سبری مالا مندر میں خواتین کے داخلے کو لے کر سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد کنک درگا اور بندو امنی نے 2 جنوری کو مندر میں داخل ہو کر پوجا کی تھی۔
کنک درگا اور بندو/ فوٹو: پی ٹی آئی
نئی دہلی: سبری مالا مندر میں داخل ہونے والی دو عورتوں میں سے ایک کنک درگا نے اپنے سسرال والوں کے خلاف گھریلو تشدد کی شکایت درج کرائی ہے۔ کنک درگا کا الزام ہے کہ 2 جنوری کو سبری مالا مندر میں داخل ہونے کے بعد گھر لوٹنے پر اس کے ساتھ شوہر کے گھر والوں نے مار پیٹ کی۔ معلوم ہو کہ 2 جنوری کو کنک درگا اور ایک دوسری خاتون بندو امنی نے کیرل کے سبری مالا مندر میں داخل ہو کر صدیوں پرانی روایت کو توڑ دیا، جہاں عورتوں کا مندر میں داخل ہونا منع ہے۔
انڈین ایکسپریس کی خبر کے مطابق؛ کنک درگا کے ذریعے ملپپورم ضلع کے پیرنتھلمنا پولیس اسٹیشن میں درج شکایت میں کہا گیا ہے کہ جب وہ منگل کی صبح لوٹی تو ان کی ساس نے ان کو چھڑی سے پیٹا۔ آئی پی سی کی دفعہ 341 اور 324کے تحت معاملہ درج کیا گیا ہے۔ پولیس افسر نے کہا کہ انھوں نے شکایت میں صرف اپنی ساس کا نام لیا ہے۔افسر نے بتایا کہ کنک درگا کو پیرنتھلمنا کے سرکاری اسپتال میں بھرتی کرایا گیا تھا۔ وہ اب ٹھیک ہیں ۔
ساتھ ہی کچھ رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ کنک درگا کے ذریعے مار پیٹ کیے جانے کے بعد ان کی ساس کو اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔ لیکن پولیس افسر نے اس کی تصدیق نہیں کی۔ کنک درگا اور بندو امنی دونوں گزشتہ دو ہفتے سے رائٹ ونگ کے لوگوں کے حملے کے ڈر سے ایک جگہ سے دوسری جگہ پر رہ رہی تھیں ، کیونکہ دونوں نے سبری مالا مندر میں پوجا کی تھی۔
دونوں خواتین منگل کو ہی اپنے گھر لوٹ کر آئی ہیں۔ کنک درگا کی فیملی کا کہنا ہے کہ انھوں نے مندر میں داخل ہونے کی منظوری نہیں دی کیونکہ یہ مندر کی روایات کے حق میں نہیں ہے۔غور طلب ہے کہ مندر میں داخل ہونے کے بعد کنک درگا کی فیملی کو پولیس کے ذریعے ایک محفوظ جگہ پر منتقل کر دیا گیا تھا۔
The post
سبری مالا مندر: خاتون کا الزام، مندر میں داخل ہونے کی وجہ سے ساس نے کی مار پیٹ appeared first on
The Wire - Urdu.