 2020 میں، ہندوستانی حکام کی جانب سے تنظیم کے خلاف مسلسل مہم کے بعد، ایمنسٹی انٹرنیشنل کو ہندوستان میں اپنا دفتر بند کرنے پر مجبور کیا گیا۔

بغیر کسی پیشگی اطلاع کے اس کے تمام بینک اکاؤنٹس منجمد کر دیے گئے۔ اس رپورٹ میں ایمنسٹی نے بتایا کہ زمین پر کام کرنے کی اجازت نہ دینے کی وجہ سے اس رپورٹ کو تیار کرنے کے لیے ان کو مختلف افراد سے انٹرویو کا سہارا لینا پڑا۔

انٹرویو دینے والوں نے تنظیم کو بتایا کہ ان کے نام ظاہر ہونے کی صورت میں ان کو اور ان کے رشتہ داروں کو انتقامی کارروائی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ کئی صحافیوں نے ایمنسٹی کے اہلکاروں سے بات کرنے سے ہی انکار کردیا۔ ایمنسٹی انٹرنیشنل نے 22 اگست 2022 کو ہندوستانی حکومت کو اس صورت حال کے حوالے سے  خط لکھا، مگر رپورٹ کی اشاعت تک کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔

 رپورٹ میں جمع کیے گئے اعداد و شمار کے مطابق، 5 اگست 2019 سے جموں و کشمیر میں کم از کم 27 صحافیوں کو ہندوستانی حکام نے گرفتار اور نظر بند کیا ہے۔پریس کونسل آف انڈیا نے اپنی فیکٹ فائنڈنگ رپورٹ میں بتایا ہے کہ 2016 سے اب تک اس خطے میں کم از کم 49 صحافیوں کو گرفتار کیا گیا ہے جن میں سے آٹھ کو غیر قانونی سرگرمیاں (روک تھام) ایکٹ (یو اے پی اے) کے تحت گرفتار کیا گیا ہے۔

اسی طرح حکومتی یا گودی میڈیا نے 11صحافیوں کو کٹہرے میں کھڑا کرکے ان کی طرف سے حکومت سے جوابدہی کا مطالبہ کرنے پر اس کو ریاست مخالف بیانیہ بتایا  اور ا ن پر الزام لگایا کہ ان کو پاکستان کی سرپرستی حاصل ہے۔

جولائی 2020 میں، سیکورٹی اہلکاروں نے کشمیر کے ضلع شوپیاں میں تین افراد کو ‘دہشت گرد’ ہونے کا دعویٰ کرتے ہوئے ہلاک کیا۔ تین افراد نے گمشدگی کی شکایت درج کرائی۔ جس کے بعد  فوج نے  انکوائری کا حکم دیا اور پایا کہ مسلح افواج کے ارکان نے اختیارات سے تجاوز کیا تھا۔  مگر بجائے عدالت کے ان پر فوجی عدالت میں مقدمہ چلایا جا رہا ہے۔

فوجی عدالتیں اپنی اہلیت کی وجہ سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر مقدمہ چلانے کے لیے غیر موزوں ہوتی ہیں۔ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے مبینہ مجرموں، خاص طور پر حراستی تشدد اور ماورائے عدالت ہلاکتوں کے  ملزمین کو قانونی چارہ جوئی اور جوابدہی سے بچانے کے لیے سکیورٹی اہلکاروں کے کیسز فوجی عدالتوں میں چلائے جاتے ہیں۔

ایمنسٹی کا کہنا ہے کہ اگست 2019 تک، جموں و کشمیر کا اپنا ریاستی انسانی حقوق کمیشن تھا۔یہ ان سات مختلف خود مختار  کمیشنوں میں شامل تھا جن کو ختم کر دیا گیا۔ایمنسٹی انٹرنیشنل سے بات کرتے ہوئے، ریاستی انسانی حقوق کمیشن کے سابق سربراہ جسٹس بلال نازکی نے کہا، جس وقت اس ادراے کو تحلیل کیا گیا، اس وقت اس میں آٹھ ہزار سے زیادہ زیر التوا مقدمات تھے۔

دوسری طرف ہندوستان کی سپریم کورٹ نے آرٹیکل 370 کی منسوخی کو چیلنج کرنے والی درخواستوں کی تین سالوں سے سماعت نہیں کی۔ ایک وکیل نے تنظیم کو بتایا کہ عدالتیں مناسب وجوہات بتائے بغیر مقدمات کی سماعت میں تاخیر کرتی ہیں۔اس خطے میں،   جموں و کشمیر رائٹ ٹو انفارمیشن ایکٹ موجود تھا جس کی جگہ نیشنل رائٹ ٹو انفارمیشن ایکٹ نے لے لی۔ مگر، مرکزی حق اطلاعات ایکٹ کو برسوں کے دوران مسلسل کمزور کیا گیا ہے۔

ایمنسٹی انٹرنیشنل نے ہندوستانی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ انتظامی حراست اور دیگر جابرانہ قوانین کے تحت من مانی طور پر حراست میں لیے گئے افراد کو فوری طور پر رہا کرے اور اس بات کو یقینی بنائے کہ ان کے خلاف باقاعدہ عدالت میں فوری اور منصفانہ مقدمہ چلایا جائے۔

اس کے علاوہ حکومت کو فیصلہ سازی کے عمل میں جموں و کشمیر کے لوگوں کی نمائندگی اور شرکت بڑھانے کے لیے بھی اقدامات کرنے چاہیے۔ غیر قانونی نگرانی کے اقدامات، من مانی حراست، اور آزادی اظہار پر پابندیاں لگانے  اور اس کے ساتھ ساتھ اپنے اقدامات کو چھپانے کی حکومت کی کوششیں جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کے بین الاقوامی قانون کی صریح خلاف ورزی ہے۔