نوئیڈا پولیس نے عوامی مقامات پر جانے والے لوگوں کے لیے ماسک پہننا اور اسما رٹ فون میں آروگیہ سیتو ایپ انسٹال کرنا لازمی کیا ہے۔ اس کے علاوہ پولیس نے عوامی مقامات پر تھوکنے پر بھی پابندی لگائی ہے۔
نئی دہلی: نوئیڈا پولیس نے ایک آرڈر جاری کرکے کہا ہے کہ نوئیڈا اور گریٹر نوئیڈا میں عوامی مقامات پر نکلنے والے لوگوں کا آروگیہ سیتو ایپ کو انسٹال نہ کرنا ایک قابل سزاجرم مانا جائےگا اور اس کے لیے لاک ڈاؤن کے ضابطوں کی خلاف ورزی کے تحت کارروائی کی جائےگی۔
خبررساں ایجنسی پی ٹی آئی کے مطابق، گوتم بدھ نگر کے ایڈیشنل ڈی ایس پی(نظم ونسق)اکھلیش کمار کے دستخط والا یہ آرڈر3 مئی کو جاری کیا گیا ہے۔ بتا دیں کہ، نوئیڈا پولیس نے ضلع میں دفعہ 144 کو 17 مئی تک کے لیے بڑھا دیا ہے۔اس میں لکھا ہے عوامی مقامات پر آنے والے ہر شہری کے لیے اپنے اسمارٹ فون میں آروگیہ سیتو ایپ ڈاؤن لوڈ کرنا لازمی ہے۔ اگر اسمارٹ فون صارف عوامی مقامات پر جاتے ہیں اور ان کے فون میں آروگیہ سیتو ایپ ڈاؤن لوڈ نہیں پایا جاتا ہے تو اس کو لاک ڈاؤن کے ضابطوں کی خلاف ورزی کے تحت ایک قابل سزا جرم مانا جائےگا۔
نوئیڈا پولیس نے عوامی مقامات پر جانے والے لوگوں کے لیے ماسک پہننا اور اسمارٹ فون میں آروگیہ سیتو ایپ انسٹال کرنا لازمی کیا ہے۔ اس کے علاوہ پولیس نے عوامی مقامات پر تھوکنے پر بھی پابندی لگائی ہے۔ذرائع کے مطابق پولیس اہلکار عوامی مقامات پر اچانک لوگوں کے اسمارٹ فون چیک کریں گے اور یہ دیکھیں گے کہ انہوں نے آروگیہ سیتو ایپ ڈاؤن لوڈ کیا ہے یا نہیں۔
حالانکہ آرڈرمیں یہ صاف نہیں کیا گیا ہے کہ جن کے پاس اسما رٹ فون نہیں ہیں، ان کے خلاف کیا کارروائی ہوگی۔نوئیڈا پولیس افسروں کے مطابق، ان لوگوں کو جو اسمارٹ فون میں بنا ایپ کے پکڑے جا ئیں گے انہیں آئی پی سی کی دفعہ 188 کے تحت 1000 روپے کا جرمانہ یا 6 ماہ تک کی جیل ہو سکتی ہے۔
انڈین ایکسپریس کے مطابق، اکھلیش کمار نے کہا، اس کے بعد ایک جوڈیشیل مجسٹریٹ یہ طے کرےگا کہ ملزم پر مقدمہ چلےگا، جرمانہ لگایا جائےگا یا وارننگ دےکر چھوڑ دیا جائےگا۔کمار نے کہا، اگر کوئی شخص فوری طور پر ڈاؤن لوڈ کر لیتا ہے تو ہم اس کو جانے دیں گے۔ ہم ایسا اس لیے کر رہے ہیں تاکہ لوگ آرڈر کو سنجیدگی سےلیں اور اس کو ڈاؤن لوڈ کریں۔ لیکن اگر وہ لگاتار وارننگ کے بعد بھی ڈاؤن لوڈ نہیں کرتے ہیں تو ہمیں کارروائی کرنی پڑےگی۔
وہیں، کسی کے پاس موبائل ڈیٹا نہ ہونے کی صورت میں انہوں نے کہا کہ ہم انہیں ڈاؤن لوڈ کرنے کے لیے ہاٹ اسپاٹ دیں گے۔یہ ایپ 12 ہندوستانی زبانوں میں دستیاب ہے اور اس میں صارف کو اپنی نجی جانکاری دینی ہوتی ہے۔ اس میں حالیہ سفر کے بارے میں پوچھا جاتا ہے۔ اس کے علاوہ اس میں صارف سے وائرس کے آثارجیسے بخار، کھانسی، زکام اور سانس لینے میں پریشانی جیسے سوال بھی پوچھے جاتے ہیں۔
ساری تفصیلات دستیاب کرانے کے بعد ایپ صارف کے ذریعےدیے گئے جوابوں کا تجزیہ کرتا ہے اور صحت کے متعلق بتاتا ہے۔