سلنڈر پھٹنے سے ہوئے اس واقعہ میں 16 لوگ زخمی ہوئے ہیں، جن کو ہاسپٹل میں داخل کرایا گیا ہے۔ کئی اور لوگوں کے ملبے میں دبے ہونے کا اندیشہ ہے۔
نئی دہلی: اتر پردیش کے مئوضلع میں سوموار کی صبح ہوئے سلنڈر دھماکے میں دو منزلہ عمارت منہدم ہونے سے 12 لوگوں کی موت ہو گئی جبکہ 16 زخمی ہو گئے۔ مقامی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ کئی لوگوں کے ملبے میں دبے ہونے کا خدشہ ہے۔ ملبے میں پانچ سال کا بچہ بھی دبا ہوا ہے۔ اعظم گڑھ کے ڈی آئی جی منوج تیواری نے کہا، ‘ ایک بچہ لاپتہ ہے اور ہم اس کا پتہ لگانے کے لئے بچاؤ مہم چلا رہے ہیں۔ بچاؤ مہم میں مدد کے لئے این ڈی آر ایف کی ٹیم موقع پر پہنچنے والی ہے۔ پولیس کی کئی ٹیمیں یہاں ہیں اور بچاؤ مہم میں لگی ہوئی ہیں۔ ‘
7 dead and 15 injured after a two-storey building collapsed following a cylinder blast at a home in Mohammadabad, Mau. Several feared trapped. More details awaited. pic.twitter.com/cFr7Q0pEr4
— ANI UP (@ANINewsUP) October 14, 2019
ایڈیشنل چیف سکریٹری اونیش اوستھی نے بتایا کہ ابھی تک ضلع افسر سے حاصل جانکاری کے مطابق، دھماکے میں کم سے کم 10 لوگوں کی جان چلی گئی۔ وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے مئو ضلع میں سلنڈر پھٹنے سے لوگوں کی جان جانے پر شدید غم کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے ضلع انتظامیہ کے افسروں کو زخمیوں کے علاج کا مناسب انتظام کرنے اور متاثرین کو ہر ممکن مدد اور راحت پہنچانے کی ہدایت دی ہیں۔ مئو کے ڈی ایم گیان پرکاش ترپاٹھی کے مطابق، کھانا پکاتے وقت ہوئے اس دھماکے میں تقریباً 15 لوگ زخمی ہوئے ہیں جن کا علاج چل رہا ہے۔
دھماکہ اتنا خوفناک تھا کہ آس پاس کے مکانوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ راحت اور بچاؤ کام جاری ہے۔ سرکاری پریس ریلیز کے مطابق، ‘ اتر پردیش کے وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے مئوکے والدپور میں گھر میں ہوئے دھماکے کا نوٹس لیا، جس میں 10 لوگوں کی موت ہو گئی تھی۔ انہوں نے مرنے والوں کی فیملی کے متعلق ہمدردی کا اظہار کیا اور زخمیوں کو فوراً ہر ممکن مدد مہیا کرانے کے لئے ڈی ایم، ایس پی اور تمام افسروں کو ہدایت دی۔
د ی ٹربیون کی رپورٹ کے مطابق، بچاؤ مہم میں فائر بریگیڈ اور مقامی پولیس لگی ہوئی ہے لیکن ساتھ میں مدد کے لئے این ڈی آر ایف کی ایک ٹیم کو بھی بلایا گیا ہے۔ چشم دید گواہ کے مطابق، دھماکے کے بعد کچھ ہی لمحوں میں عمارت تاش کے پتوں کی طرح ڈھیر ہو گئی۔ ملبے میں دبے لوگوں کو نکالنے کے لئے جے سی بی مشینیں ملبا ہٹانے میں لگی ہوئی ہیں۔ ڈی ایم ترپاٹھی اور سینئر پولیس سپرنٹنڈنٹ انوراگ آریہ اس بچاؤ مہم کا معائنہ کر رہے ہیں۔
(خبر رساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)